دہشت گرد عناصر اسلام کا لبادہ اوڑھ کر ہمارے مذہبی تشخص کو داغدار کر رہے ہیں،علامہ علی اکبر کاظمی

18 فروری 2017

وحدت نیوز (راولپنڈی) ملک میں دہشت گردی کے مختلف واقعات اور ایم ڈبلیوایم آزادکشمیر کے رہنما سید تصور جوادی پر قاتلانہ حملے کے خلاف ایم ڈبلیو ایم نے ملک بھر میں یوم احتجاج منایا۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے زیر اہتمام لیاقت باغ تا پریس کلب ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں کے علاوہ خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ اولیا اللہ کے مزارات پر حملے کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔اسلام امن کا درس دیتا ہے،دہشت گرد عناصر اسلام کا لبادہ اوڑھ کر ہمارے مذہبی تشخص کو داغدار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا دہشت گردی کی اچانک لہرملکی سالمیت کے خلاف عالمی قوتوں کی بھیانک سازش ہے۔جس سے عدم تحفظ کے احساس کو تقویت اور عوام کے اضطراب میں اضافہ ہوا ہے۔عالمی دہشت گرد تنظیم داعش اپنی مغربی آقاؤں کے اشاروں پر عالم اسلام کے خلاف گھناونا کردار ادا کر رہی ہے۔وطن عزیز میں موجود کالعدم مذہبی جماعتیں داعش کی آلہ کار ہیں۔امن وامان کے قیام کو یقین بنانے کے لیے ان تکفیری گروہوں کو شکست دینا ہو گی۔انہوں نے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن آپریشن سے مشروط ہے ۔اس سلسلے میں پس و پیش سے انتہا پسندعناصر کی جڑیں مضبوط ہوں گی۔قومی اداروں کو دہشت گردوں کے پشت پناہوں اور ضیائی باقیات سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مظفرآباد میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما سید تصود جوادی پر قاتلانہ حملے کرنے والے مجرمان اور ڈاکٹر قاسم کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا۔مظاہرہ سے خطا ب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کی سیکرٹری جنرل سیدہ قندیل کاظمی نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی شخصیات کو فول پروف سیکورٹی حاصل ہے جبکہ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جس سے حکومت مکمل طور پر بری الذمہ دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی ریاست میں مساجد ،امام بارگاہیں ،دربار اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جانا قانون و انصاف کے اداروں کے لیے چیلنج ہے۔اچھے اور بُرے طالبان کے نام پر حکمرانوں نے من پسند انتہا پسندوں گروہوں کو تحفظ فراہم کیا جس کے نتائج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل کرتے ہوئے کالعدم مذہبی جماعتوں اور ان کے سہولت کاروں پر آہنی ہاتھ ڈالنے ہوں گے۔دہشت گردی کا خاتمہ محض بلند و بانگ دعووں سے نہیں ہو گا اس کے لیے سیاسی ضرورتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔مظاہرے سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نثار فیضی،تحریک اسلامی کے چیئرمین سلیم حیدر جعفری،عالمی تحریک پنجتن پاک ؑ کے چیئرمین پیر عظمت سلطان قادری اور مظفرآباد کے عالم دین مولانا علی رضا موسوی نے بھی خطاب کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree