وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سٹی آف نالج پبلک اسکول جیکب آباد میں سیلاب متاثرین کو انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کی جانب سے مکانات اور مساجد کی تعمیر کیلئے قسط ادا کی گئی۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب میں 11 مکانات کے تعمیر کی آخری قسط اور 21 مساجد کی تعمیر کی دوسری قسط ادا کی گئی۔ تقریب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، غلام حسین شیخ، علامہ سیف علی ڈومکی و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک اہل خیر کا تعاون قابل ستائش ہے۔ حکومت نے بلند و بالا دعوؤں اور وعدوں کے باوجود ابھی تک مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انجمن حسینیہ خواجگان نارووالی کی جانب سے بلوچستان کے متاثرہ محروم علاقوں میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی ادارے محروم علاقے میں روزگار کی فراہمی میں مدد کریں، تاکہ لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔ اس موقع پر علامہ سیف علی ڈومکی نے بھی خطاب کیا۔