وحدت نیوز(مظفرآباد)صدر مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر ڈاکٹر علامہ سید یاسر عباس سبزواری نے غازی ملت علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم علامہ جوادی کی زندگی صبر و استقامت کا استعارہ تھی، مرحوم نڈر، بے باک عالم دین تھے۔ انہوں نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کی بات کی۔ مسلمانوں کو ہمیشہ رواداری، پیار ، محبت اور امن کا درس دیا ۔ اسلام دشمن اور امن دشمن عناصر کو قبلہ جوادی کی یہ ادائیں ایک آنکھ نہ بھائیں اور 14فروری 2017کو قاتلانہ حملہ کر کے امن و محبت کی آواز کو ہمیشہ کے لیے خاموش کرنا چاہا، مگر خدا نے انہیں نئی زندگی دی۔ اس قاتلانہ حملے سے علامہ جوادی بری طرح متاثر ہوئے۔ مگر ہمت اور صبر سے کام لیا۔ قبلہ جوادی کے قاتلوں کو تو گرفتار کر لیا گیا مگر انہیں تاحال قرار واقعی سزا نہیں دی گئی۔
علامہ ڈاکٹر یاسر عباس سبزواری نے مزید کہا کہ علامہ جوادی کے قاتلوں کو رعایت دینا ریاست کے امن کے لیے خطرہ ہے، ملت نے قاتلانہ حملہ کے بعد جس دو اندیشی اور تدبر کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، ہمیں ریاست کا امن عزیز ہے۔ ریاست کے امن کو تباہ کرنے والوں کو کسی بھی صورت معافی نہیں دی جاسکتی۔ ڈاکٹر یاسر عباس سبزواری نے حکومت اور اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علامہ تصور جوادی پر حملہ کرنیوالوں کو جلد از جلد ان۔کے انجام تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ۔کوئی بھی ایسی گھنائونی حرکت کرنے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے علامہ جوادی کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔