Print this page

بلوچستان کو مٹھی بھر ملک دشمن عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا،موثر فوجی آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ الیاس صدیقی

04 جنوری 2021

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ بلوچستان مچھ میں ہزارہ برادری کے 11 افراد کا بہیمانہ قتل سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بزدل دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کو لہولہان کر دیا۔ بے گناہ مزدوروں کو جس ظلم وبربریت سے نشانہ بنایا گیا ہے اس نے پوری انسانیت کو غم زدہ کردیا ہے۔ شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ قاتلوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے بلوچستان واقعے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر ریاست کو کمزور کرنے کیلئے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر بیگناہ شہریوں اور ریاست کے محافظوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

الیاس صدیقی کا مزید کہنا تھا اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے اپنی بیوی بچوں کی کفالت کیلئے مزدوری کرنے والے محنت کشوں کا بہیمانہ قتل کی یہ کوئی ایک مثال نہیں بلکہ ماضی میں بھی بسوں سے اتار کر محنت کش مزدوروں اور مسافروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ ملک دشمن عناصر ایک عرصے سے معصوم پاکستانیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں اور دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کا خاتمہ کرکے ہی ریاست کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مٹھی بھر ملک دشمن عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ لہٰذا موثر فوجی آپریشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردوں کیخلاف موثر کاروائی کرے اور اس دلسوز واقعے میں شہید ہونے والے مزدوروں کے خاندان والوں کیلئے سپیشل شہداء پیکیج دیا جائے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree