Print this page

گلگت بلتستان انتخابات،ایم ڈبلیوایم پی ٹی آئی کا انتخابی اتحاد کا اعلان، ایم ڈبلیوایم دو حلقوں سے الیکشن لڑےگی، وزیراعلیٰ کا مشیر اورمخصوص نشستوں میں بھی حصہ ملے گا

28 ستمبر 2020

وحدت نیوز(اسلام آباد) گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے عام انتخابات 2020 کیلئے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے درمیان انتخابی اتحاد کا باضابطہ اعلان کردیا گیا، گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دینے اور دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی اشتراک عمل کا اعلان وفاقی وزیر امور کشمیراور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی اور مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز اور تحریک انصاف کے سینئرنائب صدر ارشدداد بھی موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کی اعلیٰ قیادت نے طویل مشاورت کے بعد آج گلگت بلتستان الیکشن میں انتخابی اتحاد کی تشکیل کا باقائدہ اعلان کردیاہے ، اسلام میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہاکہ جی بی کے عوام کو تعلیم، صحت ، روزگار اور آئینی حقوق کی فراہمی کیلئے مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ انتخابی اتحاد کا اعلان کرتے ہیں۔ دونوں جماعتیں مل کر آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گی اور حکومت سازی میں بھی شریک ہوں گی، انہوں نے کہاکہ اس اتحاد میں ایک اورسیاسی جماعت اسلامی تحریک پاکستان کو شامل کرنے کیلئے مزاکرات جاری ہیں امید ہے کہ وہ بھی جلد اس اتحاد کاحصہ ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان کوعبوری آئینی صوبے کی حیثیت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی نے کہاکہ ہم نے گلگت بلتستان کے عوام اور وہاں کے جغرافیائی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ون پوائٹ ایجنڈے یعنیٰ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق کی فراہمی کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ پولیٹیکل ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے ، ہم پر شدید پریشر تھاکہ ہم نے اپنی حیثیت سے بہت کم سیٹیوں پر ایڈجسٹمنٹ کی ہے تاہم ہمارا یہ فیصلہ بھی گلگت بلتستان کے عوام کی خاطر ہے ۔ ہم گلگت بلتستان میں مذہبی ہم آہنگی، اتحاد ووحدت ، سی پیک کی بروقت تکمیل اور وہاں کے محروم عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیں گے۔

آخر میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور پارلیمنٹری بورڈ کے صدر ارشد داد نےگلگت بلتستان کے24حلقوں سے پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے نامزد مشترکہ امیداروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ ایم ڈبلیوایم گلگت نگر حلقہ 5سے رضوان علی اور سکردو حلقہ 2 سے محمد کاظم میثم کو میدان میں اتارے گی، تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کی صورت میں ایم ڈبلیوایم کو مخصوص نشستوں میں بھی حصہ دیا جائے گا جبکہ حلقہ ایک گلگت سے سابق امیدوار اور سابق چیئرمین بلدیہ گلگت الیاس صدیقی کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا مشیر مقرر کیا جائے گا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree