Print this page

شاہراہ ریشم پر دہشتگردوں کا حملہ جی بی میں اتحاد بین المسلمین پر حملہ ہے، آغا علی رضوی

03 اکتوبر 2014

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے شاہراہ ریشم پر ہونے والے ٹارگٹڈ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے گلگت بلتستان میں اتحاد مسلمین پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہراموش جانے والی گاڑی پر منظم حملہ اس بات کی دلیل ہے کہ گلگت بلتستان میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک موجود ہے اور سکیورٹی ادارے خواب غفلت میں مزے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ گلگت بلتستان میں موجود مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے جسے تمام مکاتب فکر مل کر ناکام بنا دیں گے۔ حکومت اپنی پوزیشن واضح کر دے کہ بار بار کے امکانات ظاہر کرنے کے باوجود شاہراہ قراقرم پر دہشت گردی کے کامیاب منصوبے کیوں ہوئے ہیں۔ ہم آپریشن ضرب عضب کے آغاز میں ہی گلگت بلتستان کی نام نہاد حکومت اور سکیورٹی اداروں کو تلقین دیتے رہے ہیں کہ دہشتگرد اپنا رخ گلگت بلتستان کی طرف کر سکتے ہیں اور یہاں پر کاروائی ہو سکتی ہے کیونکہ یہاں دہشتگردوں کو محفوظ اور مضبوط پناہ گاہیں مل سکتی ہیں لیکن حکومت کو اپنی بدعنوانیوں سے فرصت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعے میں ملوث افراد کا پیچھا کر کے انہیں سخت ترین سزا دی جائے اور صوبائی حکومت و وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی سے باز رہے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree