Print this page

حکومت نے سیاستدانوں کی لوٹی ہوئی رقم ملک میں واپس لانے کی بجائے عوام کو لوٹنا شروع کر دیاہے، علامہ احمد اقبال رضوی

05 نومبر 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی  ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تنقید کا اظہار کرتے پوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے۔فلاحی ریاست کے نام پر عوام سے سنگین مذاق کیا جارہا ہے۔ترقی یافتہ ممالک سے پاکستان کا موازنہ کرتے وقت وزیراعظم وطن عزیز اور دوسرے ممالک میں ایک مزدور کی تنخواہ کے فرق کو بھول جاتے ہیں۔جن ممالک میں مہنگائی کی شرح پاکستان کے مقابلے میں زیادہ ہے وہاں ایک مزدور کو بھی پاکستان کی نسبت کافی زیادہ اجرت ملتی ہے۔ملک کو قرضوں سے نکالنے کے لیے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جانا کہاں کا انصاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی،پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ریاستی اخراجات پورے کرنے کامشورہ دینے والوں نے موجودہ حکومت اور عوام میں غیرمعمولی فاصلے کھڑے کر دیے ہیں۔حکومت نے سیاستدانوں کی لوٹی ہوئی رقم ملک میں واپس لانے کی بجائے عوام کو لوٹنا شروع کر دیاہے۔بھوک اور افلاس کے ہاتھوں تنگ آکر خودسوزی کرنے والوں کے لہو کا کون ذمہ دار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس عوام نے موجودہ حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے اسے کس بات کی سزا دی جارہی ہے۔اگر اس غیر عادلانہ روش کو نہ بدلا گیا تو پھر حکومت کا اپنے پاوں پر مزید کھڑے رہنا مشکل ہو جائے گا۔وزیراعظم ایک طرف ریلیف پیکجز کے خوشنما خواب دکھا رہے ہیں اور دوسری طرف غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لیتے ہوئی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا کسی حد تک ازالہ ہو سکے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree