Print this page

سندھ حکومت وفاقی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملت جعفریہ پاکستان کو عزاداری کی اجازت فراہم کرے،علی حسین نقوی

12 مئی 2020

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید علی حسین نقوی نے وحدت ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے مجلس وجلوس عزاداری امام علیؑ کے انعقاد میں ابہام پیدا کرنا باعث تشویش ہے۔ سندھ حکومت وفاقی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملت جعفریہ پاکستان کو عزاداری کی اجازت فراہم کرے۔ عزادارحکومتی ایس او پی اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے عزاداری کے اجتماعات منعقد کرنے کے پابند ہیں۔ ایسی وقت میں کے جب ہمارا دشمن پڑوسی بھارت لائن آف کنٹرول پر ہماری قومی سلامتی کو چیلنج کررہا ہے،داخلی طور پر عزاداری کے خلاف ایسا حکومتی رویہ ناقابل فہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ماہ مبارک رمضان کے آغاز سے آج تک ایام شہادت امام علی ؑ کے اجتماعات کے انعقاد کی اجازت کے حوالے سے لیت ولعل سے کام لے رہی ہے، اکابرین ملت جعفریہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت تمام اعلیٰ حکومتی اور عسکری شخصیات کے سامنے کورونا وائرس کے پیش نظر طبی ماہرین کی ہدایات اور ایس اوپی پر عمل کرتے ہوئے عزائے امام علی ؑ کے انعقاد کی یقین دہانی کروائی تھی جس کی توثیق صدرمملکت اور وزیر اعظم پاکستان نے بھی کی تھی۔

علی حسین نقوی نے کہا کہ سندھ حکومت ہو ش کے ناخن لے اور شیعیان حیدر کرار ؑ کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش نا کرے، ہم محب وطن قوم ہیں، ماضی ہماری تاریخ کا گواہ ہے، ہم نے ہر مشکل وقت میں اس مادر وطن کا فرنٹ لائن پر دفاع کیا ہے،کورونا وائرس اور لاک ڈاون میں بھی ایم ڈبلیوایم اور ملت جعفریہ نے بلاتفریق پاکستانیوں کی خدمت کو اپنا شعار سمجھا ہے، ایسے میں کہ جب ہمارااذلی دشمن لائن آف کنٹرول پرجارحیت کرکے ہماری قومی سلامتی اور خودمختاری کو چیلنج کررہا ہے،داخلی طور پر بحرانی کیفیت اور حالات پیدا کرنا دانشمندی نہیں،وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر مرکزی جلوس یوم علیؑ اور علاقائی مجالس وجلوس عزا کے انعقاد کی اجازت جاری کریں۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree