گلگت ( ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل) گلگت بلتستان کی جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی انسانی ضروریات کی عدم فراہمی سے اکثر قیدی جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ صوبائی حکومت قیدیوں کو علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچانے میں سنجیدہ نہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری امورسیاسیات غلام عباس نے کہا ہے کہ اگر کوئی قیدی صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے نتیجے میں اپنی جان گنوا بیٹھے تو صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیگی۔جیل حکام کی مجرمانہ غفلتوں کے باعث گلگت جیل میں گزشتہ دنوں ایک قیدی زندگی کی بازی ہار گیاہے اور کئی ایک قیدی جان لیوا بیماریوں کے شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قیدیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے اور پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا مریض قیدیوں کی ہنگامی بنیادوں پر علاج کا بندوبست کیا جائے۔مریض قیدیوں کے علاج معالجے کے متعلق جیل حکام کا کہنا ہے کہ مطلوبہ فنڈز کی کمی کے باعث وہ قیدیوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہیں،صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جیل حکام کو مطلوبہ فنڈر کی فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا گیا ہے ،یہاں کی جیلوں میں نہ تو حفظان صحت کا کوئی خیال کیا جاتا اور نہ ہی غذا کا کوئی مناسب انتظام موجود ہے جبکہ ایک ہی بارک میں ضرورت سے زیادہ قیدیوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی جیلوں میں قیدیوں کو وہ تمام مراعات دئیے جائیں جو ملک کے دیگر جیلوں کے قیدیوں کو حاصل ہیں۔قانون کی نظر میں امیر اور غریب سب برابر ہیں لیکن امیروں کوجیل میں بھی وی آئی پی پروٹول کے ساتھ رکھا جاتا ہے اور غریب اور بے سہارا قیدیوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک روا رکھا جارہا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کی کہ وہ جیلوں کی حالت زار کو بہتر بنانے میں اپنی ذمہ ادا کریں اور ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں تمام قیدیوں کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے اور پیچیدہ بیماریوں کے شکار مریضوں کو فوری طور پر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
وحدت نیوز (کوٹلی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،شعبہ خواتین کشمیر ضلع کوٹلی میں حضرت فاطمہ(س) کے نام کے عنوان سے مجلس عزاء منعقد کی گئی جس میں ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکز ی کوآرڈینیشن کمیٹی کی رکن خواہر نرجس نے شرکت کی اور خطاب کیا ۔مجلس کے بعد ایک تنظیمی اجلاس بھی ہوا جس میں خواہر نازیہ نقوی کو ضلعی کوآرڈینیٹرایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین منتخب کیا گیا۔
وحدت نیوز (کراچی) کراچی پر حق حکمرانی کی جنگ کے باعث شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیاہے، موسم گرما کی آمد سے قبل ہی بجلی لوڈشیڈنگ کے اوقات میں اضافہ عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے کی کوشش ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مبشر حسن نے وحدت ہاؤس میں گلستان سوسائٹی کے معززین سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ گلستان سوسائٹی کے وفد کی قیادت عرفان حیدرنے کی جبکہ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما عباس اشرف، جعفر زیدی، حیدر عباس عابدی بھی موجود تھے۔ علامہ مبشر حسن نے علاقہ مکینوں کے مسائل کو بغور سنا اور علاقے کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پر حق حکمرانی کی جنگ کے باعث شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیاہے، جو کام حکومت کا ہے وہ سیاسی جماعتیں ادا کرررہی ہیں، کراچی کو صاف رکھنا جہاں سندھ حکومت کا کام ہے وہیں شہریوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ کراچی کو ہر قسم کے کچرے سے صاف کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ علامہ مبشر حسن نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو لوڈ شیڈنگ کی اذیت دیکر کے الیکٹرک انتظامیہ جہنم خرید رہی ہے، کے الیکٹرک انتظامیہ شہر کراچی کے باسیوں کو ذہنی مریض بنانے پر تلی ہوئی ہے،مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ،طویل اور بلاجواز بجلی بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے، موسم گرما کی آمد سے قبل ہی بجلی لوڈشیڈنگ کے اوقات میں اضافہ عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے کی کوشش ہے،قانون نافذ کرنے والے ادارے کے الیکٹرک انتظامیہ کی عوام دشمنی کا نوٹس لیں۔
وحدت نیوز (ہری پور) ہری پور ہزارہ میں ملک بھر کی طرح ایام فاطمیہ کی مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ ہزارہ ڈویژن کے ضلع ہری پور میں درجنوں مقامات پر علمائے کرام نے سیرت سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا پر روشنی ڈالتے ہوئے شہادت کی مجالس سے خطاب کیا۔ مردانہ مجالس کے ساتھ ساتھ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے تحت زنانہ مجالس بھی زور و شور سے جاری ہیں، ضلع بھر میں درجنوں عالمات نے بھی خواتین کے اجتماعات سے خطاب کیا اور خاتون جنت کی زندگی کو مشعل راہ بنانے پر زور دیا۔ دس ایام سے تین ایام تک بڑی مجالس منکرائے، مونن، نڑتوپہ، ٹھپرہ، نور کالونی، اور دیگر مقامات پر ہوئیں۔ مجالس سے سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین صوبہ خیبر پی رضیہ جعفری، خانم سیدہ سدرہ طاہرہ، مسز روبینہ واجد علی شاہ اور مسز تصور نقوی نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیرکے سیکریٹری جنرل سید احسن عباس رضوی نے کہاہے کہ علاقےمیں ترقیاتی کاموں کی تکمیل خوش آئند اقدام ہے، سابق وزیر بلدیات سید ناصرحسین شاہ نے اپناوعدہ پورا کیا، مجلس وحدت مسلمین جعفرطیارسوسائٹی میں محرم پیکج کے تحت سڑکوں کی تعمیر، استر کاری اور سیوریج لائنوں کی تنصیب اور بحالی پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مشکورہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکریٹریٹ میں اراکین ضلعی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ عوامی مشکلات اور پریشانیوں سے سرف نظر کرنے والی جماعتوں سے عوام منہ موڑ لیتے ہیں ، اہلیان جعفرطیار سوسائٹی نے گذشتہ دس برس انتہائی کسم پرسی کے عالم میں گذارے ہیں ، سیوریج لائنوں کی بندش اور گندے پانی کے ڈھیر نے عوام کا جینا محال کردیا تھا، جس کے باعث نہ فقط سڑکیں تباہ ہوئیں بلکہ لوگوں کی آمد ورفت میں دشواریاں پیدا ہوئیں ، گذشتہ محرم الحرام میں سابق وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کی موجودگی میں اہل علاقہ سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کے جملہ مسائل کے حل کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے دہشت گردی میں ملوث سیاسی ومذہبی جماعتوں کے سفاک مجرموں کی ضمانتوں اور رہائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ سفاک دہشت گردوں کو NROطرز کی کلین چٹ دیکر رہا کرنا قومی سلامتی کیلئے تباہ کن ہے،ہزاروں بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کو یوں آزادی دینے سے امن وامان کی صورت حال مخدوش ہونے کا خدشہ ہے،پاکستان کسی صورت اس رسک کا متحمل نہیں ہو سکتا، ایک ایک واقعے میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین ، بزرگوں ، بچوں اور جوانوں کو خاک وخون میں غلطاں کرنے والے اتنی آسانی سے کسی صورت آزاد نہیں ہونے چاہیں ، اگر ایسا ہوا تو عوام کا بچا کچا اعتبار بھی اعلیٰ عدلیہ اور پاک فوج پر سے اٹھ جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہزاروں بے گناہوں کے قتل عام میں ملوث کالعدم جماعت کا سرغنہ کس معاہدے کے تحت آزاد کیا گیا قانون نافذ کرنے والے ادارے جواب دیں ، حکمران ذاتی دوستیوں کی خاطر قومی استحکام کو دائوپر لگا رہے ہیں جس کہ اثرات انتہائی خطرناک ثابت ہوں گے، دہشت گردوں کے خلاف جاری پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ جاری رکھنا بیس کروڑعوام کے محفوظ مستقبل کیلئے ناگزیر ہے،پاک فوج کے تمام اقدامات کو عوام کی واضح اکثریت کی مکمل کی مکمل حمایت حاصل ہے، اگر سنگین جرائم میں ملوث دہشت گردوں کو ماضی کے لٹیرے سیاست دانوں کی طرح NROطرز کے معاہدے کرکے چھوڑا گیا تودو برس سے جاری آپریشن ضرب عضب، ہزاروں بے گناہوں کی قربانیاں اور عوامی حمایت سب راکھ کا ڈھیر بن جائے گی۔