Print this page

میڑک تا پی ایچ ڈی کے پوزیشن ہولڈرطلباء کو دو لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، ایم پی اے آغا رضا

26 مئی 2016

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان کے مطابق ایم پی اے آغا رضا نے تعلیم میں طلباء کی دلچسپی بڑھانے کیلئے یہ اعلان کیا کہ میٹرک سے لے کر پی ایچ ڈی تک پی بی2 کے وہ طلباء جو پورے صوبے میں پہلی، دوسری یا تیسری پوزیشن حاصل کریں گے، انہیں ایم پی اے آغا رضا کی جانب سے دو لاکھ روپے انعام دیئے جائیں گے، طلباء کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کسی بھی ملک میں تعلیم کو ترقی کی راہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم ایک روشنی کی مانند ہے جو ساری دنیا کو روشن کردیتا ہے اور تعلیم یافتہ شخص کی مثال شمع کی طرح ہے، ہمیں آج جن دشواریوں کا سامنا ہے ان کی بنیادی وجہ تعلیم سے محرومی اور تعلیمی میدان میں پسماندگی ہے، دور جدید میں ترقی یافتہ اقوام کے صف میں کھڑے ہونے کیلئے ٹیکنالوجی اور علم کا حصول وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ترقی کا واسطہ ہماری دلچسپی سے ہوتا ہے، لہٰذا طلباء کے تعلیم میں دلچسپی بے مثال کامیابی کی ضمانت دے سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے طلباء کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا ،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں تعلیم کی اہمیت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن پاک کی پہلی آیت میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو ان کے نام سے پڑھنے کا حکم دیا، علم کا حصول معاشرے کے ہر فرد کیلئے ضروری ہے ۔ طلباء کی تعلیم اور اضافی سرگرمیوں میں دلچسپی قابل تحسین ہے اور اسی طریقے سے وہ اپنے پوشیدہ ہنر کو بروئے کار لاکر ملک و قوم کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں ، علم سے محبت ہمیں ترقی کے پٹری پر لا سکتی ہے۔ اس وقت اساتذہ، سماجی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ طلباء کی حوصلہ افزائی کرے، مختلف تقریری مقابلوں ، کھیلوں اور دیگر غیرنصابی سرگرمیوں کا انعقاد کریں۔ جن قوموں کو طالب علم کے قدر کا اندازہ ہے اور جنہیں معلوم ہے کہ انکی بقاء کا واحد ذریعہ تعلیم ہے وہی اقوام کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے جدید دور میں تمام تر معلومات طلباء کے دسترس میں ہیں، جدید آلات اور مشینوں سے کسی بھی قسم کے معلومات کو منٹوں میں حاصل کیا جا سکتا ہے، طلباء کو چاہئے کہ ان سہولیات کا مثبت استعمال کر کے ان سے مستفید ہو۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ایک طالب علم پر لازم ہے کہ وہ اپنی تعلیمی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree