اسرائیلی فوجی بربریت عروج پر، مظلوم فلسطینیوں کی شہادتیں 500 سے تجاوز کرگئیں

21 جولائی 2014

وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) غزہ پر صیہونی حکومت کے مظالم بڑھتے جا رہے ہیں، چند گھنٹوں میں پچاس کے قریب فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ جن میں اکثر عورتیں اور بچے ہیں۔ گذشتہ روز کی بمباری کے بعد اب بھی ملبے سے لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ غزہ میں گذشتہ روز صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائی میں 120 کے قریب نہتے فلسطینی شہید ہوئے تھے۔ آج کے حملوں سے لگتا ہے کہ صیہونی ریاست اس ریکارڈ تعداد کو پار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، چند گھنٹوں میں طیاروں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولہ باری کرکے 47 افراد کو شہید کر دیا گیا ہے، ایک گھر پر حملے میں 7 بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جو تمام ایک ہی خاندان سے تھے۔

 

دوسری طرف اتوار کو کئے گئے حملوں کے بعد تباہ ہونے والے مکانات سے لاشیں نکالے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غزہ سٹی کے ایک گھر سے 16 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ جس سے چودہ روزہ کارروائی میں شہید ہونے والوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔ صیہونی حکومت حماس کے ٹھکانے تباہ کرنے کے نام پر فلسطینوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، تاہم مارے جانے والے کم ہی افراد ایسے ہیں جن کا تعلق کسی مزاحمتی تنظیم سے تھا۔ گذشتہ روز صیہونی حکومت کے لیے بھی برا دن ثابت ہوا، جب مزاحمت کاروں سے جھڑپ میں اس کے تیرہ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق غزہ میں مارے گئے دو فوجی امریکی شہری تھے اور یہ بھی واضح نہیں کہ ان کے پاس اسرائیلی شہریت تھی یا نہیں۔

 

دیگر ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کا جنگی جنون تمام حدیں پار کر چکا ہے، صیہونی ظلم و بربریت کا شکار ہونے والے فلسطینیوں کو یقین ہو چلا ہے کہ اس دنیا کے جنگل میں صرف صیہونی درندوں کا راج ہے۔ اتوار کے روز صیہونی طیاروں نے شجاعیہ میں قیامت ڈھائی، جہاں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت 73 افراد شہید ہوگئے۔ رات کو غزہ میں 5 بچوں سمیت 11 فلسطینیوں کی لاشیں ملیں، جبکہ فضائی حملے میں 20 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اتوار کے روز حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان 2 گھنٹے کے لئے جنگ بندی پر بھی اتفاق ہوا لیکن کچھ دیر بعد ہی صیہونی حکومت کی جانب سے دوبارہ بمباری شروع کر دی گئی، جس کے نتیجے میں مزید فلسطنی شہید ہوگئے۔ غزہ میں گلیاں اور بازاروں میں نہتے فلسطینیوں کے لاشے بکھرے پڑے ہیں۔ اسپتال زخمیوں سے بھرے ہیں، غمزدہ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے پر غم سے نڈھال ہیں جبکہ ہزاروں افراد ہجرت کر چکے ہیں۔

 

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صیہونی بمباری کے نتیجے میں غزہ کا انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق شيلٹرز ميں پناہ لینے والے فلسطينيوں کی تعداد 81 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ حماس کی جوابی کارروائیوں میں 18 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایک فوجی کو یرغمال بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔ فوجی کے اغوا کی خبر عام ہوتے ہی غزہ میں سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ صیہونی فوجیوں نے ان پر بھی شیلنگ اور لاٹھی چارج کر دیا۔ ادھر اقوام متحدہ میں تعینات صیہونی مندوب نے فوجی کے اغوا کی تمام اطلاعات کی تردید کر دی۔ صیہونی حکوت نے مزید فوج غزہ میں داخل کرکے زمینی کارروائی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree