Print this page

امام حسنؑ نے سیاسی تدبر اور حکمت سے اپنے محبین کی جانوں کا تحفظ کیا، علامہ حیات عباس نجفی

27 ستمبر 2022

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام یوم شہادت حضرت  امام حسنؑ کی مناسبت سے وحدت ہاؤس انچولی میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا، جس سے نجف اشرف سے آئے مہمان عالم دین علامہ حیات عباس نجفی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن (ع) کا ہر عمل حکمت و دانش سے بھرپور اور ہر قول اپنے اندر علم کے خزانے سمیٹے ہوئے تھا، آپؑ سراپا حق و صداقت تھے۔ انہوں نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ ظاہری جاہ و منصب سے تو دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے لیکن راہ حق سے ایک لحظے کے لئے بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام نے سیاسی تدبر اور حکمت عملی سے اپنے محبین کو ان کی جانوں اور ناموس کو تحفظ فراہم کیا، امام (ع) کی سیرت سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ اپنی قوم کی جانوں کا دفاع ہر عہدے اور ہر اختیار پر مقدم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ہر تعلق ہر عہدے سے دستبردار تو ہوا جا سکتا ہے لیکن قوم کے حقوق کی پاسداری سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی اپنے رہبر کے ہمراہ میدان عمل میں موجودگی مقصد کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے، وہ قوم کبھی باوقار مقام نہیں حاصل کر سکتی جو عمل سے کترائے اور زبانی جمع خرچ سے منزل کی جستجو کرے، اگر قوم وفا نہ کرے تو امام حسن علیہ السلام جیسے عظیم رہنما کو بھی تنہائی کا صدمہ جھیلنا پڑتا ہے اور دشمن کو اپنے مکر و فریب میں کامیابی حاصل ہوتی ہے، حق بات پر استقامت دکھانا اہل بیت اطہار علیہم السلام کا شعار ہے، ہم مظلوم کے حمایتی اور ظالم کے ہمیشہ مخالف رہیں گے۔ مجلس عزا میں علامہ صادق جعفری، ملک غلام عباس، مولانا نشان حیدر سیمت کثیر تعداد میں کارکنان و عزاداران نے شرکت کی۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree