وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ہی مظلوم و محکوم عوام کی امید ہے، الیکشن 2024ء میں ایم ڈبلیو ایم فعال کردار ادا کرے گی، الیکشنز قومی سلامتی کی ضمانت ہیں، کوئی ملک اگر بحرانوں میں مبتلاء ہو تو وہاں الیکشن کروائے جاتے ہیں اور منتخب عوامی حکومت ہی ملک کو مشکلات اور بحرانوں سے نکال سکتی ہے، مجلس وحدت مسلمین ایک مذہبی سیاسی جماعت ہے، ہماری جماعت کا منشور عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے، ہم پاکستان کی قومی خود مختاری اور سالمیت پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ناامنی، شدت پسندی اور تکفیریت کے خلاف ہیں اور اس کے سدباب کے لئے کوششیں جاری رکھیں گئے۔
انہوں نے کہا کہ باوقار داخلی خود مختاری اور آزاد خارجہ پالیسی ملکی عزت اور سالمیت کے لئے ناگزیر ہے، پرائیوٹ سیکٹر میں مزید آسانیاں پیدا کرنا ہونگی، صرف سرکاری نوکریاں دے کر مسئلہ کو ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا، توانائی کا بحران ملکی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ بن چکا ہے، ہم ملکی توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے متفقہ اور منظم قومی پالیسی لائیں گے، خیبر پختونخوا سے بھی ہمارے نمائندے الیکشن لڑنے کیلئے آمادہ ہیں، پاراچنار سے باقاعدہ طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔