Print this page

ڈی آئی خان، یاد گار شہداء کی دوبارہ تعمیر نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ ملک گیر سطح پر پھیلادیا جائے گا، علامہ وحید کاظمی

27 جولائی 2021

وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سربراہ علامہ وحید عباس کاظمی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یادگار شہدا کو منہدم کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کیا کوٹلی امام حسینؑ کی زمین ضلعی انتظامیہ کی ہے یا ایک فرد واحد کی ہے کہ جس میں یادگار شہدا کو دھڑلے سے گرا دیا گیا۔؟ اس پولیس گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد ہے اگر انتظامیہ نے یادگار شہدا کو تعمیر نہ کرایا تو اس کے نتائج بہت سخت نکلیں گے، اگر انتظامیہ نے تعاون نہ کیا تو محرم الحرام میں ہم بھی انتظامیہ سے تعاون نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم اگست کو لیاقت باغ راولپنڈی میں قائد ملت جعفریہ شہید علامہ عارف الحسینی کی برسی ہے اور ملک بھر سے مومنین شرکت کریں گے، ہم اس جلسے کے توسط سے بھرپور احتجاج کریں گے اور احتجاج کا دائرہ کار صوبہ اور مرکز تک وسیع کیا جائے گا۔

علامہ سید وحید عباس کاظمی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سنی، شیعہ شہریوں کو امن و امان سے رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ اہلسنت ہمارے بھائی ہیں، جو صدیوں سے ہمارے دکھ درد میں شریک ہوتے آ رہے ہیں اور امید کرتا ہوں کہ محرم الحرام میں بھی پر امن طریقے سے گزرے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے افغانستان کی بدلتی صورت حال پر بھی بات کی اور کہا کہ ملک کے سربراہان کو سوچ سمجھ کر پالیسی بنانی چاہئے، اگر غفلت کی تو ماضی کی صورت حال بن سکتی ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد علی زیدی، ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا سید غضنفر نقوی اور دیگر بھی موجود تھے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree