وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان کے رہنماء ورکن اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت مقپون داس میں رات کی تاریکی میں آپریشن کرکے علاقے میں امن وامان کا مسئلہ پیدا کررہی ہے، گلگت بلتستان کے لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرکے جان بوجھ کر حالات خراب کئے جارہے ہیں، اگر حکومت کو زمین کی ضرورت ہے تو وہ عوام کو اعتماد میں لے کر معاوضہ دے کر زمین حاصل کرے، عوام کی خواہشات کے برعکس زمین ہتھیانے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقپون داس مقپون خاندان کی ملکیت ہے، حکومت بتائے کہ اس نے کس طرح اس داس پر واقع تعمیرات مسمار کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقپون داس کے مسئلے پر حکومت سیاست نہ کرے کیونکہ داس کا مسئلہ بہت ہی پیچیدہ ہے اور اس کا معاملہ عدالت میں ہے، حکومت نے آپریشن کرکے عدالت کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہم اقتصادی راہداری میں حصہ مانگ رہے ہیں دوسری جانب منظم منصوبہ بندی کے تحت ہماری زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے، اگر ہم نے خاموشی اختیار کی تو کل حکومت ہمارے گھروں کو بھی مسمار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ملکیتی زمینوں پر قبضہ کرنا سنگین واقعہ ہے اس واقعے پر خاموش نہیں رہا جاسکتا، جو لوگ عوامی ملکیت پرقبضہ کررہے ہیں انہیں جلد اپنی حیثیت معلوم ہوجائے گی۔

وحدت نیوز (لاہور) پنجاب میں کالعدم انتہا پسند جماعتوں کیخلاف کاروائی کا نہ ہونا افسوس ناک ہے،عالمی دہشت گردگروہ داعش کے کارندے اسی ہی صوبے سے پکڑے جارہے ہیں،پنجاب میں کرپشن اور دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے مخالفین دراصل اپنے مخفی خوف کو ظاہر کر رہے ہیں،پنجاب کے حکومتی صفوں میں موجود وزراء یہاں پر موجود کالعدم گروہ کی سرپرستی کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پنجاب کے صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے، وفاق، پنجاب ،گلگت بلتستان میں نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کر رہے ہیں،دہشت گردی کیخلاف موجودہ حکمرانوں کے اقدامات مایوس کن ہے،ساٹھ ہزار سے زائد شہداء کے لواحقین اب بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا پاک چائنہ اقتصادی راہ داری میں بندر بانٹ کا سلسلہ بند ہونا چاہئیے،گلگت بلتستان کو اس میگھا پروجیکٹ سے دور رکھنے کے حکومتی روش ایک نئے بحران کی طرف ملک کو لے جانے کی سازش ہے،اقتصادی راہ داری میں گلگت بلتستان کو اتنا ہی حق ملنا چاہیئے جتنا دیگر صوبوں کو ملا ہے،ملکی وسائل پر صرف تخت لاہور کا نہیں بلکہ دیگر پسماندہ علاقوں کا بھی حق ہے،تھر میں آج اکیسویں صدی میں بھی بچے بھوک ،پیاس اور صحت کے بنیادی سہولت نہ ملنے کی وجہ سے مر رہے ہیں،افسوس کا مقام یہ ہے کہ حکمرانوں کے ترجیحات عوام کے بنیادی ضروریات نہیں بلکہ اپنے مفادات کا حصول اور اپنے کاروبار کو وسعت دینا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ حکمران  ایران پر عالمی پابندیوں کے خاتمہ کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے توانائی کے بحران سے نجات کے لئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے فوری تکمیل کو یقینی بنا ئیں،مشرق وسطیٰ کے صورت حال پر گفتگو کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی بھی ایسے اتحاد میں شامل نہیں ہونا چاہیئے جو مسلکی بنیاد پر بنے،پاکستان کسی ایک مسلک سے تعلق رکھنے والوں کا ملک نہیں بلکہ کہ تمام مسالک و مذاہب کے لوگوں نے مل کر اس دھرتی کو حاصل کیا ہے،ہمیں مسلکی بنیاد پر تقسیم کرنے والے دراصل پاکستان کے دوست نہیں دشمن ہیں ،اجلاس میں شوریٰ کے اراکین نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کی گذشتہ اجلاس میں درخواست پر بحث کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے چودہ اضلاع کو پارٹی امور چلانے کے لئے جنوبی پنجاب صوبے کا درجہ دیا گیاہے ،جو مرکزی شوریٰ کے منظوری کے بعد باقاعدہ پارٹی دستور کا حصہ بنے گا۔

وحدت نیوز (نصیرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا سید ظفرعباس شمسی نے ضلع نصیر آباد کا تنظیمی دورہ کیا، اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل میر غلام مصطفیٰ گولہ ، سید حسن ظفر شمسی نے ضلعی کابینہ کے ہمراہ بھنڈ صوبائی رہنماؤں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر منجھو شوری اور گوٹھ غلام مصطفیٰ گولہ میں تنظیمی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ ۱۱ فروری انقلاب اسلامی کی ۳۸ ویں سالگرہ کے موقع پر ہم تمام اہل اسلام خصوصا پیروان مکتب امام خمینی ؒ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انقلاب اسلامی نور کی تجلی تھی جس کا نورانی پیغام تمام جغرافیائی سرحدیں اور رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے عالمی انقلابی تحریک میں بدل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طول و عرض میں واقع دھشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس اور محفوظ ٹھکانے ناقابل برداشت ہیں،جبکہ مستونگ دھشت گردوں کاگڑہ بن چکا ہے،چار مہینے گذر جانے کے با وجود سانحہ چھلگری میں ملوث قاتل گرفتار نہیں کئے گئے، جو کہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے،جدوجہد کے ہر مرحلے پر مجلس وحدت مسلمین ، وارثان شہداء کے شانہ بشانہ ہوگی، ۲۰ فروری کو مزار شہداء پر حاضری دے کر شہدائے ملت جعفریہ سے اظہار عقیدت اور تجدید عہد وفا کیا جائے گا،انہوں نے کہا ۲۱ فروری کو ڈیرہ مراد جمالی میں شہداء کی یاد میں کانفرنس اور احتجاجی جلسہ منعقد ہوگا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قوم اس بات سے آگاہ ہے کہ ہماری پاک سر زمین کو نقصان پہنچانے والے کون ہیں اور ملت کا ہر فرد اپنے دشمن کو پہچانتا ہے ۔ یہی اس بات کی وجہ بنی ہے کہ آج دہشتگردوں ، دہشتگردانہ سوچ رکھنے والوں اور ان کے مددگاروں کے خاتمے کیلئے ہماری قوم متحد اور پر عزم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژنل سیکریٹریٹ میں آئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، میٹنگ میں کامران حسین ہزارہ، حاجی ناصر علی ، کربلائی رجب ، سید مہدی اور کربلائی عباس سمیت ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

انہوں مزید کہا کہ اس بات سے ہرگز انکار نہیں کیا جا سکتا کہ کوئٹہ میں بحالیِ امن کی جد و جہدکے پس پشت اقتصادی راہداری منصوبے کا اہم کردار ہے۔ وفاقی حکومت کو جو اقدامات پہلے اٹھانے چاہئے تھے وہ اقدامات آج اٹھائے جا رہے ہیں، مگر ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی آنکھیں کھل گئی ہیں اور سب دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو گئے ہیں جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ خطے سے جلد از جلد دہشتگردی کا نام و نشان مٹا کر خطے کو پر امن بنایا جائے گا، ہمارا اتحاد، نظم و ضبط اور ہمارا ایمان ہمیں ہماری منزل تک پہنچا دیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حالات پر قابو پانے اور دہشتگردی مٹانے کے اس جنگ میں عسکری قیادت کے کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔آج ہم سب متحد ہیں، اپنے دشمن کو پہچان چکے ہیں اور اپنے وطن سے انکا نام و نشان مٹانے کا یہی بہترین وقت ہے۔ اگر دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں نہیں کی گئی، انہیں اور انکے سہولت کاروں کو سزائیں نہیں دی گئی اور اگر ان کو کھلی چھوٹ دینے سے ملک و قوم کو مزید نقصانات کا سامنا کرنا پڑ ا تو اس کے ذمہ دار ہم خود ہونگے ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقعہ پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی شہ رگ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ تسلط کے خلاف اقوام عالم کا سکوت متعصبانہ سوچ کا نتیجہ ہے۔ خود کو عالمی حقوق کا چمپیئن سمجھنے والی سامراجی طاقتوں کی مسئلہ کشمیر پر خاموشی اس حقیقت کابین ثبوت ہے کہ انہیں مسلمانوں کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا تب تک پورا خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا ۔ہندوستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبرکے ذریعے حق خود ارادیت کی آواز کو دبانا کی کوششوں میں مصروف ہے۔بنیادی حقوق کے اس استحصال پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ کچھ مخفی قوتیں گلگت بلتستان اور کشمیر کے حوالے سے شکوک شبہات پیدا کر کے ہمیں داخلی انتشار کا شکار بنانا چاہتی ہیں ۔ہم ان بیرونی طاقتوں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔ گلگت بلتستان اور کشمیر پاکستان کے عضوِ بدن ہیں جنہیں کبھی جسم سے جدا نہیں کیا جا سکتا ۔

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کےڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین سی پیک مشاہد حسین سید نے اقتصادی راہداری کے حوالے سے حقائق کو منظر عام پر لاکر صوبائی حکومت کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا ہے۔ ا قتصادی راہداری کے حوالے سے خاموشی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے اور اقتدار کی خاطر گلگت بلتستان کے مفادات کا سودا کرنا عوام کے ساتھ سنگین غداری ہے۔  ترجمان ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ عوام کو اعتماد میں لئے بغیر اقتصادی راہداری کو اس خطے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت کو گلگت بلتستان میں برسراقتدار لانے کا بنیادی مقصد ہی اقتصادی راہداری کے حوالے سے من پسند فیصلے کروانا تھا۔ گزشتہ چھ ماہ کی صوبائی حکومت کی کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں حالانکہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں وزیراعلٰی کی ذمہ داری بنتی کہ وہ گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کی شراکت داری کو یقینی بناتے، لیکن وزیراعلٰی موصوف ایک عرصے سے صوبہ بدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کے وزرائے اعلٰی اقتصادی کوریڈور میں اپنے صوبے کیلئے زیادہ سے زیادہ مفادات لینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ایک ایسے وقت میں جبکہ اقتصادی راہداری کے عوض گلگت بلتستان کے محروم عوام کو حقوق ملنے کی توقع ہے اور وزیراعلٰی کا سیر سپاٹے کرنا علاقہ اور عوام کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے اعلٰی سطحی وفد سے ملاقات میں مشاہد حسین سید نے یہ انکشاف کرکے کہ گلگت بلتستان میں اقتصادی راہداری کا کوئی زون زیر غور نہیں حکومتی بلند بانگ دعووں کی قلعی کھول دی ہے اور ان کے چہروں سے نقاب الٹ دیا ہے۔ حکومت نے غیر ذمہ دارانہ رویے سے پہلے چھ مہینوں میں ہی عوامی اعتماد کو کھو دیا ہے اور اقتصادی راہداری معاشی حوالے سے خطے کے عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

Page 3 of 6

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree