وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں قومی کانفرنس بعنوان ’’خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کا کردار‘‘ کا انعقاد ہوا، جس میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون،جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر بخاری نے کہا کہ خارجہ پالیسی تب ہی موثر ثابت ہوسکتی ہے، جب اس کی تشکیل منتخب نمائندوں کے ذریعے کی جائے۔ مغرب نے ایشیا کو غیر مستحکم کرنے کے لیے مسائل پیدا کیے ہیں۔ ملک میں استحکام لائے بغیر خطے میں استحکام لایا جانا ممکن نہیں۔

 سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اداروں کی بگڑتی ہوئی صورتحال دیکھ کر یہ کہنا پڑتا ہے کہ ایک ناکام ریاست میں رہ رہے ہیں۔ ہم نے افغانستان میں جو غلطی کی ہے، اس نے نفرتوں کو جنم دیا ہے۔ اپنی غلطیوں کو تسلیم کر لینا اعلیٰ ظرفی ہے۔ ہمیں بحیثیت قوم امریکہ کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ ایران ہمارا برادر مسلم ممالک ہے۔ اس پر جارحیت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ایران پر حملے کی صورت میں پاکستان کو اعلانیہ ایران کا ساتھ دینا چاہیئے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان نہایت نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ہماری حکومت نئے انداز میں خارجہ پالیسی کو مرتب کر رہی ہے۔ ہم کسی بھی ملک کی جنگ کے شریک کار نہیں بنیں گے۔ ہندوستان کے ساتھ بات چیت میں کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہے۔ ہندوستان میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ پاک افغان قائدین نے تعلقات میں موجود غلط فہمی دور کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایران کے خلاف امریکی محاذ کی قطعاََ حمایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کو ایران سے نہیں بلکہ اسرائیل سے خطرہ ہے۔ جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا مشرق وسطیٰ کا امن خطرے میں رہے گا۔ چین کے ساتھ تعلقات میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوطی آئی ہے۔ روس کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں اور اس سال کے آخر میں وزیراعظم کی دعوت پر روسی صدر پاکستان تشریف لائیں گے۔ ہماری ساری کوشش خطے میں امن کے لئے ہے۔

سینٹر رحمان ملک نے کہا کہ پورے یروشلم پر اسرائیل کا قبضہ، شام کے علاقے جولان پر اسرائیلی قبضہ، لبنان کے بعض علاقوں پر قبضہ، مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی بستیاں بسائی جا رہی ہیں، جو سب غیر قانونی ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے امن کے لئے مسلمان اور عرب ممالک کو مکالمہ کرکے میکنزم تیار کرنا ہوگا، امریکا اور نیٹو کی اس خطے میں فوجی موجودگی کو ختم کرنے کے لئے سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا، جب تک امت مسلمہ متحد نہیں ہوگی، بیرونی جارحیت ہوتی رہے گی۔ مسلم ممالک کے مابین اختلافات کے خاتمے کے لیے پاکستان کو ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ افغانستان اور ایران محفوظ پاکستان کے لئے ضروری ہے۔

اے این پی کےرہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہوگا تو عالمی امن کے لیے کردار ادا کرسکتا ہے، ہمیں دو رخی پالیسی کو ترک کرکے واضح خارجہ پالیسی دینا ہوگی۔ ماضی میں خطے میں روس اور امریکہ کے مفادات کی جنگ نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ مسلم لیگ نون کے رہنما ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل کو درست کیے بغیر امت مسلمہ کے مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا۔

مسلم لیگ قاف کے رہنما کامل علی آغا نے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام میں مثالی بھائی چارہ ہے۔ حکومتوں کو چاہیئے کہ وہ عوامی جذبات کو مدنظر رکھیں۔ سابق سینٹر صفدر عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کے حوالے سے ہر حکومت کی پالیسی غیر جانبدار رہی ہے۔ ایران پر کسی قسم کی جارحیت کی صورت میں پاکستان کو ایران کا ساتھ دینا چاہیئے۔

تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ پاکستانی قوم بھارت اور افغانستان سمیت کسی سے بھی جنگ نہیں چاہتی، البتہ مقبوضہ کشمیر کا ایشو حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کو اپنا موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کا سلسلہ ختم کروانے کے لئے کوشش کرنا ہوگی۔ یمن کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے واضح موقف اپنایا تھا اور پارلیمنٹ میں قرارداد منظور ہوئی تھی، اس خطے کو جنگ میں نہیں دھکیلنا چاہیئے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ خطے میں تناؤ کی صورت حال اور ممکنہ جنگ کو ٹالنے کیلئے پاکستان اپنا موثر کردار ادا کرے۔ ایشیائی قیادت کو اس خطے کے امن کو یقینی بنانے کے لیے امریکی نفوذ کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ مسلمہ اُمہ کے تنازعات کے حل کے لئے ایک انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد ہونا چاہیئے، جس کے تحت روڈ میپ تشکیل دیا جا سکے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ڈیل آف سنچری فلسطین پر قبضے کو قانونی شکل دینے کی ایک مذموم سازش ہے، جسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا طاقت کے توازن کی ایشیا کی جانب منتقلی امریکہ کے لیے اضطراب کا باعث بنی ہوئی ہے، جسے امریکا روکنے کی سرتوڑ کوشش کر رہا ہے، مسلم امہ کی طاقت کے ٹوٹنے کے نتیجے میں اسرئیل کا ناپاک وجود سامنے آیا۔ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسی نے خطے میں مسائل پیدا کئے۔ اسرائیل کی توسیع اس کی بقا کے لیے ضروری ہے، جس کے لئے اس نے خطے میں جنگ کی، لیکن خجالت اٹھانا پڑی، اب ڈیل آف دی سنیچری کے ذریعے اپنے قبضے کو قانونی شکل دینے کی کوشش ہے، تمام فلسطینیوں نے ملکر اس سازش کو اپنے باہمی اتحاد سے ناکام بنا دیا ہے۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ایران کے ساتھ موجود تناؤ کا اصل سبب بھی ڈیل آف دی سینچری کے خلاف تہران کے اقدامات تھے، جس کی بدولت ڈیل آف دی سینچری ناکام ہوئی۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو غیر جانبدار رہنے کی بجائے خطے میں ممکنہ جنگ کے خلاف کردار ادا کرنا ہوگا۔ خطے کو امریکی مداخلت سے پاک کیے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں۔ گریٹر اسرائیل کے خلاف پاکستان کو واضح موقف اور عملی اقدامات کرنے چاہیئں۔ عالم اسلام کے برادرانہ تعلقات کے لیے پاکستان کا ذمہ دارانہ کردار ہماری نیک نامی کا باعث ہوگا۔ سی پیک کی کامیابی ڈیل آف سینچری کی مخالفت سے ہی ممکن ہے۔ یمن جنگ ختم کرنے کے علاوہ ایران اور سعودیہ کو قریب لانے کے لئے بھی پاکستان کو اپنی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے رہنما اور سنہرے اصول نمایاں کئے جائیں اور عالم اسلام کے تنازعات کے حل کے لئے پاکستانی حکومت قائدانہ کردار ادا کرے۔ قومی کانفرنس میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، ایم ڈبلیو ایم کے آغا محمد رضا، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ مدثر، پاکستان عوامی تحریک کے شفیق قادری سمیت اہم سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی نے کہاہے کہ ایم ڈبلیوایم کےشعبہ سیاسیات کے تحت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر قومی کانفرنس کل اسلام آباد میں منعقد کی جارہی ہے ۔

 انہوں نے کہاکہ قومی کانفرنس کا مقصد خطے کی بدلتی صورت حال اور پاکستان کے ہمسایہ میں جاری گشیدگی کے حوالے سےقومی سیاسی ومذہبی شخصیات اور اہل حل وعقد کی جانب سے قومی بیانیہ کی تشکیل ہے ۔

اسدعباس نقوی نے مزید کہاکہ قومی کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو دعوت دی جاچکی ہے ۔اسلام آباد ہوٹل میں منعقدہ قومی کانفرنس سے خصوصی خطاب ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورت حال بالخصوص پاکستان کے ہمسایہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظرمیں قومی بیانیہ کی تشکیل کے لئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ’’خطے کی بدلتی صورت حال اور پاکستان کا کرادر‘‘ کے عنوان سے’’ قومی کانفرنس ‘ ‘کے فوری انعقاد کے لئے ایم ڈبلیوایم کے شعبہ سیاسیات کو ہدایات جاری کر دیں ۔

علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پرایم ڈبلیوایم کے مرکزی پولیٹیکل سیل کے زیراہتمام قومی کانفرنس کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے ملک کی اہم مذہبی وسیاسی شخصیات ، وکلاءاور دیگر طبقات سے تعلق رکھنےوالی شخصیات کو دعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) شہید قائد کی31ویں برسی" ناصران ولایت کانفرنس" کے عنوان سے 4 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ برسی میں پورے ملک سے شہید کے متوالے اور پیروان شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار نثار علی فیضی مرکزی کنوینئربرسی شہید قائد نے مرکزی کور کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 سینٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ اس اجلاس سے مزید گفتگو کرتے ہوئے نثار فیضی نے کہا کہ قائد شہید حقیقی پیرو ولایت تھے، عاشق امام مہدی تھے امام حسین ع کے حقیقی فرزند تھے. ولایت کا حقیقی مفہوم کو اپناتے ہوئے انہوں نے اپنی زندگی اسلام ناب کو متعارف کروانے میں گزاری، دشمن شناسی اور استعمار دشنمی انکی زندگی کا اہم پہلو تھا۔ آج انکے معنوی فرزند انکے رستے پر چلتے ہوئے اسی سیرت پر عمل پیرا ہیں۔ اسی فکر کو نمایاں کرنے کے لیے اس سال شہید کی یاد ناصران ولایت کے عنوان سے ہوگی۔

 اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد کی یاد مجلس کے وجود کے دوام کا باعث ہے. شہید سے محبت دین کے حقیقی تشخص کا فہم دیتی ہے۔اس عظیم الشان اجتماع میں ہم شرکت کر کے پورے ملک بلکہ پوری دنیا کے سامنے اپنے اجتماعی وجود کا اظہار کرتے ہیں۔

 اجلاس سے ملک اقرار مرکزی سیکرٹری ایمپلائز ونگ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہید قائد نے اپنے جد مولا علی کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے مظلومانہ شہادت پائی انکی یاد انکے افکار کو زندہ رکھنا ہماری شرعی زمہ دای ہے۔اجلاس میں شرکاء نے موثر رابطہ مہم کی حکمت عملی مرتب کی۔ اس سال ان شاء اللہ اس اجتماع میں تقریباً ایک لاکھ افراد شرکت کریں گے۔

یہ اجتماع بروز اتوار شام 5 بجے پریڈ گراونڈ میں منعقد ہو گا. اس اجتماع سے مرکزی خطاب قائد وحدت مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے انکے علاوہ دیگر مکاتب فکر کے مذہبی رہنما خطاب کریں گے۔

مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اس اہم اجلاس میں ضلعی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی علامہ اکبر کاظمی، ضلعی سیکرٹری جنرل ضلع اسلام آباد برادر ظہیر نقوی ، ضلعی سیکرٹری جنرل ضلع چکوال جناب سید اعجاز حسین شاہ ، علامہ نیازحسین بخاری ، برادر شبیر ترابی ، برادر صادق جعفری ، برادر ناصر بلتی ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی غلام محمد iعابدی ، مولانا ظہیرالحسن کربلائی کے ، صوبائی سیکرٹری جنرل صوبہ کے پی کے علامہ وحید کاظمی نے بھی گفتگو کی ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کےتحت یوم انہدام جنت البقیع پر ملک گیر احتجاجی مظاہر ے، جنت البقیع کودوبارہ تعمیر کیا جائے۔مقامات مقدسہ اور آثار انبیاءکو مٹانے کا سلسلہ روکا جائے، حکومت پاکستان جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کے لئے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی سطح پر کوششیں کرے مظاہرین کا مطالبہ۔ سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصر عباس کی اپیل پر چاروں صوبوں آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں یوم انہدام جنت البقیع کے المناک واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح اسلام آباد میں یوم انہدام جنت البقیع کا احتجاجی مظاہرہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر ہوا جس سے ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطاب کیا۔ مرکزی رہنماایم ڈبلیوایم نثار علی فیضی نے احتجاجی مظاہر ے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا متفقہ مطالبہ ہے کہ سعودی حکومت مقامات مقدسہ خصوصا جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کرئے اور آئے روز آثار انبیاءکو مٹانے کا ظالمانہ سلسلہ بند کرئے آل سعود کی انتہا پسندانہ سوچ نے عالم اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے اور آج اسی سوچ کیخلاف عالم اسلام اسلامی تشخص بچانے کے لئے برسر پیکار ہے۔

 احتجاجی مظاہرے سے خطا ب کرتے ہوئے ضلعی رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ ہم ان احتجاجی مظاہروں سے دنیاکو یوم انہدام جنت البقیع کے المنا ک واقعے کے کی یاد دلانے کے ساتھ اس بات پر توجہ دلا رہے ہیں کہ جنت البقیع حرم نبوی ص کے بعد مدینہ کا اہم ترین اور افضل ترین مقام ہے۔ جنت البقیع اہلیبیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور ان کے اصحاب کا مدفن ہے۔ تخریب جنت البقیع کر کے سنگین ترین جرم کیا گیا ہے اس عظیم ظلم پر عالم اسلام سوگوار اور سراپا احتجاج ہے۔

علامہ اقبال بہشتی رہنما ایم ڈبلیو ایم نے مظاہرین سے اپنے خطاب میں کہا کہ 8شوال اسلامی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے آج کے دن مزارات اہلیبیت علیھم السلام انبیائے کرام علیھم السلام و صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے مزارات کو منہدم کر کے عالم اسلام اور قلب رسول اللہ ص کو سوگوار کیاگیا ، جنت البقیع کو دوبارہ تعمیر کیا جائےاور انبیائے کرام، اہلیبیت اطہار علیھم السلام ازدواج مطہرات اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی عنہم کے مزارات کے تقدس کو بحال کیا جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے قبلہ اوّل بیت المقدس اور ارض مقدس فلسطین کی صیہونی قبضہ سے آزادی اور امریکی ایماپہ مسلط کی جانیوالی “ صدی کی ڈیل “ کہ خلاف جمعتہ الوادعملک بھر میں یوم القدس کہ طور پرمنایا گیا۔یوم القدس کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے ملک بھر میں آزادی القدس ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا۔

 اسلام آباد میں نکالی جانیوالی مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ قبلہ اوّل بیت المقدس کی صیہونی قبضہ و تسلط سے آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے پاکستان کی غیور عوام امریکہ اور عرب ریاستوں کی قبلہ اوّل کو مسلمانوں سے چھیننے اور آزاد فلسطینی ریاست کے وجود کے خلاف کسی سازش کو قبول نہیں کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مشرق وسطی کی طرح امریکیوں اور انکے عرب اتحادی شیوخ کا “ صدی کی ڈیل کا منصوبہ بھی ناکام ہوگا۔ ارض مقدس فلسطین پہ فلسطینیوں کا حق ہے اور کسی بھی خائن کو یہ حق حاصل نہیں کہ اسکا سودا کرسکے۔

 القدس ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل امامیہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن عارف حسین نے کہا کہ مسلم ممالک کے خلاف اتحاد بنانے کی بجائے مسلم حکمرانوں کو صیہونی مظالم کے خلاف اور قبلہ اول کی ازادی کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ استعماری قوتیں زندگی کے ہر میدان میں عالم اسلام کو پسپا کرنے پر ت ±لی ہوئی ہیں۔ فلسطین کے مسلم مکینوں کو ان کی املاک سے بےدخل کرکے مہاجر بنایا جا رہا ہے جب کہ باہر سے آکرآباد ہونے والے یہودی اس مسلم ریاست پر قابض ہوگئے ہیں۔ اس مسلم ریاست کو یہودی تسلط سے چھڑانا امت مسلمہ کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے صیہونی مظالم پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے لئے امت مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ کیا۔

القدس ریلی سے اپنے خطاب میں شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل عارف واحدی نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، لیکن مسلمان ممالک اسرائیل کے اس جارحانہ طرز عمل کے خلاف کسی غیر معمولی ردعمل کا اظہار کرنے کی بجائے اس کے ساتھ کاروباری رابطے استوار کرنے میں مصروف ہیں جو نہ صرف اخلاقی تنزلی ہے بلکہ حکم ربانی سے بھی صریحاََ انحراف ہے۔ اسرائیل کی بجائے مسلمان ممالک کے خلاف عرب ممالک کا اتحاد ان کی ترحیجات اور اہداف کو سمجھنے کے لئے کافی ہے۔

القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبرنے کہا کہ قبلہ اول پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ امت مسلمہ کی قوت ایمانی پر کاری ضرب ہے۔ عالم اسلام کو اپنے مقدسات کی حفاظت کو مقدم رکھنا چاہیے۔ اس وقت عالم اسلام استعماری قوتوں کے نشانے پر ہے۔ یہود و نصاریٰ کے مفادات اور اہداف مشترک ہیں۔ تاریخ کے اس نازک دور میں مسلمان حکمرانوں کو اعلٰی بصیرت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں اسلم نے کہا کہ امام خمینی کے حکم کے مطابق یوم القدس مظلوموں کی حمایت کا عالمی دن ہے۔ دنیا کا ہر ذی شعور جو ظلم کو انسانی تقاضوں کی توہین سمجھتا ہے، وہ اس دن کی حمایت میں آواز بلند کرتا ہے۔ریلی کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیے گئے
 جبکہ ملک کہ بڑے شہروں کہ علاوہ تمام گوشہ کنار ملتان ، فیصل آباد ، سکھر ، سرگودھا ۔ سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں بھی یوم القد س کی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا

Page 6 of 106

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree