Print this page

ایم ڈبلیوایم شعبہ امور خارجہ کے زیر اہتمام کربلائے معلی میں دوسری سالانہ بین الاقوامی سید الشہداء کانفرنس کا انعقاد

21 اکتوبر 2019

وحدت نیوز(کربلائے معلی) عراق کے شہر کربلا مقدسہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے زیر اہتمام دوسری سالانہ بین الاقوامی سید الشہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے سید الشہداء کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاؤہ بزرگ عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے بانی رکن جناب حجت الاسلام و المسلمین غلام حر شبیری، انصاراللہ یمن کی سیاسی شورای کے رکن جناب شیخ محمد قبلی، کتائب سید الشہداء عراق کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن جناب حجت الاسلام و المسلمین شیخ کاظم فرطوسی، اسلامک موومنٹ نائجیریا کے جناب شیخ انس شعیب آدم نے بطور مہمان مقرر شرکت کی۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے سربراہ جناب حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔

اس کانفرنس میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنماعلامہ اقبال بہشتی، اسد عباس نقوی، ملک اقرار حسین، نثار علی فیضی ،صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی،صوبہ بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ برکت مطہری، سابق وزیر قانون بلوچستان آغا رضا ،ہنگو کے معروف عالم دین علامہ خورشید انور جوادی سمیت مختلف ممالک سے تشریف لائے زائرین ابا عبداللہ الحسین ع نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اربعین کے اس عظیم اجتماع کے موقع پر شہدائے کربلا کے جوار میں کانفرنس منعقد کرنے کا ایک مقصد دنیا بھر سے تشریف لانے والے مومنین سے رابطہ اور ملاقات ہے۔ انہوں نے کہا اس اہم موقع پر سید الشہداء کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اربعین حسینی کے عظیم اجتماع کی برکات اور پیغام کی تبلیغ اور تشہیر کی مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپ سے تشریف لانے والے بزرگ عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے بانی رکن جناب حجت الاسلام و المسلمین غلام حر شبیری نے کہا کہ کربلا کا اصل پیغام ذلت کی زندگی سے دوری ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا اربعین حسینی نے ایک نیا سماجی نظام متعارف کروایا ہے جس میں تمام انسانی فضائل دیکھے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا استکبار ہمیشہ سے معاشروں پر جہالت مسلط کرکے انہیں گمراہ رکھنا اور انسانی فضائل سے دور رکھنا چاہتا ہے لیکن مکتب کربلا انسان کو علم کے زیور سے آراستہ کرتا اور معاشروں میں انسانی فضائل کو رائج کرنا چاہتا ہے اور اربعین حسینی انہی انسانی فضائل کا مظہر ہے۔

سید الشہداء کانفرنس میں کتائب سید الشہداء عراق کی ایگزیکٹو کونسل کے رکن حجت الاسلام و المسلمین شیخ کاظم فرطوسی نے کہا یہ اربعین حسینی کی برکات ہیں کہ آج ہم سب یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے کربلا اور اربعین کی برکات کی بدولت داعش جیسے خبیث دشمن کو شکست دی ہے اور دنیا بھر میں مستضعفین جہاں بھی ظلم کے مقابلے میں کھڑے ہیں وہ کربلا کی بدولت ہے کیونکہ کربلا نے انسانیت کو عزت کے ساتھ جینے کا راستہ دکھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا دشمنِ انسانیت یمن، کشمیر، عراق، شام، فلسطین اور لبنان میں ہر جگہ ظلم و ستم روا رکھے ہے جس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ان خطوں کے مسلمان دشمن کے سامنے تسلیم نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کشمیری مسلمانوں کا قصور بھی یہی ہے کہ وہ ظلم کے سامنے نہیں جھکے اور یہ استقامت صرف مکتب کربلا سیکھاتا ہے۔ انہوں نے کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے جس خطے میں بھی مظلومین ظالموں اور مستکبرین کے مقابلے میں استقامت دکھا رہے ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان کی حمایت کرتے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ امور خارجہ کے زیر اہتمام کربلا میں منعقدہ سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انصار اللہ یمن کی سیاسی شورای کے رکن جناب شیخ محمد قبلی نے کہا کہ یمنی عوام نے امام حسین ع کے قیام سے سبق لیتے ہوئے ظلم کے مقابلے میں جو قیام کیا ہے اس اور امام حسین ع کے قیام میں کئی مماثلتیں ہیں۔ قیام امام حسین ع اور یمنی مزاحمت کے درمیان موجود مماثلتوں کا ذکر کرتے ہوئے جناب شیخ محمد قبلی نے کہا کہ جیسے امام حسین ع اصلاح امت کے لیے اٹھے ہم یمنی بھی ویسے ہی اصلاح حالِ امت یمن کی جدو جہد کے بانی ہیں۔ انہوں نے کہا امام حسین ع نے فرمایا میں نے دین میں کوئی تبدیلی نہیں کی جو تم مجھے قتل کرو اسی طرح ہم یمنیوں نے دین یا کسی بین الاقوامی عرف یا قانون کے خلاف کوئی بغاوت نہیں کی جو ہمیں قتل کیا جائے۔ انہوں نے مزید فرمایا امام حسین ع ذلت قبول نہیں کی اور یمنی قوم نے بھی ذلت کی زندگی قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا امام حسین ع کے دشمن بھی رسوا ہوئے اور اللہ کے حکم سے انشااللہ یمنی قوم کے دشمن بھی رسوا اور ذلیل ہوں گے۔

سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب مظلوم خاموش رہتا ہے تو ظالم کا حوصلہ بڑھتا اور اس کے ظلم کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے لیکن جب ظلم کے مقابلے میں کھڑا ہو جایا جائے تو شکست ظالم کا مقدر ٹھہرتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی شیعہ قوم اور قیادت کا شکریہ ادا کیا اور یمنی مزاحمتی قیادت خصوصاً انصار اللہ کی قیادت کا شکریہ اور نیک خواہشات ان تک پہنچائیں۔ دوسری سالانہ بین الاقوامی سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک موومنٹ نائجیریا کے رہنما جناب شیخ انس شعیب آدم نے کہا آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی کی تبلیغ سے دشمن نے خطرہ محسوس کیا تو ان کی فعالیت کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا لیکن جب وہ اس میں ناکام رہے تو انہوں اسلامک موومنٹ کے کارکنوں پر ظلم و ستم کا راستہ لیا۔ انہوں نے کہا اسی دوران شیخ ابراہیم زاکزاکی کے تین بیٹے شہید کردئیے گئے بعدازاں شیخ کے گھر پر حملہ کرکے مزید تین بیٹے شہید اور شیخ ابراہیم اور ان کی اہلیہ کو زخمی کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا نائجیریا میں ہونے والا ظلم دنیا میں ڈھائے جانے والے مظالم کی ہی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی کو جب ہندوستان جاکر علاج کروانے کی اجازت ملی تو امریکہ و ہندوستان جاسوسی اداروں اور کرائے کے قاتلوں کے ذریعے ان کی جان کے درپے ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا شیخ ابراہیم زکزاکی کو ہندوستان میں قتل کردیے جانے کا خطرہ محسوس ہوا تو انہوں نے واپس نائجیریا جانے کا فیصلہ کیا اور اب گزشتہ تین ماہ سے ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے نائجیریا میں مکتب سید الشہداء اختیار کیا ہے اور ہمارا عہد ہے کہ ہم سید الشہداء کی طرح استقامت دکھائیں اور ظلم کو سرنگوں کردیں گے۔ انہوں نے نائجیریا کی اسلامی تحریک کی قیادت کی جانب سے پاکستانی شیعہ قوم اور قیادت کا اس تحریک اور شیخ ابراہیم زکزاکی کی آزادی کی مہم کی حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree