وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان محسن شہریار سید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فاشسٹ بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر ڈرون حملے کھلی جارحیت اور جنگی جنون کا واضح ثبوت ہیں، جس کی مجلس وحدت مسلمین پاکستان سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ حملے پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور قومی وقار پر حملہ ہیں، جن کا فوری اور دندان شکن جواب دینا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ہم افسوس اور دکھ کے ساتھ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ جب دشمن ہمارے گھروں پر حملہ آور ہو رہا ہے، ہمارے حکومتی وزراء محض رسمی اور کمزور بیانات دے کر اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔ موجودہ مسلط شدہ نا اہل حکومت اپنی نالائقی اور بزدلانہ حکمت عملی سے قوم کے جذبات کو مجروح اور دشمن کے حوصلے بلند کر رہی ہے۔
پاکستان کی غیور قوم ایسے بے حس حکمرانوں کو مسترد کرتی ہے جو قومی غیرت اور خودداری کا سودا کرنے پر آمادہ ہیں۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کی اس بزدلانہ حرکت کا فی الفور مؤثر، منہ توڑ اور عبرتناک جواب دیا جائے، تاکہ دشمن کو معلوم ہو کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے جو اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا خوب جانتی ہے۔ اگر حکومت میں اتنی جرات اور بصیرت نہیں تو قوم دشمن سے نمٹنے کا حوصلہ اور جذبہ رکھتی ہے، اور تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنے شہداء کے خون کا حساب لیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان، پوری قوم کے جذبات کی مکمل ترجمانی کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کی فضائی و زمینی حدود کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے، دشمن کو سبق سکھایا جائے اور قوم کو ایک واضح اور جاندار مؤقف کے ساتھ متحد کیا جائے۔ یہ وقت بزدلی، مصلحت یا خاموشی کا نہیں بلکہ غیرت مند اور جرات مندانہ اقدام کا ہے۔
پاکستان زندہ باد — فاشسٹ بھارت مردہ باد