وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ یہود و نصاریٰ کے پاس جاؤ گے تو ان جیسے ہوجاؤ گے، امام خمینی نے خطے میں ان چار ستونوں میں سے ایک ستون کو گرا دیا جو استعماری مقاصد کے آلہ کار تھے، انہوں نے تہران میں اسرائیل کا سفارت خانہ ختم کرکے اسکی عمارت فلسطین کے حوالے کر دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام قومی سیمیناربعنوان یوم آزادی پاکستان ویوم القدس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آخری جمعے کو قدس کی آزادی کےلیے باہر نکلیں، عالم اسلام کا یہ حال ہے کہ مختلف عرب ملکوں کی جنگیں اسرائیل کے ساتھ ہوئی ہیں، کسی نے آج تک اسرائیل کو نشانہ نہیں بنایا۔ حماس اور فلسطین کے عوام کے سوا کسی نے اسرائیل پر حملہ نہیں کیا، جو امریکیوں کے ساتھ اٹھیں بیٹھیں گے اور رقص کریں گے وہ کبھی فلسطین کو آزاد نہیں کروا سکتے۔ آج امریکہ شکست کھا رہا ہے۔ 41ممالک کا اتحاد امریکہ و اسرائیل کو بچا رہا ہے، ہم کسی ایسے الائنس کا حصہ نہیں بنیں گے جو امریکی مقاصد کو پورا کرے۔ ملی یکجہتی کونسل مبارک باد کی مستحق ہے، جس کے تحت قبلہ اول کی آزادی کے لیے پاکستان کے تمام مسلمان اکٹھے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام القدس کانفرنس میں جمعہ کے روز یوم القدس منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس نے جنرل (ر) راحیل شریف کو واپس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام القدس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے خطاب میں کہا کہ اس وقت دنیا پر یہود و نصاریٰ کا تسلط ہے اسرائیل کو محفوظ بنانے کے لئے امریکہ ورلڈ آرڈر دیتا ہے۔ امریکہ کے ساتھ 5 سو ارب ڈالر کے معاہدوں سے سعودی عرب کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ قطر کو چھوٹا ملک سمجھنے والے احمق ہیں۔ ہمیں عرب اتحاد کا حصہ نہیں بننا چاہیے اور جنرل راحیل شریف کو واپس بلانا چاہیے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے اس پر آشوب اور پر فتن دور میں ہمیں قرآنی دستورات پر عمل کرنا چاہئے اگر ہم نے قرآن فرامیں سے دوری اختیار کی تو ہمارا شمار ظالمین میں ہو گا اور ظالمین کے راہ ہدایت ممکن نہیں قرآن کریم میں ارشاد رب العزت ہے : یہود و نصاریٰ کو اپنا دوست مت بنائو اگر ایسا کرو گے تو تم ان جیسے ہو جائو گے یعنی اگر وہ ظالم ہیں تو تم بھی ظالم ہو جائو گے اور ظالم لوگ ہدایت نہیں پاسکتے ۔ ہمارا سوال ملت اسلامیہ کے حکمرانوں سے یہ ہے کہ ہم کیوں قرآن کی مخالفت میں چل رہے ہیں کیا ہم مسلمان نہیں !؟کیا ہمیں امت اسلامی کے مسائل دیکھائی نہیں دیتے ۔ کیا مسئلہ فلسطین کے لئے آواز اٹھانا صرف ہماری ذمہ داری ہے اور باقی سب بری الذمہ ہیں ۔ ایسا نہیں ہے۔ ہم تو جہاں تک ہو سکا اپنی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ اور اللہ کا وعدہ بھی ہے ۔ اگر تم تعداد میں کم بھی ہو تو تم ہی کامیاب ہو گے ۔ ہمارے حکمرانوں کو اپنے مسائل سے فرصت نہیں ۔وہ ذاتی مشکلات میں پڑے ہیں اور سرگرداں ہیں ۔ انہیں اس سے کیا کہ عوامی مسائل کیا ہیں ملت اسلامی کے متعلق ہماری کیا ذمہ داری بنتی ہے ۔ انہیں تو اتنا ہوش بھی نہیں ہم کیا کررہے ہیں ہم کیوں کسی کی جنگ کا حصہ بن رہے ہیں کیا اس پہلے ہم یہ عذاب بھگت نہیں رہے کیوں حکومت نے این او سی جاری کیا اور راحیل شریف کو اس اتحاد کا سربراہ بنایا جس کے بارے ابھی نہیں معلوم کہ اس اتحاد کے اہداف اور مقاصد کیا ہیں ۔ جس اتحاد کا ہم حصہ بنے ہیں کیا اس اتحاد میں بیت المقدس کی آزادی  ، مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کچھ ہے ۔ اگر ایسا نہیں تو میں آرمی چیف سے کہتا ہوں کہ فوراً راحیل شریف صاحب کو واپس بلائیں ۔

انہو ں نے مذید کہا کہ آج کے اس سیمینار کا مقصد ملت مظلوم فلسطین سے اظہار یکجہتی اور یوم القدس کو بھرپور انداز میں منانا ہے ۔ تمام امت مسلمہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے متحد ہے ۔ حکمران اس مسئلے سے امریکہ کی خوشنودی اور آل سعود و آل یہود سے وابستگی کی بنا پر لاتعلق ہیں ۔ حضرت امام خمینی ؒ نے اس مسئلے کو اسلام کا اساسی مسئلہ قرار دیا تھا ۔ اور فرمایا تھا کہ فلسطین کے اندر اسرائیل کا وجود مسلمانوں کے قلب میں ایک خنجر کی مانند ہے ۔ بس ہمیں وحدت واتحاد کے ساتھ اس مسئلے کو اجاگر کرنا ہے ۔ میں تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس سال یوم القدس کو ایک ساتھ منانے کی حامی بھر لی ہے ۔ انشاءاللہ ہم کشمیر ڈے پر ایک ساتھ اور ایک ہی موقف اپنائیں گے ۔ان شاءاللہ۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آئندہ جمعہ کو تمام مسالک یوم القدس کے طور پر منائیں گے، القدس کانفرنس سےپاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر بخاری، پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما سینٹر ظفر علی شاہ، جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما میاں محمد اسلم، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  فواد چوہدری ، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما ناصر شیرازی،  سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا ، ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما محترمہ نرگس سجاد جعفری سمیت دیگر سیاسی ومذہبی شخصیات نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) عالمی یوم القدس کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور قبلہ اول پر اسرائیلی قبضے کے خلاف بیت المقدس، فلسطین اور ہماری ذمہ داریاں کے عنوان سے اسلام آباد ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد ہوا۔ وفاقی دارلحکومت میں منعقد ہونیوالے سیمینار میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر بخاری، پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما سینٹر ظفر علی شاہ، جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما میاں محمد اسلم، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  فواد چوہدری ، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما ناصر شیرازی،  سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا ، ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما محترمہ نرگس سجاد جعفری سمیت ملک کی اہم سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے مسئلہ فلسطین، اسرائیلی جارحیت اور بیت المقدس پر غاصبانہ صیہونی قبضہ کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدترین جارحیت اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں امن کا راگ الاپنے والے امریکہ نے خود دہشت گرد پال رکھے ہیں، اسرائیلی امریکہ کی وہ ناجائز اولاد ہے، جس کے تحفظ کے لیے عالمی امن کو تباہی کی طرف لے جایا جا رہا ہے، امریکہ ہر اُس ملک کا مخالف ہے جسے وہ اسرائیلی مفادات اور اس کی سالمیت و بقا کے لیے خطرہ سمجھتا ہے، اسلامی دنیا کے اور یہودی و نصاری کے مفادات ایک دوسرے کی ضد ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دنیا کے جو ممالک اسرائیل کو بالادست دیکھنا چاہتے ہیں وہ امت مسلمہ کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، اسلام کے لبادے میں چھپے دوست دشمن کی شناخت کے لیے ان کے اہداف پر غور کرنا ہو گا، دہشت گردی کے خلاف اسلام کے نام پر قائم ہونے والے عسکری اتحاد کے مقاصد اگر مسلمانوں کو دہشت گردی سے حقیقتاََ نجات دلانا ہے، تو پھر انہیں غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کو سرعام نشانے بنانے والی اسرائیلی افواج کو واضح انداز میں للکارنا چاہیے، انہیں کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی جارحیت پر خاموشی اختیار نہیں کرنا چاہیے، لیکن یہاں صورتحال اس کے برعکس ہے، اسرائیلی عزائم کے خلاف ڈٹے ہوئے مسلم ممالک کو دنیا میں تنہا کرنے کے لیے مسلمانوں کی ہی طرف سے عالمی اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں اور مسلمانوں کے کھلے دشمن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت اور تائید کا اعلان کیا جاتا ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ مسلمانوں کے سارے اتحاد عالم اسلام کی پسپائی کے لیے وجود میں آتے ہیں، یمن اور شام پر لشکر کشی کے لیے اتحاد تشکیل دیے جا رہے ہیں، لیکن اسرائیل کی ننگی جارحیت کی طرف کوئی آنکھ اٹھا کر دیکھنے کے لیے بھی تیار نہیں، عالم اسلام کو تفرقوں میں الجھا کر اسرائیل اور اسلام دشمن طاقتوں کی معاونت کی جا رہی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) سیکریٹری امور سیاسیات مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ سید علی حسین نقوی نے صوبائی  سیکٹریٹ سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں آج بلوچستان کے ساحلی شہر جیوانی میں دھشت گردوں کی جانب پاک بحریہ کے گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت  کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا ، اسرائیل و پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار دہشتگردوں کی مذموم بزدلانہ کاوشیں ملک کو ترقی کی شاہراہ سے دور نہیں کر سکتیں۔ پاکستان کی محب وطن 20 کروڑ عوام سی پیک منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیئے عزم مصعمم رکھتی ہے۔چند مٹھی بھر دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کی غیور اور محب وطن بلوچ قوم ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی،انہوں کہا کہ پاک بحریہ کے جری جوانوں کی شہادت پر ہم شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیئے دعاگو ہیں،آخر میں انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل طالب حسین ھمدانی و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ قطر کو فلسطینی مزاحمتی بلاک کی حمایت کرنے اور ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، امریکی ایماء پر لیبیا، شام، عراق کے بعد خائن عرب بادشاہتیں قطر کو تباہ و برباد کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے وحدت ہاؤس مظفرآباد میںریاستی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرعابد قریشی،محسن رضا،حمید نقوی دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی بلاک کی حمایت کرنے اور ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے کی پاداش میں قطر کو تباہ و برباد کرنے کی سازش کو عملی جامع پہنانے کیلئے امریکی ایماء پر نام نہاد عرب فوجی اتحاد سرگرم ہو چکا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ امریکی ایماء پر ایران کو تنہا کرنے کے بے وقوفانہ اعلان کے بعد اب اہم عرب ملک قطر کے خلاف فوجی اتحاد کے جارحانہ عزائم ایک جانب تو عالم اسلام کو کمزور کرنے کا باعث ہوگا تو دوسری جانب صہیونی جعلی ریاست اسرائیل کے تحفظ کا باعث ہوگا، کیونکہ قطر نے مزاحمتی بلاک کی حمایت ترک کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سربراہی میں بننے والا نام نہاد فوجی اتحاد عالم اسلام میں تفرقہ، نفرتیں اور دوریاں پیدا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، جس کیلئے وہ داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کو مدد فراہم کر رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے نام پر بننے والے نام نہاد فوجی اتحاد کی جانب سے امریکی ایماء پر کھلے عام جمہوری اسلامی ایران کو تنہا اور اب عرب اسلامی ملک قطر کے گھیراؤ اور اس کے خلاف کارروائی کا اعلان کرنے کے باعث اس کے چہرے سے نقاب الٹ چکی ہے، لہٰذا پاکستانی حکومت کو چاہیئے کہ نام نہاد اسلامی فوجی اتحاد میں شمولیت کے نام پر ملک و قوم کو اس دلدل میں دھکیلنے سے باز رہے، عالم اسلام کو درپیش تمام مسائل و چیلنجز میں فریق بننے کے بجائے غیر جانبدارانہ اور ثالثی و مصالحتی کردار ادا کرے، تاکہ عالم اسلام کو امریکی اسرائیل سازشوں سے بچایا جا سکے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ظالموں کا مقابلہ کرنا اور مظلومین کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے، دنیا پر اس وقت سب سے بڑا شیطان امریکہ مسلط ہے، دنیا میں کتنی جنگیں شروع کیں، لاکھوں بے گناہ عوام کا قتل عام کیا، امریکی نظام حکومت دنیا کو تباہ و برباد کر رہا ہے، جہاں پر ظلم اور کرپشن ہے، اُس کے پیچھے امریکہ ہے، پاکستان کی عوام مجبور ہیں، کیونکہ یہ نظام امریکی نظام ہے، ہمارے ملک کے حکمران اور منافقین امریکہ کے ساتھ ہیں، ظہور امام مہدیؑ کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور آل سعود ہیں، پاکستان کو یمن، بحرین اور شام کی طرح کمزور کرنا چاہتے ہیں، آل سعود اور امریکہ یمن کے اندر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوچکی ہیں، کیونکہ یمن کی عوام نے حق کا ساتھ اور استقامت نہیں چھوڑی، پاکستان کو ایک نئے دلدل میں لے جانا چاہتے ہیں، آمر جنرل ضیاء جنگ کو ملک کے اندر لے کر آیا، ملک کو تباہ و برباد کیا اور تکفیریت کو پروان چڑھایا، اب پاکستان کو آل سعود کے الائنس میں لے جا رہا ہے، یہ ہمارے ملک، فوج اور عوام کے دشمن ہیں، ہماری فوج کو تقسیم کرنے کیلئے اس سفیانی الائنس میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں، ہم پاکستان کی جانب سے 39 ممالک کے الائنس میں جانے کی مخالفت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے زیر اہتمام نشترپارک کراچی میں استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے اوپر حملے کئے جاتے ہیں، کیونکہ ہم اس ملک کی سلامتی کیلئے لڑتے ہیں، قوم کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے کیس کو فوجی عدالتوں میں لے جایا جائے، ہمیں اُمید تھی کہ قاتلوں کو سزا ہوگی لیکن افسوس کہ تکفیریوں کو رعایت دی گئی، ہمارے حکمران اور ریاستی عدالتیں سب خاموش ہیں، ہم مایوس نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ہمارے جوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، خواتین کی بے حرمتی اور چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ریاستی ادارے ہمارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں، اگر اُن کا کوئی گناہ ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے، یہ ظلم اب رُکنا چاہیے، مجھے پاکستان کی بااختیار عدالتوں، آرمی چیف، چیف جسٹس سے اُمید ہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کارروائی کی جائے گی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے، ملک بھر میں جلوس عزاء اور مجالس پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان غلط سمت میں جا رہا ہے، جن دہشتگردوں نے پاکستان کے استحکام کو داؤ پر لگایا، ریاستی اداروں، ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور ہزاروں پاکستانیوں کا قتل کیا، ان کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں طالبان دہشتگرد قاتل احسان اللہ احسان کو ہیرو بنا کر پیش کرنے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران احمق ہیں یا ان کے ساتھی، ڈان نیوز لیکس کے معاملے پر نواز شریف نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہے، وہ فوری طور پر استعفٰی دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی امریکہ، اسرائیل اور آل سعود چلا رہے ہیں، ہم کسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے دیں گے، ملک کو آل سعود کے ہاتھوں نہیں بیچنے دیں، پاکستان میں ظالم حکمرانوں کا راستہ روکنا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا شعوری استعمال کریں اور آنے والے عام انتخابات میں اُس شخص کو ووٹ دیں، جو بھارت، اسرائیل، امریکہ اور آل سعود کے خلاف ہو۔

Page 7 of 19

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree