وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ، مسعود الرحمان، محبوب ولی اور شبیر مایار کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ اقدام نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کے جائز آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔حکومت گلگت بلتستان آئے روز جبر و استبداد کے ذریعے عوام کی نمائندہ آوازوں کو دبانا چاہتی ہے، مگر تاریخ گواہ ہے کہ جب جب ظالم نے زبان بندی کی کوشش کی، تحریکیں اور بھی مضبوط ہوئیں۔
ہم حکومت کو واضح الفاظ میں بتا دینا چاہتے ہیں کہ عوامی نمائندوں کی گرفتاریوں اور غیر آئینی ہتھکنڈے عوام کے جذبے کو دبا نہیں سکتے۔میں عوامی ایکشن کمیٹی کی پرامن جدوجہد اور اس کے رہنماؤں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے بے باک آواز بلند کی اور ریاستی جبر کے آگے سر نہیں جھکایا۔ یہ گرفتاریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک حق اور سچ پر مبنی ہے، اور یہی سچ ظالم حکمرانوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔میں مطالبہ کرتا ہوں کہ گرفتار رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے اور عوام کے آئینی و بنیادی حقوق کا احترام کیا جائے۔ بصورت دیگر عوامی مزاحمت کی لہر اب ناقابلِ روک تھام ہوگی۔