Print this page

یوم پاکستان اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ قائد اعظم کے پاکستان میں کسی انتہا پسندی اور عصبیت کی قطعاََ گنجائش موجود نہیں،علامہ راجہ ناصرعباس

23 مارچ 2017

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کے موقعہ پر میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ارض پاک کو قائد اعظم و اقبال کے خوابوں کی حقیقی تعبیر بنانے کے لیے ہر شخص کو انفرادی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔قائد اعظم کی جدوجہد محض کسی زمینی ٹکرے کے حصول کے لیے نہ تھی بلکہ ان کے پیش نظر ایک ایسے ملک کا حصول تھا جہاں نظریہ اسلام کے مطابق ہر کسی کو آزادنہ زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں کسی تفرقہ بازی،انتہا پسندی اور عصبیت کی قطعاََ گنجائش موجود نہیں۔بدقسمتی سے ایسے حکمران اس ملک کے حصے میں آتے رہے جنہوں نے اقتدار کو ملکی ترقی و استحکام کی بجائے ذاتی منفعت کا ذریعہ بنائے رکھا۔قرار داد مقاصد اس امر کا تقاضہ کرتی ہے ہے کہ اس ملک کے باسیوں کو قرآن و سنت کے اصولوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کے مواقع میسر ہوں اور اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ملے۔ملک میں بسنے والے ہر طبقے کے جائز حقوق کا تحفظ ریاست کے ذمے ہیں ۔لیکن اس کے برعکس اس ملک میں ایسے تکفیری گروہوں کو پروان چڑھایا گیا جنہوں نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے اس ملک کی جڑیں ہلا کر رکھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اخوت و اتحاد کے فروغ کے لیے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔حکمرانوں کی طرف دیکھنے کی بجائے ہر شخص انفرادی طور پر تجدید عہد کرے کہ وہ اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا یہ وطن ہمارے لیے اللہ تعالی کی سب سے بڑی نعمت ہے ۔نعمتوں کی ناقدری کفر کا زینہ ہے۔ان نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وطن عزیز کوبیرونی مداخلت سے پاک کیا جائے یہی اصل آزادی اور تمام مسائل کا حل ہے۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree