Print this page

رہنما ایم ڈبلیوایم اور صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم کی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے خصوصی ملاقات

11 مارچ 2021

وحدت نیوز(گلگت)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سےرہنما مجلس وحدت مسلمین اور وزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے سی ایم ہاؤس گلگت میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں محکمہ زراعت کے مجموعی ایشوز ، بلتستان ریجن کے مسائل اور حلقہ دو کی محرومیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بلتستان ریجن کے ساتھ سوتیلا سلوک نہیں ہوگا ۔ یہ دور انصاف کا دور ہے تمام ریجنز کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سکردو کا دورہ کیا جائے گا اور چند بڑے منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔ بلتستان ریجن میں کم و بیش سو میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر کام ہوگا۔ 250 بیڈ ہسپتال پر کام میں تیزی آئے گی اور محکمہ صحت کی مسنگ فیسلٹیز کو پوری کی جائے گی۔آر ایچ کیو ہسپتال میں ایم آر آئی مشین تنصیب کی جائے گی۔سکردو میں بہت جلد میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شتونگ نالے کی ڈائورژن اور سدپارہ میں سترہ میگا واٹ بجلی گھر،غواڑی بجلی گھر،ہرپوہ بجلی گھر اور شغر تھنگ پاور پروجیکٹ پہ کام میں تیزی لائی جائے گی اور پورے بلتستان میں صاف پینے کے پانی کی جو کمی ہے اس کو دور کیا جائے گا اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔سکردو شہر بلتستان کا صدر مقام ہے  لہذا اس شہر کی خوبصورتی سمیت سیوریج کے لئے آٹھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اس سے سکردو شہر کا دیرینہ اور بڑا مسئلہ حل ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکردو سے براستہ شغرتھنگ استور سڑک بننے کے بعد اسلام آباد سے سکردو کا فاصلہ کم ہو جائے گا اور اسی سال کے آخر میں شغرتھنگ سڑک پہ بھی کام شروع ہوگا۔سکردو میں دریائی کٹاو کی زد میں آبادیاں اور زرعی زمینیں ہے اس کی پروٹیکشن کے لئے بھی بہت جلد فنڈ مہیا کریں گے۔گلگت سکردو روڈ جو سکردو شہر میں پہنچنے سے پہلے ختم ہوگئی ہے اسکی توسیع شگر کھرمنگ اور خپلو تک کی جائے گی اس کے بعد بلتستان کا نقشہ بدل جائے گا۔گلگت بلتستان بھر میں جو سیاحتی مقامات میں ہے وہاں تک ایکسس کو آسان بنانے کے لیے راستوں کو بہتر بنائے جائیں گے اور دیگر سہولیات کو پوری کی جائے گی اس سے پورے خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے اور نوجوان نسل کے لئے ٹورزم ایگرو ٹورزم اور دیگر جدید شعبوں میں آگے آنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیامر ریجن بلتستان ریجن اور وہ تمام محروم علاقے جو محرومی کا شکار ہے ان کی محرومی کو دور کرنے کے لئے جامع پلان ہے اور گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج گلگت بلتستان کے لیے لایا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانا اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری بنیادی ترجیحات میں ہے اسے یقینی بنایا جائے گا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree