Print this page

تیز گام ایکسپریس سانحے میں جانبحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں ، علامہ باقرزیدی

31 اکتوبر 2019

وحدت نیوز(کراچی) علامہ سید باقر زیدی نے رحیم یار خان میں تیزگام ایکسپریس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونیوالے مسافروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں ۔

اطلاعات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی نے رحیم یار خان کے نزدیک تیزگام ایکسپریس میں ہولناک آتشزدگی اور اس نتیجے میں 70 سے زائد مسافروں کی المناک ہلاکت پر اپنے انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں سندھ اور پنجاب میں ٹرین حادثوں میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع المیہ ہے۔پاکستان ریلوے کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ریلوے کے نظام کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچانے کے دعوے فقط دعوے ہی نظر آتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چند ماہ قبل سندھ کے شہر حیدرآباد میں بھی ٹرین کی بوگیاں الٹ جانے سے کئی مسافر اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے، لیکن اس حادثے کی تحقیقات کے نتائج ابھی تک سامنے نھیں آئے تھے کہ آج رحیم یار خان میں ایک اور ہولناک حادثہ پیش آگیا۔

علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان میں ریلوے کا وہی نظام چل رہا ہے کہ جو پاکستان کے قیام سے قبل تھا۔انھوں نے کہا کہ ہر دور میں ریلوے کی اہم وزارت پر براجمان ہونے والے وزراء نے ادارے کی کارکردگی کو بہترین اور اس کے نظام کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچانے کے دعوے تو بہت کئے لیکن وہ دعویٰ ہی کیا جو وفا ہو جائے۔

علامہ باقر عباس زیدی نے وفاقی حکومت خصوصاً وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹرین حادثے میں زخمی مسافروں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بناتے ہوئےجاں بحق مسافروں کے ورثا اور زخمیوں کے لئے فوری مالی معاونت کا اعلان کریں اور حادثے کی فوری اور شفاف تحقیقات کراتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کریں۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree