وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) غزہ پر صیہونی حکومت کے مظالم بڑھتے جا رہے ہیں، چند گھنٹوں میں پچاس کے قریب فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ جن میں اکثر عورتیں اور بچے ہیں۔ گذشتہ روز کی بمباری کے بعد اب بھی ملبے سے لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ غزہ میں گذشتہ روز صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائی میں 120 کے قریب نہتے فلسطینی شہید ہوئے تھے۔ آج کے حملوں سے لگتا ہے کہ صیہونی ریاست اس ریکارڈ تعداد کو پار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، چند گھنٹوں میں طیاروں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولہ باری کرکے 47 افراد کو شہید کر دیا گیا ہے، ایک گھر پر حملے میں 7 بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جو تمام ایک ہی خاندان سے تھے۔

 

دوسری طرف اتوار کو کئے گئے حملوں کے بعد تباہ ہونے والے مکانات سے لاشیں نکالے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غزہ سٹی کے ایک گھر سے 16 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ جس سے چودہ روزہ کارروائی میں شہید ہونے والوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔ صیہونی حکومت حماس کے ٹھکانے تباہ کرنے کے نام پر فلسطینوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، تاہم مارے جانے والے کم ہی افراد ایسے ہیں جن کا تعلق کسی مزاحمتی تنظیم سے تھا۔ گذشتہ روز صیہونی حکومت کے لیے بھی برا دن ثابت ہوا، جب مزاحمت کاروں سے جھڑپ میں اس کے تیرہ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق غزہ میں مارے گئے دو فوجی امریکی شہری تھے اور یہ بھی واضح نہیں کہ ان کے پاس اسرائیلی شہریت تھی یا نہیں۔

 

دیگر ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کا جنگی جنون تمام حدیں پار کر چکا ہے، صیہونی ظلم و بربریت کا شکار ہونے والے فلسطینیوں کو یقین ہو چلا ہے کہ اس دنیا کے جنگل میں صرف صیہونی درندوں کا راج ہے۔ اتوار کے روز صیہونی طیاروں نے شجاعیہ میں قیامت ڈھائی، جہاں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت 73 افراد شہید ہوگئے۔ رات کو غزہ میں 5 بچوں سمیت 11 فلسطینیوں کی لاشیں ملیں، جبکہ فضائی حملے میں 20 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اتوار کے روز حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان 2 گھنٹے کے لئے جنگ بندی پر بھی اتفاق ہوا لیکن کچھ دیر بعد ہی صیہونی حکومت کی جانب سے دوبارہ بمباری شروع کر دی گئی، جس کے نتیجے میں مزید فلسطنی شہید ہوگئے۔ غزہ میں گلیاں اور بازاروں میں نہتے فلسطینیوں کے لاشے بکھرے پڑے ہیں۔ اسپتال زخمیوں سے بھرے ہیں، غمزدہ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے پر غم سے نڈھال ہیں جبکہ ہزاروں افراد ہجرت کر چکے ہیں۔

 

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صیہونی بمباری کے نتیجے میں غزہ کا انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق شيلٹرز ميں پناہ لینے والے فلسطينيوں کی تعداد 81 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ حماس کی جوابی کارروائیوں میں 18 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایک فوجی کو یرغمال بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔ فوجی کے اغوا کی خبر عام ہوتے ہی غزہ میں سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ صیہونی فوجیوں نے ان پر بھی شیلنگ اور لاٹھی چارج کر دیا۔ ادھر اقوام متحدہ میں تعینات صیہونی مندوب نے فوجی کے اغوا کی تمام اطلاعات کی تردید کر دی۔ صیہونی حکوت نے مزید فوج غزہ میں داخل کرکے زمینی کارروائی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت کے زیراہتمام مظلومین غزہ کی حمایت میں ایک عظیم الشان ریلی امامیہ جامع مسجد گلگت سے نکالی گئی، جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بےنظیر چوک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء سے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن شیخ محمد بلال سمائری، شیخ شہادت حسین، شیخ عاشق حسین اور سید یعسوب الدین  نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطینی مسلمانوں  پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والی وحشیانہ بربریت پر عرب دنیا کی خاموشی مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ عرب ممالک شام اور عراق میں  دہشت گردوں  کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں اور مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف خاموشی دراصل عرب ممالک کا اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔ ان ممالک کو مسلمانوں  سے زیادہ یہودیوں کے مفادات زیادہ عزیز ہیں۔

 

مقررین نے کہا کہ اسرائیل آج مسلمانوں کی خاموشی اور بزدلی کی وجہ سے سینہ چوڑا کرکے تند و تیز حملوں کے ذریعے غزہ میں معصوم بچوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ اسے یہ موقع خود مسلمانوں نے فراہم کیا ہے۔ اگر آج امت مسلمہ ایک جھنڈے تلے جمع ہو جائے تو ان کی ایک للکار سے اسرائیل نیست و نابود ہو جائیگا۔ مقررین کہنا تھا کہ اسرائیل امریکہ کی ناجائز اولاد ہے اور امریکہ ہر محاذ پر اسرائیلی حملوں کا دفاع کرتا رہا ہے اور ہمارے مسلم حکمران اسی امریکہ کے آگے سر جھکاتے ہیں۔ کتنی ستم ظریفی کی بات ہے کہ یہی امریکہ جو اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے اور اس کے ہر اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کے خلاف مسلم حکمران نے اپنی زبان پر تالے لگائے بیٹھے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت کے رہنماوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مظلوم فلسطینی عوام کو اسرائیل کی بربریت سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ امریکہ و اسرائیل سمیت دیگر مغربی طاقتیں شام میں بدترین شکست سے دوچار ہونے کے بعد اب عراق میں اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کے درپے ہیں۔ شام میں بشار الاسد کی منتخب عوامی حکومت کو گرانے کیلئے امریکہ و اسرائیل داعش جیسے تکفیری دہشتگرد گروہوں کو ہر قسم کی امداد فراہم کرتے رہے لیکن شام کے شیعہ سنی عوام نے ملکر اپنی ملکی سالمیت کیلئے ان نام نہاد دہشتگرد گروہوں کو شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتیں اب اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے دوبارہ اسی شکست خوردہ تکفیری دہشتگرد تنظیم داعش کو عراق میں استعمال کر رہی ہیں لیکن اس بار بھی شیعہ سنی سمیت تمام عراقی متحد ہو کر اپنے ملک کو درپیش اس عارضی بحران سے نکال دینگے۔ علامہ سید ہاشم موسوی کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل مشرق وسطٰی میں جاری شورش کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں پر ایک بار پھر اپنی ریاستی دہشتگردی کو مسلط کرنے اور نام نہاد گریٹر اسرائیل کے خواب کو پورا کرنا چاہتا ہے لیکن انسانیت کا قتل عام کرنے والی دہشتگرد صہیونی طاقت کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل و داعش سمیت تمام دہشتگرد تکفیریوں کا مقابلہ صرف اور صرف اسلامی بیداری اور اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے جبکہ داعش جیسے گروہوں کی حمایت کرنے والے نہ تو اسلام اور نہ ہی انسانیت کے خیر خواہ ہو سکتے ہیں۔

 

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان میں غزہ میں بےگناہ فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور اس عظیم ظلم پر نام نہاد اسلامی ممالک بالخصوص عرب ممالک کی مجرمانہ خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔ اس مقدس مہینے میں غزہ کے بچے، جوان، بوڑھے اور خواتین بھی خاک و خون میں غلطاں ہیں۔ فلسطینی مظلومین پر ہونے والی وحشیانہ بربریت پر عرب دنیا کی خاموشی مسلم امہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ شام، عراق میں مسلمانوں کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت اور امداد جبکہ عالم کفر اور یہود و نصاریٰ کے صیہونی ظالم حکمرانوں کے انسانیت سوز ظلم و بربریت پر خاموشی دراصل اس بات کی تصدیق ہے کہ ان عرب بادشاہوں کو مسلمانوں سے زیادہ اسرائیل اور امریکہ کے مفادات عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی غیر انسانی جنایت کاریوں کے سبب بہت جلد صفحہ ہستی سے نیست و نابود ہو جائے گا۔ دنیا بھر کی تمام حقیقی اسلامی تحریکیں حماس کے ساتھ ہیں اور خداوند متعال سے دعا ہے کہ خدا حماس کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مظلومین اور مستضعفین پر حملہ اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ ہمیں یقین ہے کہ شہدائے غزہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت پر امت مسلمہ کی خاموشی اس آگ کے بڑھاوے کا باعث بن سکتی ہے۔ لاہور میں آئی ایس او کے زیراہتمام متحدہ طلبا محاذ کے رہنماؤں اور صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکی سرپرستی اور یہودیت کی آشیرباد سے جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے لیکن وہ عرب حکمرانوں کی بے حسی کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ اسرائیل کو حزب اللہ کے جوانوں نے عبرت ناک شکست سے دو چار کیا اور حزب کو کمزور کرنے کے لئے ہی امریکہ اور اسرائیل نے داعش جیسی تنظیمیں  بنا کر ان کو مسلح کر کے مسلمانوں کے قتل عام اور شیعہ سنی تصادم کا ٹھیکہ دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش سے عرب سنیوں نے بھی اعلان لاتعلقی کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ بہت جلد داعش کی بربریت کا سورج بھی غروب ہونے والا ہے۔

 

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ داعش کی حالیہ اسرائیلی بربریت کے دوران حقیقت بے نقاب ہو گئی ہے، اگر داعش مسلمان تنظیم ہوتی یا یہ مجاہدین اسلام ہوتے تو اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لئے فلسطین پہنچتے اور اسرائیل کا مقابلہ کرتے لیکن انہوں نے ایسا نہ کرکے اسرائیلی نمک خوار ایجنٹ ہونے کا ثبوت دے دیا ہے۔ سید ناصر شیرازی نے مزید کہا اس صورت حال میں نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،وہ خود بھی بیدار رہیں اور ملت اسلامیہ کو بھی بیدار کریں۔ انہوں نے طلبا رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ فرقہ واریت کے خاتمہ اور اتحاد امت کے لئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایسی فضا بنائی جا رہی تھی لیکن مجلس وحدت مسلمین نے سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحاد کا پرچم بلند کر کے دشمن کی ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے متحدہ طلبا محاذ کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جہاں طلبا کے تعلیمی اداروں میں بہت سے مسائل حل ہوتے ہیں وہاں اس پلیٹ فارم سے اتحاد ویکجہتی کا پیغام بھی جاتا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے چیئرمین نثارعلی فیضی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم وبربریت پر عالمی انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی اس جر م میں شرکت کے مترادف ہے ۔غزہ میں اسرائیل پرتشدد اور جارحیت کے نتیجے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔نثار علی فیضی نے کہا کہ غزہ فلسطین میں ماہ مبارک رمضان میں اسرائیلی درندوں کی طرف سے فلسطینیوں کا وحشیانہ قتل عام افسوس ناک ہے اور اس سے بھی بڑھ کر تشویش ناک عرب و مسلم دنیا کے حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت ہے جو صہیونی و امریکی آقاﺅں کو خوش کرنے کے لیے اس ظلم و بربریت پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جنگ مسلمانوں اور کفار کے درمیان نہیں بلکہ انسانیت اور بربر یت کے درمیان جنگ ہے چاہے وہ جنگ غزہ فلسطین میں جاری ہو یا شام و عراق میں داعش کی شکل میں معصوم مسلمانوں کے قتل عام کے ذریعے سریا ہو۔انسانیت کے قاتلوں کا انجام عبرت ناک ہو گا ۔ نثار علی فیضی نے کہا کہ حق پسند وانسان دوست لوگ پوری دنیا میں انکے مقابلے میں صف آراءہو رہے ہیں صہیونیوں کی اسلام دشمنی اب انسان دشمنی پر پہنچ چکی ہے جو زیادہ دیر باقی نہیں رہے گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree