Print this page

ثقافتی یلغار،غیر ملکی لٹریچر، یورپین لائف سٹائل اور ڈراموں کے ذریعے رشتوں کا تقدس غیر محسوس طریقے سے ختم کیا جارہا ہے، علامہ راجہ ناصرعباس

21 فروری 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جماعت اہل حرم کے زیراہتمام "خاتون جنت کانفرنس" سے خطاب کرتے ممتاز عالم دین مفتی گلزار نعیمی کو پروگرام کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاندان رسالت وہ عظیم اور بےمثال گھرانہ ہے جس کی اطاعت میں دنیا و آخرت کی سرخروئی ہے ۔انسانیت کا معیار عقل ہے۔عقل طبعی میلان سے دوری اور رب کائنات کی قربت کے حصول پر زور دیتی ہے اور جو کوئی خدا کی رضا کا متمنی ہے اسے خاتون جنت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو راضی رکھنا ہو گا۔یہ وہ ہستی ہیں جو خالق دوجہاں کی رضا کا منشا اور خیر کثیر ہیں۔خاتون جنت کی ذات مبارکہ زندگی کے تمام پہلوؤں میں ہمارے لیے رول ماڈل ہے۔

انہوںنے کہاکہ دور عصر میں یورپین انداز معاشرت کے فروغ سے خاندان کے وجود کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ثقافتی یلغار،غیر ملکی لٹریچر، یورپین لائف سٹائل اور ڈراموں کے ذریعے رشتوں کا تقدس غیر محسوس طریقے سے ختم کیا جارہا ہے۔حیا و پاکدامنی کی تنزلی ہمارے سماجی ڈھانچے کو تباہی کے دہانے کی طرف لے جا رہی ہے۔خاندان کسی بھی معاشرے کی اکائی ہوتے ہیں۔جب خاندان کا وجود اپنی عفت و وقار کھونے لگتا ہے تو معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہو جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط اور باعظمت معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی طرز زندگی کو ڈھالا جائے ۔خاندان رسالت کی حقیقی اطاعت سے پاکدامنی، عفت، ایثار، طہارت، عشق خدا، بندگی اور قران سے اُنس حاصل ہو گا۔زندگی میں سکون اور ذہنی وجسمانی تناؤ سے آزادی کا واحد اور بہترین نسخہ محمد و آل محمد کی اطاعت ہے۔

 کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نےکہا کہ جناب سیدہ سلام اللہ علیہاحجت خدا ہیں جو عصمت کبریٰ کی منزل پر فائز ہیں۔وہ معصومہ و ہادیہ ہیں جن پر اللہ کا انعام ہوا۔ان کی پاکیزہ آغوش میں تاریخ بشریت کی ان عظیم ہستیوں نے پرورش پائی جنہوں نے استکباری قوتوں کے ناپاک ارادوں کو پاش پاش کر کے دین اسلام کو سربلند کیا۔ایک انقلابی ماں نے اپنی اولاد کو شجاعت، استقامت اور شرافت ورثے میں عطا کی۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree