وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان کے مختلف شہروں کی شیعہ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران امریکہ کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کیا گیا۔آئمہ مساجد نے اپنے خطابات میں امریکہ کو وقت کا فرعون، نمرود اور شداد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی رعونت پوری دنیا کے لیے سنگین خطرہ ہے۔عالمی امن کو قائم رکھنے کے لیے امریکہ کو راہ راست پر لانا ہوگا جس کے لیے امت مسلمہ کا باہم ہونا ضروری ہے۔خطبات میں کہا گیا کہ امریکہ آستین کا وہ سانپ ہے جو دودھ پلانے والے کو بھی ڈس لیتا ہے۔عالم اسلام کے خلاف امریکہ کے جارحانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ اس نے جب بھی وار کیا مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا۔حاج قاسم سلمانی کی شہادت امریکہ کا وہ جرم ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔امریکہ نے دہشت گردی کی حالیہ کاروائی سے اپنے خلاف نفرت میں غیر معمولی اضافہ کر لیا ہے۔

دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی متشدد سوچ نے پوری دنیا میں امریکی قوم کو رسوا کیا ہے۔آج امریکہ کا نام نفرت کی علامت سمجھاجانے لگا ہے جس کا ذمہ دار صدر ٹرمپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے خلاف باطل قوتیں بڑی تیزی کے ساتھ یکجا ہو رہی ہیں۔مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فروعی اختلافات کو نظر انداز کرتے ہوئے مشترکات پر یک جان ہو جائیں۔اگر ہم نے وحدت و اخوت کی اہمیت اور طاقت کادرک نہ کیا تو دشمن کے ہاتھ باری باری سب کے گریبانوں تک پہنچیں گے۔ ایران اور امریکہ کا تنازع حق و باطل کی جنگ ہے۔جو لوگ ایران کی مخالفت میں امریکہ کی حمایت کررہے ہیں وہ یا نادان دوست ہیں یا پھر طاغوتی آلہ کار، ایسے لوگوں کو اپنے کردار و عمل پر نظر ثانی کرنی چاہیے تاکہ میدان حشر میں انہیں شرمسار نہ ہونا پڑے۔

وحدت نیوز(سخی سرور) مجلس وحدت مسلمین سخی سرور یونٹ کے زیراہتمام ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت اور امریکی بزدلانہ کاروائی کے خلاف مرکزی امام بارگاہ حیدریہ سے ہسپتال چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری روابط عنصر عباس، ضلعی سیکرٹری جنرل کاظم رضا، انجمن جعفریہ کے صدر ڈاکٹر غلام رضا، عرفان حیدر اور یونٹ سیکرٹری جنرل جہانزیب حیدر نے کی۔

ریلی کے شرکاء نے پرچم، پلے کارڈز، بینرز اور شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر اُٹھا رکھی تھیں۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اُس کے اتحادیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی کے اختتام پر امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیے گئے۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھرکے غیور مسلمان دورحاضر کے مالک اشتر قاسم سلیمانی اور اُن کے رفقاء کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں، امریکہ نے ایک ایسی غلطی کی ہے جس کی سزاء اس کی نسلیں بھگتیں گی۔ ریلی کے آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور اجتماعی دعا بھی کرائی گئی۔ 

وحدت نیوز(حیدرآباد) عراق میں امریکی حملے میں حاج قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کی طرف سے پریس کلب پر احتجاج کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مجلس وحدت مسلمین، جعفریہ الائنس، آئی ایس او، المصطفی اسکاؤٹس، پیام اسکاؤٹس، اصلاح امت حیدرآباد کے کارکنوں نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب میں رہنماؤں سید شمیم نقوی، علامہ آغا محمد قمبرانی، سید ظفر عباس نقوی، مصطفی علی حیدری، رحمن رضا عباسی و دیگر نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی ایک اسلامی ملک کی فوج کے جنرل تھے جن کو امریکا نے مسلمان دشمنی میں عراق میں حملہ کرکے شہید کیا، جنرل سلیمانی کی شہادت اسلای ممالک کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے جس کی امریکا کو قیمت چکانی پڑے گی۔

رہنماؤں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اسلامی فوج کا ایک سچا سپاہی تھا جس کی شہادت کو بھلایا نہیں جاسکتا، وہ مسلمانوں سمیت تمام انسانوں سے محبت کرتے تھے جبکہ اسرائیکل اور امریکا اور ان کے حواری یہ مسلسل کوشش کررہے تھے کہ مسلمانوں کے ایسے لیڈر کو ختم کیا جائے، کشمیر، بھارت، یمن، فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان امریکا، اسرائیل اور ان کے حامی سعودی عرب اور بھارت کا مکمل بائیکاٹ کرے اور اقوام متحدہ میں ان کے خلاف آواز بلند کی جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام اتوار کے روز اسلام آباد ،لاہور،کراچی، پشاور،کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں امریکی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہروں میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین، شیعہ اکابرین ،مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید علی رضوی نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام کا بدترین اور مکار دشمن ہے۔اسے جب بھی موقعہ ملا اس نے امت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا۔امریکی کی دوستی کو بدترین دشمنی میں بدلتے ہوئے مسلمان حکمرانوں نے متعدد بار دیکھا ہے۔عالم اسلام کو اپنی بقا و سالمیت کے لیے امریکی حصار سے باہر نکلنا ہو گا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال بہشتی نے کہا کہ عراق کے اندر امریکہ کی نگرانی میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے انبیا و اصحاب کرام رضوان اللہ کی قبروں کو مسمار کرکے اجساد مبارکہ کی توہین جیسے انتہائی اقدام شروع کر دیے تھے جنہیں روکنے کے لیے جنرل قاسم سلمانی نے علم جہاد بلند کیا اور عراق کوداعش کے نجس وجود سے پاک کیا۔مقدسات کی حفاظت کرنے والے قاسم سیلمانی امت مسلمہ کے عظیم سپاہی تھے۔امریکہ نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ دور کرنے کے لیے انہیں شہید کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جامع مسجد خطیب علامہ اختر عباس نے کہا امریکہ کا یہ بزدلانہ فعل اس کے زوال کی نوید ثابت ہو گا۔ اس وقت عالم اسلام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔امریکی بلاک میں جو بھی مسلمان ملک شامل رہا اسے اسلامی مفادات کا دشمن سمجھا جائے گا۔اب مصلحت پسندی کی بجائے جرات مندانہ فیصلوں کی گھڑی ہے۔تاریخ بڑی بے رحم ہے اور مصلحت کے نام پر بزدلی دکھانے والے کو کبھی معاف نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے مادر وطن کو اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

 علامہ شیر علی انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو واضح کرنا ہو گا کہ مغربی امداد یا دباؤ کا کوئی بھی حربہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات میں دراڑیں نہیں ڈال سکتا۔ پوری قوم اپنے ملک کو ہر قسم کے بیرونی دبا? سے آزاد دیکھنا چاہتی ہے۔ماضی میں امریکہ کے ساتھ اتحاد اور ڈو مور کے مطالبے کے نتائج دہشت گردی کی شکل میں آج تک پوری قوم بھگت رہی ہے۔ امریکہ کی رعونت اسے بہت جلد ڈبو دے گی۔ٹرمپ کی غیر دانشمندانہ اور متعصب پالیسیوں کے باعث آج پوری دنیا میں امریکی شہری شدید خوف و ہراس اور بے چینی کا شکار ہیں۔دین اسلام ہمیں امن کا درس دیتا ہے لیکن کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ اس کے ہاتھ امت مسلمہ کے گریبانوں تک جا پہنچے۔ایسے اسلام دشمنوں کے خلاف نتیجہ خیز جدوجہد ہی عین اسلام ہے۔آج پوری دنیا کے مسلمان امریکہ اور اس کے حواریوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ہر طرف سے بلند ہونے والی یہ صدا امریکی کی جلد نابودی کا اعلان ہے۔احتجاجی ریلی میں ڈپٹی میئر اسلام آباد ذیشان نقوی سمیت شہر کی دیگر تنظیموں کے قائدیں نے بھی شرکت کی اور آخر میں امریکی پرچم اور صدر ٹرمپ کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے زیراہتمام علامہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر مجاہد اسلام حاج قاسم سلیمانی ؒ، ابومہدی المہندسؒ اور دیگر باوفا ساتھیوں کی مظلومانہ شہادت پر شیطان بزرگ، فرعون زمان امریکا اور اسرائیل کے خلاف مرکزی مسجد تا ناد علی اسکوائر جعفرطیار سوسائٹی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین شوریٰ عالی اور بزرگ عالم دین علامہ شیخ حسن صلاح الدین نے خصوصی شرکت کی جبکہ مقررین میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما مولانا نشان حیدر، مولانا غلام محمد فاضلی، سید احسن عباس رضوی، عارف رضا زیدی، سعید رضوی، پیام ولایت فاؤنڈیشن کے رہنما محمد اسلم، ذاکر اہل بیت سفیر عباس و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

اس احتجاجی ماتمی ریلی میں دستہ امامیہ کے نوحہ خواں عارف رضوی و دیگر نوحہ خواں حضرات نے بارگاہ شہداء میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ ریلی کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کے پرچم نذرآتش کئے گئے ۔ ریلی میں آئی ایس او جعفرطیار یونٹ کے برادران سمیت عاشقان شہداء اور کنیزان زینب (ع) کی بھی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز پلے کارڈز اور شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور اللہ اللہ اکبر ۔۔۔ امریکا شیطان الاکبر کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ناروے میں کی جانے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملتان میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کا مقصد ناروے میں قران پاک کی توہین کے واقعہ پر اقوام عالم کو اپنے غم و غصے سے آگاہ کرنا تھا، شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ناروے کی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی جامعہ شہید مطہری سے شروع ہوئی اور چوک قذافی پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، صوبائی رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، حسنین انصاری، حسنین کربلائی سمیت دیگر نے کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ بنیادی حقوق کی آزادی کی آڑ میں کسی کے مذہب کی تضحیک کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیئے، اقلیتوں سمیت تمام طبقات کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کرنا ریاست کا اولین فریضہ ہے، سیان نامی تنظیم کی تخریبی فکر سے آگاہ ہونے کے باوجود انہیں شرپسندانہ اقدامات کے لیے کھلی چھٹی دے کر ناروے کی حکومت نے پورے دنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے، اس دل آزاری پر ناروے کی حکومت کو پوری دنیا کے مسلمانوں سے معافی مانگنی چاہئے۔

علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ عالم اسلام کے درمیان لاکھ اختلافات سہی لیکن دین اسلام کی حرمت و دفاع کے لیے پوری امت مسلمہ کے جذبات اور نظریات ایک جیسے ہیں، مسلمان کبھی بھی اپنے دین اور مقدسات کی توہین برداشت نہیں کر سکتے۔ شدت پسند تنظیم سیان کے سرکردہ رکن لارس کی طرف سے قران کی توہین کا فعل ایک ناقابل معافی جرم ہے، رہنماوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فی الفور ناروے حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں۔

Page 3 of 16

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree