Print this page

اے این پی اور ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کا دہشتگردی اور انتہاء پسندی کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کرنے پر اتفاق

18 اگست 2013


وحدت نیوز (پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا نے ضمنی الیکشن میں صوبہ میں حاجی غلام احمد بلور سمیت عوامی نیشنل پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ جبکہ ملک میں دہشتگردی اور مذہبی انتہاء پسندی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ طور پر آواز بلند کی جائے گی۔ اے این پی کے مرکزی رہنماء حاجی غلام احمد بلور نے ایک وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی آفس پشاور کا دورہ کیا۔ وفد میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء ہارون بلور، صوبائی جائنٹ سیکرٹری محمد فیاض بھی شامل تھے۔ دورہ کے موقع پر انہوں نے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید وحید عباس کاظمی، سیکرٹری روابط اعتبار علی، صوبائی آفس مسول ارشاد حسین بنگش، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ایس اے زیدی، ضلعی سیکرٹری جنرل کوہاٹ حاجی علی داد خان اور ضلع پشاور کے مسولین موجود تھے۔ ملاقات میں پشاور سمیت صوبہ کی صورتحال اور دیگر سیاسی امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین اور عوامی نیشنل پارٹی کے مابین مختلف امور پر اتفاق رائے پایا گیا اور ایم ڈبلیو ایم نے این اے ون سمیت دیگر حلقوں میں ضمنی الیکشن میں حاجی غلام احمد بلور سمیت اے این پی کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

بعدازاں علامہ سید عبدالحسین الحسینی اور حاجی غلام احمد بلور نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ دو طرفہ تعلقات اور تعاون برقرار رہے گا اور ملک و قوم کے مفاد میں رابطوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس امر پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ ملک میں دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمہ کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ سیاسی سطح پر دونوں جماعتیں صوبہ خیبر پختونخوا میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور آئندہ بھی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کرتی ہیں۔ علامہ عبدالحسین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا ضمنی الیکشن 2013ء میں حلقہ این اے ون پر حاجی غلام احمد بلور کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے اور ان کو اسمبلی تک پہنچانے میں ہرممکن کردار ادا کرے گی۔ لہذا غلام احمد بلور سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انشاء اللہ قومی اسمبلی میں پہنچ کراپنے اہل تشیع ووٹرز کے حقوق کا بھی دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں یہ سیاسی تعاون آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھی برقرار رکھنے کا اعلان کرتی ہیں اور آئندہ تعلقات برقرار رکھنے کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتی ہیں۔ دونوں جماعتیں ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کردار ادا کریں گی اور مذہبی انتہاء پسندانہ اور فرقہ پرست سوچ رکھنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتیں ملک سے کرپشن، لاقانونیت، بدامنی، غیر ملکی مداخلت کے خاتمہ کیلئے اپنا سیاسی کردار ادا کریں گی۔ اور اس امر پر بھی اتفاق کرتی ہیں کہ ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے دوست ممالک چین اور ایران کی پیشکشوں سے استفادہ کرنے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ آخر میں غلام احمد بلور نے حمایت کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا شکریہ ادا کیا اور اس ضرورت پر زور دیا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے علمائے کرام کا کردار سب سے اہم ہے۔ جبکہ دونوں جماعتوں نے رابطے برقرار رکھنے کیلئے دو رکنی کمیٹی بھی قائم کرنے کا اعلان کیا۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree