وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام امام بارگاہ گلستان زہرا( س )لاہور میں تحفظ عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں لاہور اور گردونواح کی ماتمی سنگتوں اور مرکزی جلوسوں کے بانیان نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا عزاداری سید الشہداء ہماری شہ رگ حیات ہے، جس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے دفاع کیلئے ہم اپنی جانیں پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، خواہ وہ راولپنڈی، لاہور، کراچی یا پاکستان کا کوئی بھی کونہ ہو۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم عزاداری سید الشہداء کیلئے بانیان مجالس اور عزاداروں سے مکمل تعاون کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ اس سال کا محرم الحرام ان شاء اللہ اب تک کا پُرامن محرم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بھی بانیان مجالس اور ماتمی سنگتوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل آغا مبارک موسوی اور لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔
کانفرنس کے بعد میڈیا بریفنگ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان اس وقت چاروں اطراف سے دشمن کے خطرات سے گھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کا درندہ صفت وزیراعظم کشمیر میں جاری مظالم پر پردہ ڈالنے کیلئے بزدلانہ کارروائیوں کا سہارا لے رہا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کی غیور عوام دفاع وطن کیلئے اپنی جانیں دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ صوبائی اور مرکزی حکومتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مجالس اور جلوسوں کو مکمل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں علماء، خطباء اور ذاکرین پر غیر آئینی پابندیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان غیر آئینی پابندیوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عدلیہ اور چیف جسٹس آف پاکستان بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ان پابندیوں کیخلاف سوموٹو نوٹس لے۔