Print this page

کیا پاراچنار کے باسیوں کی جان و مال کی کوئی قمیت نہیں؟؟صدرایم ڈبلیوایم وتحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین فصیح

27 دسمبر 2023

وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین کے رہنما و تحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین فصیح نے ہنگو بائی پاس گاڑی پر ہونے والی فائرنگ سے قیمتی جانوں کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اپریل سے لے کر آج تک مسلسل دہشتگردوں کے حملے جاری ہیں، لیکن شدت پسندانہ کاروائیوں کو روکنے میں قانوں نافذ کرنے والے ادارے مکمل ناکام ہیں، ہر جانب کشت وخون کا ماحول گرم ہے، افسران صرف زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کر رہے،اورنہ ہی کوئی عملی اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ہنگو اور پشاور میں طوری قوم کے کئی جوان شہید کیئے جا چکے ہیں آج تک کسی قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا، اس سے بڑھ کر ریاستی ناکامی اور کیا ہوسکتی ہے، حالات جوں کے توں رہے تو عوام احتجاج اور دھرنے دینے پر مجبور ہو جائیں گے، ضلع کرم کے شیعہ سنی عوام کی اکثریت امن اوامان کو برقرار رکھنے کے خواہشمند ہیں، لیکن کچھ نادیدہ قوتیں ضلع کرم کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے، ضلع کرم میں شیعہ سنی اتحاد و اتفاق سے رہنے کے متمنی ہیں، لیکن عوام کو اپنے ارباب اختیار سے مسلسل مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے، جن کی جانب سے کبھی بھی کرم میں خلوص کے ساتھ امن و امان کے لئے سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئی ہیں، تحصیل چیئرمین اغا مزمل حسین فصیح نے واضح کیا کہ اگر اس مرتبہ بھی قاتلوں کو گرفتار کیا گیا تو عوامی طور پر سخت قومی لائحہ عمل دینگے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree