Print this page

امریکہ صرف مسلمانوں کا ہی دشمن نہیں بلکہ عالم انسانیت کا دشمن ہے،علامہ نیئر عباس مصطفوی

14 مئی 2018

وحدت نیوز(گلگت) امریکہ صرف مسلمانوں کا ہی دشمن نہیں بلکہ عالم انسانیت کا دشمن ہے۔امریکہ اور اس کے اتحادی عالمی معیشت پر اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے اب تک لاکھوں انسانوں کا خون بہا چکے ہیں۔امریکہ ،اسرائیل اور ہندوستان اس زمانے کے فرعون،نمرود اور یزید ہیں ان ظالم حکومتوں کے خلاف آواز بلند کرناجہاد اکبر ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر گلگت میں یوم مردہ باد امریکہ ریلی نکالی گئی جو وحدت ہاؤس سے کیپٹن ضمیر عباس چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء سے شیخ نیئر عباس مصطفوی، شیخ مجتبیٰ حسین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن گلگت ڈویژن کے صدر برادر عارف حسین الجانی نے خطاب کیا۔علامہ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ اور ا س کے اتحادی اسرائیل اور ہندوستان کے عالم انسانیت کے خطرہ ہیں۔ارض فلسطین، کشمیر، عراق، شام، یمن،پاکستان اور افغانستان میں اپنے حمایتی دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے معصوم انسانوں کا خون بہارہے ہیں اور دنیا میں جتنی دہشت گرد تنظیمیں ہیں ان سب کی پشت پناہی اور سرپرستی امریکہ ،اسرائیل اور ہندوستان کررہے ہیں۔امریکہ جہاں پوری دنیا پر حکمرانی کا خواب دیکھ رہا ہے وہی مسلمانوں کو اپنے مد مقابل سمجھتا ہے اور سازشوں کے ذریعے مسلمانوں کی طاقت کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ناپاک عزائم کے سامنے ہم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے اور طاغوتی طاقتوں کے آگے ہرگز تسلیم خم نہیں ہونگے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن گلگت ڈویژن کے صدر جناب عارف الجانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ناقابل فہم اور ناقابل برداشت ہے۔پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور اپنے معاملات میں کسی کی ڈکٹیشن کا محتاج نہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، شام ،یمن اور پاکستان میں دہشت گرد عناصر اور قوتیں امریکی سرپرستی میں کام کررہی ہیں ۔یہ امریکہ ہی ہے جس نے داعش جیسی خونخوار تنظیم کو وجود بخشا ۔آج وقت کا تقاضا ہے کہ امریکی دھمکیوں کا خود اسی کی زبان میں منہ توڑ جواب دیا جائے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree