Print this page

گلگت بلتستان کے عوام کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں، ایم ڈبلیوایم/پاکستان عوامی تحریک

26 اپریل 2014

وحدت نیوز(لاہور)گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے کیمپ میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات  سید ناصر عباس شیرازی نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے لاکھوں عوام اپنے حق کے حصول کیلئے گزشتہ دس روز سے مسلسل روڈ پر ہیں، جو احتجاجی تحریک میں ایک ریکارڈ ہے۔ ہم ان کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک ہماری حکومتوں نے اس خطے کے عوام کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نااہل و کرپٹ حکمرانوں نے گندم پر سبسڈی ختم کر کے اپنی سیاسی موت کے پروانے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

 

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے سمندر کے سامنے موجودہ حکمران مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ثابت ہونگے اور عوام کی تاریخی جدوجہد کامیابی پر منتج ہو گی۔ علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے گلگت بلتستان میں جاری تاریخی عوامی دھرنوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے کے عوام اب بیدار ہو چکے ہیں، ان کے حقوق پر اب کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکتا، پاکستان عوامی تحریک دامے، درہمے سخنے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ تین دن سے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام گلگت بلتستان میں جاری عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنوں کی حمایت میں احتجاجی کیمپ جاری ہے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree