وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان سیاسی اتحاد کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سطح پر یہ اتحاد پاکستان کی بہتری کا باعث بنے گا۔ وطن عزیز پاکستان کو مسائل اور مشکلات سے نکالنے کے لئے ہماری جماعت نے ہر سطح پر جدوجہد کی ہے۔ آئیندہ بھی اسی عزم کے ساتھ اپنی کاؤشیں جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔
علامہ علی حسنین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے بلوچستان میں بھی جدوجہد کی ہے۔ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھائی ہے، اور اتحاد بین المسلمین کے لئے جدوجہد کی ہے۔ ہمارے لئے یہ بات باعث مسرت ہے کہ پاکستان کے تمام بلخصوص بلوچستان کے مسائل پر آواز بلند کرنے اور جدوجہد کرنے والی جماعت کو ملکی سطح پر مثبت پہچان مل رہی ہے۔
علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ ہم روز اول سے یہی بات کر رہے ہیں کہ ہم مسلمانوں کے درمیان اتحاد چاہتے ہیں۔ اتحاد بین المسلمین کے لئے ماضی میں ہماری کوششیں نمایاں رہی ہیں۔ آج پی ٹی آئی کے ساتھ مضبوط اتحاد بھی ہماری پالیسی کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کو مسائل سے نجات دلا کر امن کا گہوارا بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر مشکل گھڑی میں تحریک انصاف کے ساتھ تھے اور آئیندہ بھی رہیں گے۔ حالیہ انتخابات میں ملک بھر میں شدید دھاندلی کے ذریعے ہمارے اوپر جعلی نمائندے مسلط کرنے کی کوشش کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف دونوں اس دھاندلی کا شکار ہوئیں ہیں۔
ایم دبلیو ایم کے صوبائی رہنماء نے مزید کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایک بہترین سیاسی بصیرت کے مالک ہیں۔ جن کی بدولت آج مجلس وحدت مسلمین ایک باوقار سیاسی جماعت بن کر قوم کے سامنے کھڑی ہے۔