Print this page

کچے کے ڈاکوؤں کی سرکاری سرپرستی اور سندھ کے وزراء کی جانب سےاسلحے کی فراہمی شرمناک عمل ہے، علامہ مقصود ڈومکی

21 اپریل 2024

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد پولیس کی جانب سے مشیر وزیر اعلیٰ سندھ بابل بھیو کی پولیس پروٹوکول اسکواڈ گاڑی اور مشیر وزیر اعلیٰ کے بیٹے الطاف بھیو کی ویگو سے بھاری مقدار میں اسلحے کی سمگلنگ کو انتہائی شرمناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ مجرمانہ ذہنیت کے حامل با اثر وزراء اور مشیروں کی سرپرستی میں کچے کے ڈاکوؤں نے عوام کا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ صوبائی مشیر کے بیٹے الطاف بھیو کی زیر نگرانی غیر قانونی اسلحے کی سمگلنگ اور کچے کے ڈاکوؤں کو بھاری اسلحے کی فراہمی میں پیپلز پارٹی کے رہنما کا شرمناک کردار اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے عوام کو اغواء انڈسٹری کا تحفہ دیا جس میں با اثر وڈیرے ملوث ہیں۔ شکار پور کشمور گھوٹکی و دیگر اضلاع میں ڈاکو راج کو با اثر افراد کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔ جن پولیس اہلکاروں نے با اثر وڈیرے کے قبضے سے اسلحہ بر آمد کیا ہے ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا باہمی گٹھ جوڑ اغواء انڈسٹری بدامنی اور ڈاکوں کا بنیادی سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکو راج میں ہمیشہ غریب کا بیٹا اغواء ہوتا ہے کبھی بھی سردار جاگیر دار وزیر اور مشیر کا بیٹا اغواء نہیں ہوا۔ عدل و انصاف کے قاتل نام نہاد سرداروں نے انسانی جان کی قیمت تین لاکھ روپے جبکہ سردار کے ٹریکٹر پر فائرنگ کا جرمانہ پچاس لاکھ روپے عائد کر کے عدل و انصاف کی دھجیاں اڑا دیں۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree