حماد اہلبیت ؑ شہید محسن نقوی کی شخصیت پر ایک نظر

14 جنوری 2017

وحدت نیوز (آرٹیکل) پاکستان کے قیام کا مقصد اگرچہ ایک ایسے جداگانہ وطن کا حصول تھا، جس میں تمام تعصبات بالخصوص مذہبی تفریق و تقسیم سے بالاتر ہو کر تمام مذاہب کے ماننے والوں کیلئے آزادی ہو اور وہ بے خوف و تردید نیز کسی تعصب کا شکار ہوئے بغیر اپنے عقیدے و مذہب کیمطابق اپنی عبادات کو انجام دے سکیں، اقبال و قائد رحمۃ اللہ کے خیال و فکر میں یقیناً ایسا ہی پاکستان اور ہندوستان سے جدا وطن کا حصول تھا، مگر بدقسمتی سے حضرت اقبال قیام پاکستان سے بہت پہلے اور قائد اعظم قیام پاکستان کے صرف ایک سال بعد نوزائیدہ مملکت کو بیچ منجدھار کے چھوڑ کے داغ مفارقت دے گئے، جس کے بعد ہمارے پیارے پاکستان کو ایسی نظر لگی کہ آج تک ہم تعصبات و تنگ نظریوں کا شکار چلے آ رہے ہیں۔ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تعصب نے ہم سے ایسے ایسے گوہر نایاب چھین لئے کہ جن کا متبادل ہمیں دکھائی نہیں دیا۔ ان شہداء، چمکتے ستاروں اور پاک سرزمین کے فرزندان میں علماء بھی ہیں اور بزرگان بھی، ڈاکٹرز بھی ہیں اور وکلا بھی، اعلٰی آفیسرز بھی ہیں اور خطیب بھی، شاعر بھی ہیں اور ادیب بھی، پروفیسرز بھی ہیں اور انجینئرز بھی، طالبعلم بھی ہیں اور تاجر بھی۔ الغرض اس تعصب و تنگ نظری کا شکار ہر طبقہ فکر اور شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے انتہائی قیمتی اور ملک کے حقیقی خدمت گذار نظر آتے ہیں۔

یہ فہرست بہت طویل ہے، کس کس کا نام لیں، کس کو روئیں، کس کس کا ماتم کریں، یہ ایک دو دن کی بات نہیں، کم از کم پینتیس برس کی لہو رنگ داستان ہے، جسے سنانے کیلئے بہت وقت درکار ہے اور لکھنے کیلئے کتابوں کا بار، انہیں میں سے ایک سید محسن نقوی ہیں، جن کا اصل نام سید غلام عباس تھا، ان کا تعلق جنوبی پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان سے تھا، محسن نقوی نے 6 مئی 1947ء کو جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خاں میں سید چراغ حسن نقوی کے گھر میں آنکھ کھولی، مگر محسن نقوی نے اپنا مسکن و رہائش لاہور کو پسند فرمایا۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج بوسن روڈ ملتان سے ایم اے اردو کیا تھا۔ اس دوران ان کا پہلا مجموعہ کلام چھپا، جس کے بعد ان کی شہرت و نام میں بلندی دیکھی گئی، اسی دوران وہ لاہور منتقل ہوگئے، جہاں 15 جنوری 1996ء کو انہوں نے لاہور کی معروف مون مارکیٹ دبئی چوک میں تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پائی۔
یہ کس نے ہم سے لہو کا خراج پھر مانگا
ابھی تو سوئے تھے مقتل کو سرخرو کرکے

سید محسن نقوی کو بطور ایک شاعر دیکھیں یا ایک بلند پایہ خطیب کے طور پر سٹڈی کریں، ان کی شخصیت کو ایک ادیب کے طور پر سامنے رکھیں یا ایک مداح اہلبیت ؑ کے طور پر، انہیں ایک قومی رہنما کے طور پہ دیکھا جائے یا ایک سیاستدان کے طور پہ، محسن نقوی کئی حوالوں سے منفرد شناخت رکھتے تھے۔ لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ ان کی شاعری انہیں ان سب حیثیتوں سے ممتاز کرتی ہے، وہ شاعر تھے، غزل گو تھے، مگر ان کی نظمیں بھی لافانی ہیں، وہ شاعری میں منفرد حیثیت و مقام کے حامل تھے، انہیں آپ جب جب پڑھیں گے، ان کے کلام سے نئی ضوفشانیاں پائیں گے، وہ ادب کے ہر رنگ اور شاعری کی ہر صنف پر ناصرف خوبصورتی سے پورے اترتے نظر آتے ہیں، بلکہ ہر ایک صنف کو اپنا رنگ دیتے دکھائی دینگے۔ ان کی شاعری میں آپ کو مقتل، قتل، مکتب، خون، گواہی، کربلا، ریت، فرات، پیاس، وفا، اشک، صحرا، دشت، لہو، عہد، قبیلہ، نسل، چراغ، خیمہ جیسے الفاظ، جن کا تعلق کسی نا کسی طرح کربلا اور اس سرزمین پر لکھی گئی ان کے اجداد کی حریت و آزادی کی بے مثال داستان سے ہے، بدرجہ اتم نظر آتا ہے۔ کربلا کی تپتی زمین پر قربانی کی جتنی داستانیں لکھی گئی ہیں، محسن نقوی نے ان کو کسی نا کسی رنگ و آہنگ میں اپنا موضوع بنایا ہے اور انہیں اپنے تئیں زندہ کرنے اور نئے پہلو اجاگر کرنے کی سعی کی ہے۔

ذرا اس کلام میں دیکھیں کہ کربلا سے درس حریت اور احساس زندگی لینے والا یہ مسافر کربلا، کس طرح حالات حاضرہ دیکھ کر، اس کا احساس کرکے اسے اپنے رنگ میں اجاگر کر رہا ہے۔۔۔۔
قتل چھپتے تھے کبھی سنگ کی دیوار کے بیچ
اب تو کھلنے لگے مقتل بھرے بازار کے بیچ
اپنی پوشاک کے چھن جانے پہ افسوس نہ کر
سر سلامت نہیں رہتے یہاں دستار کے بیچ
آج بھی ہمارے ملک میں صورتحال ویسی ہی ہے، جیسی آج سے کئی برس پہلے شہید محسن نقوی نے محسوس کی تھی۔ ہر سو بے گناہوں کا لہو بہایا جا رہا ہے اور درد و الم کی داستانیں گھر گھر اور شہر شہر رقم ہو رہی ہیں۔ اب کوئی معزز نہیں رہا، کوئی تہذیب نہیں رہی، کوئی توقیر نہیں رہی، احساس مر چکا ہے، عزتین پائمال کی جا رہی ہیں۔ ہمارے ملک کی ہر شام خون آشامیوں کی تاریک راتوں کیساتھ سامنے آتی ہے، محسن جیسا حساس شاعر اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتا، لہذا وہ اس پر بہت ہی اداس ہوا، اگر اس کی شاعری میں قتل، مقتل، بھرے بازار جیسے الفاظ پڑھنے کو ملتے ہیں تو یہ اس کے اندر کا کربلائی ہونا ہے، جو کسی بے گناہ کے قتل پر اپنا دھیان الگ نہیں کرسکتا۔ انسان کو فکر معاش کے ذریعے جس طرح لاتعلق رکھنے کی سازش کی جاتی ہے، وہ ایک باشعور فرد ہونے کے ناطے اس سے آگاہ کر رہے تھے کہ
رزق، ملبوس، مکان، سانس، مرض، قرض، دوا
منقسم ہوگیا انساں انہی افکار کے بیچ
اور پھر محسن کا دردمند دل یہ کہتا ہے کہ۔۔۔۔
اشک اپنا کہ تمہارا نہیں دیکھا جاتا
ابر کی زد میں ستارہ نہیں دیکھا جاتا
اپنی شہ رگ کا لہو تن میں رواں ہے جب تک
زیرِ خنجر کوئی پیارا نہیں دیکھا جاتا

ذیل میں جس کلام کو پیش کر رہے ہیں، اسی میں دیکھیں کہ کتنے استعارے اور الفاظ ایسے ہیں، جن کا تعلق صحرائے کربلا پر لکھی تاریخ کی عظیم ترین داستان عشق سے ہے۔
چاہت کا رنگ تھا نہ وفا کی لکیر تھی
قاتل کے ہاتھ میں تو حنا کی لکیر تھی
خوش ہوں کہ وقت قتل مرا رنگ سرخ تھا
میرے لبوں پہ حرف دعا کی لکیر تھی
میں کارواں کی راہ سمجھتا رہا جسے
صحرا کی ریت پر وہ ہوا کی لکیر تھی
شہید محسن نقوی اگرچہ عام مشاعروں میں زیادہ نہیں دیکھے جاتے تھے اور ایسے مشاعرے و پروگرام جن کا خاص مقصد یا خاص ایجنڈا حکومتی یا کسی خاص ادبی گروہ یا سوچ و فکر کی ترویج ہوتا تھا، ان سے دور ہی دکھائی دیتے تھے، مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ وہ عوامی سطح پہ روزانہ کئی کئی مجالس پڑھتے تھے، جن میں ہزاروں لوگ ان کے سامع ہوتے تھے اور ان کو داد و تحسین دیتے تھے۔ مجالس میں انہیں لوگ بے حد عقیدت سے ملتے تھے، محسن کو بھی اپنے انہی چاہنے والوں سے محبت تھی۔ وہ کو بہ کو، شہر بہ شہر جاتے اور مجالس میں شریک ہوتے، اپنے خوبصورت عقیدت بھرے افکار سے لوگوں میں محبت اہلبیت کے چراغ جلاتے۔ انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، اگرچہ وہ ایوارڈز اور عہدوں سے بہت بلند مقام رکھتے تھے، مگر یہ ان کی فکر کی ترویج و تسلیم کا ایک ذریعہ تھا۔ وہ بہرحال اپنے دور کے سب سے موثر قادرالکلام شاعر تھے، جنہیں عوامی پذیرائی اور محبتیں حاصل تھیں۔

مزاحمتی شاعری، جس کا ہدف عوامی شعور کی بیداری، غیر عادل حکمرانوں کا احتساب اور انصاف و مساوات قائم کرنا ہوتا ہے، محسن نقوی کے ہر کلام میں اپنے انداز میں دیکھ سکتے ہیں۔ وہ فیض احمد فیض اور حبیب جالب کے انداز کے حامل نہیں تھے، مگر ان کا طرز تخاطب اور انداز تحریر زمانہ حال و مستقبل سے ہم آہنگ ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ ان کی شاعری کو آج پڑھیں تو ایسا محسوس ہوگا کہ یہ آج کے حالات پر لکھی گئی ہے۔۔۔۔
منصب بقدر قامت کردار چاہیئے
کٹتے ہوئے سروں کو بھی دستار چاہیئے
اک صبح بے کفن کو ضرورت ہے نوحہ گر
اک شام بے ردا کو عزادار چاہیئے
ہے مدعی کی فکر نہ مجرم سے واسطہ
منصف کو صرف اپنا طرفدار چاہیئے
اگرچہ مقتل اور قتل سے متعلق ان کے بے انتہا خوبصورت اشعار ملتے ہیں، مگر اس کلام میں جو پیغام ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔۔۔۔
یہ رونقیں، یہ لوگ، یہ گھر چھوڑ جاؤں گا
اک دن میں روشنی کا نگر چھوڑ جاؤں گا
اور قاتل مرا نشاں مٹانے پہ ہے بضد
میں بھی سناں کی نوک پہ سر چھوڑ جاؤں گا
اور اسی کلام میں یہ شعر ملاحظہ کریں، کس طرح یہ مرد مجاہد اپنے نہ ہونے کی خبر دیتے ہوئے اپنے افکار کی ترو تازگی کی بات کر رہا ہے۔۔۔
آئندہ نسل مجھے پڑھے گی غزل غزل
میں حرف حرف اپنا ہنر چھوڑ جاؤں گا

ان کی سیاسی ہمدردیاں پاکستان پیپلز پارٹی کیساتھ تھیں، محسن نقوی کی پارٹی سے بے لوث محبت اور انتھک محنت و لگن کو سراہتے ہوئے غریبوں کی نمائندہ جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر ذوالفقار علی بھٹو نے مفتی محمود کے مقابلے میں محسن نقوی کو پارٹی ٹکٹ دیا، مگر بدقسمتی سے یہ انتخابات ملتوی ہوگئے۔ جن دنوں ڈیرہ غازی خان کے فاروق لغاری بھی پاکستان پیپلز پارٹی میں ہوا کرتے تھے، وہ ان کی حکومت میں مشیر بھی بنائے گئے، جبکہ انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی اسیری اور پہلی حکومت گرائے جانے پہ ایک لافانی نظم لکھی، جسے ایک عرصہ تک پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے جلسوں میں خاص طرز و ترنم میں پڑھا کرتے تھے۔ اس نظم کا عنوان "یااللہ یارسول بے نظیر بے قصور تھا" اسی طرح انہوں نے ایک اور لافانی کلام بھی لکھا، جسے وہ مجالس میں پڑھا کرتے تھے، اس نظم میں کالعدم تکفیری گروہ کی حقیقت بیان کی گئی تھی، اس کے بول کچھ یوں تھے۔۔۔۔
کل شب کو خواب میں میرے دور پرفتن
دیکھی یزیدیت کے قبیلے کی اک دلہن
آئی صدا اس کے مقابل کرو جہاد
دیکھیں یہ ہے سپاہ صحابہ کی انجمن
محسن نقوی نے چند ایک فلموں کیلئے بھی گیت لکھے، مگر وہ فلمی دنیا کے مزاج سے ہم آہنگ نہ تھے، البتہ ان کی غزلیں بالخصوص ؛آوارگی؛ کو معروف گلوکار غلام علی نے گایا، جو بہت پسند کی گئی۔ محسن نقوی نے قومیات میں بھی اپنا حصہ ڈالا، اسلام آباد کے معروف معرکہ جس میں مفتی جعفر حسین قبلہ کی قیادت میں تاریخی جدوجہد کی گئ
وہ سٹیج پر موجود تھے اور اپنے کلام و افکار و انداز سے عوام کو گرما رہے تھے۔ محسن نقوی کی شہادت کے بعد ان کے فرزند سید عقیل محسن نے ان کی مسند مجالس سنبھال رکھی ہے، جو ملک بھر میں اپنے باپ کے نام کیساتھ پہچانے جاتے ہیں۔

تحریر۔۔۔ارشاد حسین ناصر



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree