وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی اور پاکستان کی سرحدی خودمختاری پر بلااشتعال جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
بھارت کی یہ اشتعال انگیز کارروائیاں نہ صرف خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی بھی ہیں۔
ہم واضح کرتے ہیں کہ پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے وطن کے سپوت ہر دم تیار ہیں۔
عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی اس مسلسل اشتعال انگیزی کا سخت نوٹس لیں اور خطے کے امن کو لاحق اس خطرے کے سدباب کے لیے عملی اقدامات کریں۔
ہم اپنے وطن کے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو مادرِ وطن کے دفاع کے لیے سینہ تان کر دشمن کے سامنے کھڑے ہیں، اور پوری قوم یکجہتی کے ساتھ اپنے ان سپوتوں اور وطنِ عزیز کے ساتھ کھڑی ہے۔