Print this page

سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کا فیصلہ پوری قوم کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

30 جنوری 2024

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کا فیصلہ پوری قوم کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، جب فیصلے عدل و انصاف کی بجائے پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہونے لگیں تو معاشرے میں آئین وقانون اپنی حیثیت کھو بیٹھتے ہیں اور لاقانونیت راج کرتی ہے، عوام کو عدالت کے کسی بھی فیصلے پر مشتعل ہونے کی بجائے ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور عقل و بصیرت کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ہوگا، اپنی توجہ 8 فروری کے انتخابات پر مرکوز رکھیں۔ ووٹ کی طاقت سے عالمی اسٹیبلشمنٹ اور ان کے آلہ کاروں کو شکست دیں جو ملک کی داخلی خودمختاری اور آزاد خارجہ پالیسی کو اپنی خواہشات کے تابع رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ آٹھ فروری کے دن پُرعزم ہو کر نکلیں اور جمہوری و سیاسی قدروں کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں، ملکی سیاست سالہاسال سے ہیجانی و بحرانی کیفیت سے میں مبتلا ہے، اس وقت ملک کے ہر باشعور اور ذمہ دار شہری کا واحد ہدف انتخابات کے روز ووٹ کی بلاتاخیر کاسٹ اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانا ہونا چاہیئے، ہم اس ملک کے پُرامن شہری اور محافظ ہیں، عوام ہی طاقت کا سر چشمہ اور اس ملک کے حقیقی وارث اور مالک ہیں، ان لٹیروں اور وطن فروشوں سے ملک کو بچانے کے لیے اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں، ووٹ کی طاقت سے ملکی وقومی ترجیحات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree