مسنگ پرسنز اور ایک ریاست میں تین ریاستیں

05 اکتوبر 2017

وحدت نیوز(آرٹیکل) ریاست کے اندر ریاست کا واویلا، بڑے عرصے سے سنائی دے رہا ہے، جس ملک میں سیاست کے سائے میں گلو بٹ پلیں، لوگ قتل اور لاپتہ ہوجائیں لیکن کہیں ایف آئی آر درج نہ ہو ، وہاں عوام  کو نہ ریاست پر بھروسہ رہتا ہے اور نہ سیاست پر!؟

لوگ نعرے لگاتے ہیں ، ووٹ دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جمہوری حکومت آئے گی تو ان کے دن پھر جائیں گے لیکن  جمہوری لیڈروں کی پروٹوکول کی گاڑیاں عوام کی لاشوں کو روند کر گزر جاتی ہیں اور  خاک نشینوں کا خون رزقِ خاک بن جاتا ہے۔

ہمارے ہاں کا عام آدمی اس حقیقت کا گواہ ہے کہ  کہ ہمارے ہاں جس کو بھی موقع ملتا ہے  وہی  ریاست کے اندر ریاست بنا لیتا ہے۔

اس وقت ہمارے ہاں مجموعی طور پر تین ریاستیں  موجود ہیں:۔

۱۔ طالبان اور ان کے سہولت کاروں کی ریاست

۲۔ سیاست دان اور ان کے آلہ کاروں کی ریاست

۳۔ فوج پولیس اور رینجرز کی ریاست

یہ تینوں ریاستیں اپنی اپنی رٹ قائم کرنے اور اپنی اپنی طاقت کا لوہا منوانے  میں مصروف ہیں۔متاثرین کے مطابق ان  تینوں ریاستوں کا طریقہ واردات بھی ایک سا ہے،سیاستدان بھی جس سے خطرہ محسوس کرتے ہیں ،اسے سانحہ ماڈل ٹاون کی طرح مروا دیتے ہیں یا لاپتہ کردیتے ہیں،  طالبان بھی یہی کرتے ہیں اور بدقسمتی سے فوج، پولیس اور رینجر سے بھی لوگوں کو یہی شکایات ہیں۔

جہاں تک قانون کی بات ہے تو لوگوں کے مطابق ان تینوں ریاستوں کے پاس اپنا اپنا قانون ہے،  یہ تینوں ریاستیں اپنے اپنے قانون کی بات کرتی ہیں۔یہ خود ہی آئین ساز ہیں اور خود ہی مقتدرِ اعلیٰ ہیں۔خود ہی اپنے مجرم ڈھونڈتی ہیں، خود ہی  سزا سناتی ہیں اور خود ہی سزا دیتی ہیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر چشمِ فلک نے کیا منظر دیکھا!؟

اناًفاناً رینجرز آئے ، انھوں نے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا ، یہی نہیں بلکہ وفاقی وزراء خصوصاً وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر مملکت طلال چوہدری  کو بھی  اندر نہیں جانے دیا، وزیر داخلہ  صاحب رینجرز کے انچارج بریگیڈیئرآصف کو پکارتے رہے لیکن ایک ریاست کے بادشاہ نے دوسری ریاست کے بادشاہ کی آواز پر کوئی توجہ نہیں دی، یہانتک کہ  وزیر داخلہ کو بخوبی احساس ہوا کہ میں ایک کٹھ پتلی وزیر داخلہ ہوں۔ یعنی یہ ریاست کسی اور کی ہے اور یہاں کسی اور کا حکم چلتا ہے۔

اسی طرح  مسنگ پرسنز کے حوالے سے لواحقین احتجاج کر کر کے تھک چکے ہیں، وزارتِ داخلہ کہتی ہے کہ ہمیں نہیں پتہ،طالبان کہتے ہیں کہ ہم تو مفت میں بدنام ہیں، فوج رینجرز اور پولیس کا کہنا ہے کہ ہم اور یہ کام۔۔۔!

اب آپ خود اندازہ لگائیں کہ غریب ، بے کس اور لاچار لوگ کیا کریں، کچھ لوگوں کو تو   لاپتہ ہوئے کئی کئی سال ہو چکے ہیں۔ ایسے میں مسنگ پرسنز کے لواحقین نے  اپنے پیاروں کا سراغ لگانے کے لئے ان دنوں جیلیں بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے۔

ظاہر ہے جہاں، کوئی قانون نہیں، کوئی عدالتی کارروائی نہیں، کوئی شنوائی نہیں وہاں  اپنے لاپتہ ہوجانے والے بیٹے کے انتظار میں بیٹھی ہوئی بوڑھی ماں، سسکتے ہوئے مجبور باپ اور لاوارث بچوں کے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا راہِ حل ہے بھی نہیں۔

مسنگ پرسنز کے حوالے سے اس ملک کے پڑھے لکھے، سمجھ دار اور باشعور لوگوں کی اتنی ذمہ داری تو بنتی ہے کہ وہ مسنگ پرسنز کی تلاش کی تحریک کو ایک شعوری تحریک میں تبدیل کر کے ریاست کے اندر قائم کی جانے والی نام نہاد ریاستوں کو بےنقاب کریں۔

ہم بحیثیت پاکستانی ، ریاست پاکستان کے مقتدر حلقوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ اگر ریاستی ادارے آئینِ پاکستانی کی بالادستی کو تسلیم کرلیں  تو اس سے عوام بھی سکھ کا سانس لیں گے اور ریاستی اداروں کی عزت و وقار میں بھی اضافہ ہوگا۔ عوام کا اداروں پر اعتماد بڑھے گا اور عوام کے ساتھ خواہ مخواہ کی کشیدگی اور تناو بھی ختم ہوجائے گا۔

ہماری ارباب اقتدار سے دردمندانہ اپیل ہے کہ ریاست کے اندر آئین پاکستان کی رٹ قائم کی جائے ، لاپتہ لوگوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے ، اور لوگوں کو ماورائے عدالت لاپتہ کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔

ہمیں یہ مان لینا چاہیے کہ خوشحال عوام سے ہی خوشحال پاکستان تشکیل پائے گا۔


تحریر۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree