Print this page

امام جعفر صادق ؑ نے دین اسلام کی سربلندی اور اسلامی تعلیمات کی ترویج کیلئے جو جدوجہد کی وہ سب کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

28 مئی 2022

وحدت نیوز (کوئٹہ) مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیراہتمام حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ صادق آل محمد علیہ السلام کی سیرت طیبہ پوری امت مسلمہ کے لیے رہنما ہے امام عالی مقام نے دین اسلام کی سربلندی اور اسلامی تعلیمات کی ترویج کے لئے جو جدوجہد کی وہ سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ کے والد گرامی حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے مدینہ طیبہ میں جس درسگاہ کا آغاز کیا تھا۔ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے علوم قرآن کریم و علوم آل محمد کو آپ نے پوری دنیا تک پھیلایا۔ امت مسلمہ کے ممتاز علماء اور دانشور آپ کے حلقہ درس میں شامل ہو کر آپ سے کسب فیض کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو سیرت انبیاء اور سیرت آئمہ اھل بیت علیھم السلام کا بغور مطالعہ کرنا چاہیے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیٹریاٹک موومنٹ کے چیئرمین معراج محمد خان کاکڑ نے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام کی تعلیمات اور افکار پوری امت مسلمہ کا سرمایہ ہیں۔ آج اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان اتحاد اور وحدت کی کی اشد ضرورت ہے اور ہم شیعہ سنی اتحاد کے علمبردار ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہوئے بلوچستان قبائل کے صدر حاجی ندا خان درانی نے کہا کہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں لہذا ہمارے درمیان صدیوں سے اخوت اور بھائی چارے کا رشتہ قائم ہے۔ کوئٹہ میں دشمن نے شیعہ سنی کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کی بڑی کوشش کی لیکن ہم سب نے اپنے اتحاد اور اتفاق سے دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا۔

کانفرنس میں حاجی غلام علی ہزارہ ،ڈاکٹر محمد حسین حسینی، ڈی ایس پی سید اظہر حسین شاہ، حاجی محمد ابرہیم ،مولانا قاری محمد رضا محمدی ،استاد محمد بخش و دیگر نے اظہار خیال کیا اور طلبہ و طالبات نے انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر سیرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے حوالے سے کوئیز مقابلے اور مضمون نویسی مقابلے میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طالبات نے حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی بارگاہ میں سلام فرماندہ کے عنوان سے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree