
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد،راولپنڈی و تحریک حسینی پارہ چنار کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کا آغاز پریس کلب سے ہوا، احتجاجی ریلی چائینہ چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔احتجاجی ریلی کی قیادت علمائے مجلس شیعہ پاکستان کے رہنما علامہ اصغر عسکری، بزرگ عالم دین علامہ باقری،علامہ سید اعوان علی صدر مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی ، سید ظہیر عباس نقوی، اسداللہ چیمہ ضلعی صدر اسلام آباد اور انجمن حسینہ پارہ چنار کے زین عباس، ممبر صوبائی اسمبلی پارہ چنار سید اقبال میاں اور آغا جان محمد حیدری نے کی۔
شرکاء ریلی سے ایم ڈبلیو ایم سیاسی ونگ کے رہنما سید ظہیر عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ارباب اختیار کو یہ بات باور کروانا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی جزباتی یا اضطراری واقعہ نہیں بلکہ ایک منظم اور سوچی سمجھی کاروائی ہے۔کرم ایجنسی پارہ چنار کے عوام امن و امان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے اساتذہ کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں۔ اب تک واقعے میں ملوث دہشت گردوں کا گرفتار نہ کیا جانا انتہائی شرمناک ہے۔ دن دیہاڑے آٹھ بے گناہ اساتذہ کا بے دردی سے قتل کر دیا جانا انتہائی افسوس ناک ہے۔چن چن کر اساتذہ کو قتل کیا گیا لیکن حکومتی سطح پر اسے زمینی تنازعہ قرار دینا شرمناک ہے۔شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی پارہ چنار سید اقبال میاں نے کہا کہ اس سفاکیت میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔پارہ چنار کے محب وطن پاکستانی شہریوں کا آئے روز قتل اور محاصرے ناقابل برداشت ہیں۔ر
یلی سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ گل زہرا رضوی نے کہا کہ ہمارے ہر شہر میں شہداء سے قبرستان بھر چکے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تین دہائیوں سے صرف روائتی بیان دیئے جاتے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان، پارہ چنار، کراچی اور کوئٹہ کے قتل میں ملوث کسی بھی دہشت گرد کو آج تک گرفتار نہیں کیا گیا۔یہ فرقہ وارانہ لڑائی نہیں ہے بلکہ شیعہ نسل کشی کی باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے۔مقتدر قوتوں کو اپنا رویہ اور بیانیہ تبدیل کرنا ہو گا اب یہ مکروہ کھیل نہیں چلےگا۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پارہ چنار سے تعلق رکھنے والے زین عباس نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ تری مینگل ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر ، سیکورٹی پرسنز اور درجہ چہارم ملازمین کو بھی فوری گرفتار کیا جائے تاکہ اصل مجرم تک پہچا جا سکے۔ واقعے کو شاملاتی زمینی تنازعہ سے جوڑنا سراسر غلط ہے۔ مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی شعبہ خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے خواہر عاطفہ سجاد نے کہا کہ یہاں پر آپ کا موجود ہونا اس بات کا اظہار ہے کہ آپ ایک بیدار قوم ہیں۔یہ احتجاج ان مظلوموں کے لیے ہے جن کو علم کا نور بانٹتے ہوئے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور)سانحہ پارا چنار اساتذہ کے بہمانہ قتل عام کیخلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام ملک بھر کی طرح لاہور پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے دہشتگردی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے علامہ سید حسن رضا ہمدانی، نقی مہدی، نجم خان، علامہ محمد خان اور آفتاب ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کی باشعور اور غیور قوم نے وطن پرستی کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا، ہم عرصہ دراز سے مقتدر حلقوں کو متوجہ کرتے رہے کہ پارا چنار میں دشمن ناامنی چاہتا ہے، لیکن کسی نے کان نہیں دھرے، پارا چنار میں شیعہ سنی پُرامن زندگی گزار رہے ہیں، پارا چنار کے شیعہ سنی زمینی تنازعات کو محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں، لیکن بعض نامرئی طاقتیں یہان امن نہیں چاہتیں۔
انہوں نے کہا کہ معلم جو علم کا نور پھیلانے اور جہالت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، انہیں انتہائی انسانیت سوز طریقے سے شہید کیا گیا۔ اس واقعہ کا مقصد پارا چنار کے لوگوں کو مشتعل کرکے علاقے کو جنگ میں دھکیلنا ہے، واقعے میں ملوث قاتلوں کا نہ پکڑا جانا تشویشناک ہے۔ کچھ نامرئی طاقتیں پورے ملک کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ کے پی کے بعض حکام نے کہا یہ زمین کا تنازعہ تھا جبکہ ایسا نہیں شیعہ سنی وہاں ملکر کر رہتے ہیں۔ یہ نامرئی طاقتوں کی کارروائی ہے، امن کے ذمہ دار سیاستدانوں کو اٹھانے اور ان کے کپڑے اتارنے میں مصروف ہیں اور امن کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ فرقہ واریت پھیلانے والوں کو اس خطے میں نفرت پھیلانے کے لیے گراونڈ فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مظلوموں کیساتھ کھڑے ہیں اور پوری پاکستانی قوم سے کہتے ہین ان مظلوموں کی حمایت میں نکلیں۔ ہم ملک میں امن و امان اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ یہ ملک سنی شیعہ غیر مسلم سب کا وطن ہے۔ یہاں سب کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔ ہم قاتلوں کی گرفتاری اور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس وطن میں کتنے باوفا شہری مسنگ ہیں وہ نہیں بھاگ سکتے، لیکن احسان اللہ احسان جیسے قاتلوں کو بھاگنے کی اجازت ہے۔ ملک میں کسی کی جان محفوظ ہے نہ مال محفوظ ہے۔ ملک کو لاقانونیت سے نکالنے اور آئین کی سربلندی اور قانون پر عملداری کیلئے ہمیں اکٹھا ہونا ہوگا۔ اس ملک کے بے گناہ شہریوں کو وطن سے وفا کی سزا کیوں دی جا رہی ہے۔ اگر قوم چپ رہی تو لاشیں گرتی رہیں گی۔ لاشیں اُٹھانے کی بجائے آواز اٹھائیں تاکہ یہ سلسلہ رک سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم شیعہ سنی اکھٹے ہیں ہم کسی کو نفرت نہیں پھیلانے دیں گے۔ اس ملک میں جو سنی شہید ہے وہ بھی ہمارا بھائی ہے، شیعہ ہمارا بھائی ہے حتی غیر مسلم جو وطن کی خاطر شہید ہوا وہ بھی ہمارا بھائی ہے۔ ہم شیعہ سنی کے درمیاں جنگ نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نامرئی طاقتوں کو ناکام کریں گے۔ ہم اپنے حقوق کی جنگ شیعہ بن کر نہیں پاکستانی بن کر لڑیں گے، ان شہیدوں کے پاکیزہ خون سے دشمن ناکام ہو گا، دشمن خدا کے قہر و غضب اور عوام کے قہر و غضب کا شکار ہو گا، ہم اپنے سنی شہید بھائی اور شیعہ اساتذہ و مزدوروں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جب سے بعض حلقوں نے امریکہ کے مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی ہمارا ملک ناامنی کا شکار ہوتا گیا۔ شہید ہونیوالے اساتذہ نے متعلقہ سکیورٹی حکام کو خطرات سے آگاہ کیا اور سکیورٹی مانگی تھی، لیکن نہیں دی گئی۔ سکیورٹی اداروں کا ان اساتذہ کو سکورٹی نہ دینا شدید غفلت ہے، جس کیوجہ سے یہ المناک سانحہ پیش آیا۔
وحدت نیوز(بولان)مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کی طرف سے مرکزی امام بارگاھ ڈھاڈر میں کتاب" ہمارے آئمہ اور سیاسی جدوجہد" سے سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا ۔اسٹڈی سرکل میں مجلس علماء شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ زوالفقار علی سعیدی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا ۔اسٹڈی سرکل میں MWM ضلع بولان کے نائب صدر سید مشتاق حسین دوپاسی , جنرل سیکریٹری قاضی جمیل احمد , سید شہزاد شاہ دوپاسی , برادر امجدعلی ترک , برادر ظہور احمد اور دیگر مومنین نے شرکت کی ۔
اس موقعہ پر مجلس علماء شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ زوالفقار علی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئمہ اطہار ع کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ہم آئمہ اطہار کہ سیرت پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت میں کامیاب و کامران ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رسول خدا ص کی رحلت عظمی کے بعد آئمہ اطہار ع دین اسلام کی تبلیغ و ترویج اور لوگوں کے مسائل کےحل کےلئے کوشاں رہےاور یہ فریضہ اجتماعی امور اور سیاست عصر سے لاتعلق رہ کر ادا نہیں ہوسکتا۔اسلئے تمام آئمہ لوگوں کے اجتماعی اور سیاسی امور میں بھی حصہ لیتے تھے۔
وحدت نیوز(جھل مگسی)مجلس وحدت مسلمین ضلع جھل مگسی کی طرف سے مسجد اقصی میں کتاب" ہمارے آئمہ اور سیاسی جدوجہد" سے سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا ۔اسٹڈی سرکل میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا ۔اسٹڈی سرکل میں MWM ضلع جھل مگسی کے صدر گہنور خان المعروف نجف علی , نائب صدر سید عنایت شاہ بخاری ,سینئر نائب صدر حبیب اللہ یوتھ کے ڈویژنل صدر سید وفا عباس بخاری اور مومنین نے شرکت کی ۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے صدر علامہ آغا سید علی رضوی کے بہنوئی کی وفات پر مجلس علماء شیعہ پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ عبداللہ مطہری نےوفد کے ہمراہ تعزیت کی ، انہوں نے کہاکہ شیخ محمد طہ کی وفات پر بہت دکھ ہوا خدا وند متعال سے دعا ہے کہ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے صدر علامہ آغا سید علی رضوی کے بہنوئی کی وفات پر مجلس علماء شیعہ پاکستان صوبہ سندھ کا صدر علامہ عبداللہ مطھری وفد کے ہمراہ، تعزیت کے لئے پہنچے مرحوم کے درجات بلند کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اس موقع پر مجلس علماء شیعہ سندھ کے صدر علامہ عبداللہ مطھری نے آغا علی رضوی کے بہنوئی کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آغا آپ کے بہنوئی کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا آپ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت رکھتے ہیں جبکہ اس موقع پر صوبائی نائب صدر شیخ محمد اسحاق قرائتی، مولانا غلام رضا کھوھارو، عمران علی دستی، مولانا نثار علی سمائر، وحدت یوتھ ونگ ڈویژن لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری مستنصر مہدی ابڑو بھی ہمراہ تھے۔
وحدت نیوز(لندن)مجلس وحدت مسلمین یو کے یورپ نے موجودہ حالات کے پیش نظر ایک ویبینار کانفرنس منعقد کی جس میں پاراچنار میں ہونے والے دلخراش سانحہ اور دہشت گردی پہ سخت غم و غصہ کا اظہار کیا گیا-اس انلائن کانفرنس میں حجت الاسلام مولانا رضا حیدر رضوی نے تربیت و تزکیہ نفس کی اہمیت پہ زور دیتے ہوئے فرمایا کہ آج یہ جو خود ساختہ دہشت گردی ہم دیکھ رہے ہیں یہ انسانی اقدار کے پامال ہونے کی ایک بہت بھیانک مثال ہے-
اس کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری جناب ناصر عباس شیرازی نے موجودہ قومی سانحہ کو پاکستان کی تاریخ کا بد ترین سانحہ قرار دیا اور فرمایا کہ یہ تمام واقعات حقیقت میں ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت ہو رہے ہیں- پاراچنار میں شیعہ اساتذہ کا قتل عام ہماری موجودہ حکومت کے چہرے پہ بد نما داغ ہے-جو قوتیں ملک میں جمہوریت کو پنپتے نہیں دیکھنا چاہتی اور ملکی اقتدار کو طول دینے کےلئے ایسے درندہ صفت سیاہ کارنامے انجام دے رہے ہیں-لیکن پاکستانی قوم و ملت ان کے ہر نقشے اور منصوبے کو بخوبی سمجھ چکی ہے اور ملت بیدار ہے - کانفرنس کا اختتام ایم ڈبلیو ایم یوکے کے مسئول جناب حجت الاسلام ابرار حسین الحسینی نے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا کے ساتھ کیا اور کہا ہم پاراچنار کے مظلوموں کیساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ان کی حمایت میں اور ظالمین کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔