Print this page

ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ایک مضبوط مرکزی حکومت کی تشکیل کیلئے پانامہ کیس کا جلد فیصلہ بہت ضروری ہے، علامہ راجہ ناصرعباس

07 جولائی 2017

وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وقف کوٹلی امام حسین اراضی کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دے سکتے، غیر شرعی اور غیر قانونی طریقے سے وقف امام حسین اراضی کو اوقاف کے نام منتقل کیا گیا، پارا چنار سانحہ پر حکمرانوں کی بے حسی کھل کر سامنے آئی، چیف آف آرمی سٹاف کے مظلوموں کے درد کا احساس کرنے کے مشکور ہیں،ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ایک مضبوط مرکزی حکومت کی تشکیل کیلئے پانامہ کیس کا جلد فیصلہ بہت ضروری ہے، قانون پر مکمل عمل درآمد نہ کیا جانا مسائل کا پیش خیمہ ثابت ہو رہا ہے، مریم نواز کی پیشی پر شاہانہ طریقے سے حاضری تشویشناک ہے، حکمران الزام لگنے کو ہیرو بننے کا موقع سمجھ لیتے ہیں  ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے باوجود بڑے پیمانے پر دہشت گردی ہوئی، داعش پاکستان میں بڑی دہشت گردانہ کاروائیوں میں مصروف ہے، انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے قبل نگران حکومت کے دور میں  کوٹلی  امام حسینؑ کی وقف اراضی کو غیر قانونی اور غیر شرعی طریقے سے اوقاف کے نام منتقل کیا گیا، ہم واضح بتا دینا چاہتے ہیں کہ وقف امام حسین اراضی کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دیں گے، بلاوجہ اس مسئلے کو گھمبیر نہ بنایا جائے، کسی کمزور ملک کے حکمران بھی عید کرنے باہر نہیں جاتے لیکن پاکستان جل رہا تھا اور حکمران یو کے میں عید منا رہے تھے،  وزیراعظم صرف پنجاب کے وزیراعظم بن کر دکھا رہے ہیں، شیعہ شہدا کی امداد کو کم کر کے خون کی قیمت میں فرق کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ داعش ملک میں دہشت گردی کی بڑی وارداتیں کر رہی ہے، پورے ریجن میں داعش دہشت گردوں کو جمع کر رہی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا بہت ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ کلنگ پر قاتلوں کو کوئی سزا نہیں دی گئی، پورے ملک میں قانون پر عمل درآمد نہ ہونا مسائل کا سبب بن رہا ہے،کراچی جیل سے دہشت گردوں کا فرار باعث تشویش ہے، ڈیرہ جیل بریک میں شیعہ کو چن چن کر شہید کیا گیا، انھوں نے کہا کہ ہم علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان چاہتے ہیں، ہم ملک میں بیس ہزارجنازے اٹھا چکے ہیں،قائداعظم کا پاکستان ضیا ء نے اپنی  متعصبانہ پالیسی سے چھین لیا، انتہا پسند پاکستان نہیں چاہتے،  ملک میں عام آدمی کے لیے اور قانون اور حکمران طبقہ کے لئے اور قانون ہے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree