Print this page

بانی امام خمینیؒ فاؤنڈیشن پاکستان امیر علی شاہ کے انتقال پر ایم ڈبلیوایم قائدین کا اظہار افسوس و تعزیت

02 مئی 2025

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ،وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید اسدعباس نقوی ، صوبائی صدر پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی ودیگر قائدین نے امام خمینیؒ فاؤنڈیشن پاکستان کے بانی سید امیر علی شاہ کے انتقال پر دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

ایم ڈبلیوایم قائدین نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ لاہور شہر کی فضا آج ایک محبِ اہل بیت، ایک دردمند دل اور ایک بےلوث خدمت گزار کی جدائی پر سوگوار ہے۔ جناب امیر علی شاہ کی وفات حسرت آیات کی اندوہناک خبر نے دلوں کو غم زدہ کر دیا ہے۔مرحوم ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے جن کی دینی بصیرت، سیاسی شعور، سماجی وابستگی اور عزاداری سے والہانہ لگاؤ ہر محفل کا مرکزِ نگاہ تھا۔وہ اخلاص، محبت، انکساری اور خدمت کے پیکر تھے۔ ان کی شرکت مجالسِ عزاء کی رونق اور جلوس ہائے عزاء کی روح ہوا کرتی تھی۔مرحوم کو حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی فکر و فلسفہ سے گہرا عشق تھا۔ مرحوم امام خمینی فاونڈیشن پاکستان کے بانی تھے۔ انہی افکار کی روشنی میں وہ ملتِ جعفریہ کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر صفِ اول میں نظر آتے۔خواہ کوئٹہ ہو یا پاراچنار، گلگت ہو یا بلتستان، یا مظلومینِ عالم کی حمایت میں جناب امیر علی شاہ ہر احتجاج کو اپنی دینی و اخلاقی ذمہ داری جان کر شریک ہوتے اور اپنے کردار سے حق کا علم بلند رکھتے۔اگرچہ آج وہ ہمارے درمیان نہیں، مگر ان کی نرم گفتاری، روشن خیالی اور پُرخلوص خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قائدین نے کہا ہے کہ جناب امیر علی شاہ کے انتقال پر مرحوم کے خانوادہ گرامی کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں، مرحوم امام خمینی فاونڈیشن پاکستان کے بانی تھے۔ وہ ملتِ جعفریہ کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر صفِ اول میں نظر آتےتھے ۔دینی بصیرت، سیاسی شعور،  اخلاص، محبت، انکساری اور خدمت کے پیکر سماجی وابستگی اور عزاداری سے والہانہ لگاؤ ہر محفل کا مرکزِ نگاہ تھے ۔خدا وند متعال سے دعاگو ہیں کہ صدقہ چہاردہ معصومین علیہم السلام مرحوم کی مغفرت و درجات بلند فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین یااللہ

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree