وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی زمینیں ہتھیانے کا سلسلہ بند کرے، گلگت بلتستان کو دوسرا فلسطین بنایا جا رہا ہے جسے کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ گلگت بلتستان کو اس خطے کے عوام نے آزاد کرایا ہے، اس کی آزادی میں کسی بیرونی قوت کا عمل دخل نہیں ہے اور اسلامی نظریئے کی وجہ سے اجداد نے اس خطے کو پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا ہے تاکہ یہ خطے دشمن کے شر سے محفوظ رہے اور خطہ عوام کا رہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومت خطے میں جس انداز میں زمینوں کی بندر بانٹ میں مصروف ہے، وہ انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال ہے۔ جب حقوق مانگے جاتے ہیں تو اس خطے کو متنازعہ قرار دیا جاتا ہے اور زمینوں پر قابض ہوتے وقت انہیں یہ خطہ متنازعہ نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ چھومک اسکردو میں عوام کی زمینوں کو ہتھیانے کے لیے ایک طویل عرصے سے جدوجہد جاری ہے، حکومت عوام کو گھروں سے نکال باہر کرنے کی کوشش نہ کرے، چھومک اسکردو میں عوام کیساتھ جاری ناانصافی کا سلسلہ بند کیا جائے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ پاکستان آرمی کے سربراہ نے خود احتسابی کا جو عمل شروع کیا ہوا ہے وہ انتہائی مستحسن اور باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی میں موجود مجرموں کو سزا دے کر عظیم مثال قائم کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں ستر سالوں سے خطے کو پاکستان کا آئینہ حصہ بنانے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور خطے کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے حوالے سے آرمی چیف کی توجہ کو مبذول کرنے کیلئے باقاعدہ خط لکھا جائے گا، کیونکہ گلگت بلتستان کو آئینی حصہ بنانے میں وفاقی حکومت تیار نہیں جو کہ وزیراعظم پاکستان کے حریت کانفرنس کو لکھے گئے خط سے واضح ہے۔ دوسری طرف سیاسی جماعتوں نے ستر سالوں سے اس خطے کو دھوکے کے سواء کچھ نہیں دیا۔ موجودہ پاکستان آرمی کے سربراہ کا کردار پاکستان کی حفاظت اور استحکام کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کی ترقی و استحکام کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان سیکرٹریٹ سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق ایم ڈبلیوایم بلتستان کے سیکرٹری جنرل و رکن شوریٰ عالی علامہ آغاسید علی رضوی نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پررکن جی بی اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان کی بنیادی تنظیمی رکنیت معطل کر دی ہے۔ گلگت بلتستان الیکشن 2015 میں کاچو امتیاز نے سکردو حلقہ 2 مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔گلگت بلتستان کونسل کے حالیہ انتخابات میں ان پر بھاری مالی فائدہ کے عوض سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کا الزام ہے۔انہوں نے اپنا ووٹ مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار کی بجائے مد مقابل کو دے کر ایم ڈبلیو ایم کو ایک اہم نشست سے محروم کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا اور جماعت کی سیاسی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی ہے جس پر ایم ڈبلیو ایم بلتستان کی اعلیٰ صوبائی قیادت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے رکن اسمبلی کی پارٹی رکنیت کی فوری معطلی کے احکامات صادر کیے ہیں۔ جماعت کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تین سینئر عہدیدران پر مشتمل تحقیقاتی کونسل بنانے کے حکم دیتے ہوئے اس واقعہ کی دس روز کے اندر رپورٹ طلب کر لی ہے۔کاچو امتیاز اگر دس یوم کے اندر اندر کوئی اطمینان بخش جواب نہ دے سکے توانہیں اسمبلی کی رکنیت سے خارج کرنے کے لیے بھی قانونی و آئینی کاروائی کی جائے گی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماعلامہ امین شہیدی نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کوآئینی حقوق نہ دیئے گئے توعلیحدگی پسندتحریکوں کو تقویت ملے گی،ایک روزنامے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت گلگت بلتستان کے بارے میں غافل نہیں بھارت جتنا گلگت بلتستان کےاشوزکو اٹھا تا ہے،پاکستان نہیں اٹھاتا، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ سڑسٹھ سالوں سے اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں ،یہ احساس محرومی روز بروز بڑھتا جا رہا ہے،گلگت بلتستان کو متنازعہ حیثیت کی وجہ سے اگر مکمل آئینی صوبہ نہیں بنایا جاسکتا تو پھرحکومت پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کووہ  حقوق دے جو بھارت نے مقبوضہ کشمیرکے عوام کو دیئے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے عوام کو لوک سبھا اور راج سبھا میں نمائندگی دی ہوئی ہے، حالانکہ کے مقبوضہ کشمیربھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت متنازعہ ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک اقوام متحدہ اپنا فیصلہ نہیں دیتااس وقت تک گلگت بلتستان کو بھی مقبوضہ کشمیر طرزکے حقوق دیئے جائیں ،سینٹ ،قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے،آئینی حقوق نہ دینا اور اس معاملے کو طول دینا خود مسلم لیگ نواز اورریاست پاکستان کے لئے بھی نقصان دہ ہے،وزیر اعظم میاں نواز شریف نے الیکشن میں آئینی حقوق کے وعدے کیئے اب ان کا فرض ہے کہ وہ ان پر عمل کریں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان میں احتساب کے نام پر چوہے بلی کا کھیل کھیلا جارہا ہے،من پسند افراد کو مختلف بہانوں کے ذریعے کلیئر کیا جارہاہے جبکہ مخالفین کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عارف قنبری نے کہا ہے کہ نیب مخصوص ذہنیت کے تحت اپنی کاروائیاں کررہا ہے کرپشن میں ملوث بڑے کرداروں کو فیورٹ قرار دیکر کلین چٹ دی جاتی ہے جبکہ لاوارث افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے کئی میگا پراجیکٹس گزشتہ کئی سالوں سے غیر ضروری تاخیر کا شکار ہیں اس حوالے سے کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ہے۔شاہراہ قراقرم قومی اہمیت کا میگا پراجیکٹس ہے جس میں انتہا درجے کی اقربا پروری کی گئی اور ایسے افراد کو ٹھیکے دیئے گئے جنہیں مرغی کا ڈربہ بنانے کا بھی تجربہ نہیں تھا جس کی وجہ سے روڈ کے ساتھ بنائی گئی دیواریں اور ڈرین ابھی سے ہی ڈمیج ہونا شروع ہوچکی ہیں اور ناقص مٹیریل کے استعمال کی وجہ سے روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ورکس میں فیصل ظہور اور کرنل فضل کے دور میں ٹھیکے فروخت کئے گئے اور سیکرٹری فنانس عارف ابراہیم کے کرپشن کے پورے گلگت بلتستان میں چرچے ہیں ان میں سے کسی کو بھی احتساب کیلئے بلانے کی ہمت نہیں ۔ملک کی خوشحالی اور ترقی کا راز بے رحم احتساب میں پوشیدہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں احتساب کا ادارہ دباؤ کا شکار ہے اور اس ادارے کی غیر جانبداری مشکوک ہوچکی ہے۔احتساب کے نام پر گلگت بلتستان میں چند افراد کو تختہ مشق بنایا جارہاہے جبکہ کرپشن کے اصل کرداروں کو مختلف حیلے بہانوں سے تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے اور ان کے متعصبانہ اقدامات کو عدالت میں چیلنج کرنے کے علاوہ عوامی سطح پر بھی احتجاج کیا جائیگا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) قیام پاکستان کے وقت گلگت بلتستان کی پاکستان میں شمولیت حادثاتی نہیں تھی بلکہ یہاں کے عوام کی خواہش کا نتیجہ تھی۔اس کے باوجود ہمیں گزشتہ 67سالوں سے دانستہ طور پر استحصال کا شکار رکھا جا رہا ہے۔گلگت بلتستان کی خوشحالی اور قومی ضروریات کی تکمیل کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈکی منظوری انتہائی اہم ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے جی بی کی 12 مرکزی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ ہمارا مکمل اتحاد ہو چکا ہے اور ہم نے پُرامن جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولاناسلطان رئیس نے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندگان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ محرومیوں کے نام پر آواز بلند کرنے والی مختلف تحریکیں علحیدگی کا مطالبہ کرتی ہوئی نظر آتی ہیں لیکن گلگت بلتستان کے محب وطن باسی پاکستان کے آئین کی پاسداری کے لیے بے تاب ہیں۔ہماری خواہش ہے کہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے بغیرہمیں ہمارا آئینی حق دیا جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خالصہ سرکار کے نام پر جتنی اراضی گورنمٹ آف گلگت بلتستان کی تحویل میں ہے ۔اسے قومی مفادات کے برعکس تقسیم کیا جا رہا ہے جو سراسر غلط ہے وزیر اعلی حفیظ الرحمن کی گردن میں اس وقت سریا آیا ہوا ہے لیکن امید ہے کہ بہت جلد انہیں اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا۔پاک چین اقتصادی راہدری کے معاملے پر ہمیں نظر انداز کیا جا رہا ہے دوسری طرف کشمیر کا حصہ بھی اس میں رکھا ہوا ہے۔سی پیک منصوبے کے حوالے سے گلگت بلتستان کے ساتھ یہ غیر مساویانہ طرز عمل ایک ناروا سلوک ہے۔گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ سمجھنے کے بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان رقبے کے اعتبار سے کشمیر سے چھ گنا بڑا ہے۔ کشمیر کوگلگت بلتستان کا حصہ کہا جانا چاہییے نہ کہ گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ کہا جائے۔دس نکاتی چارٹر میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان چائنہ اقتصادی راہدری میں گلگت بلتستان کو تیسرا فریق تسلیم کرتے ہوئے نیا معاہدہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ عائد شدہ تمام ٹیکسز ، ناتوڑ رول، لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت میٖڈیکل و انجینئرنگ کالج کے قیام کا بھی مطالبہ کیا گیا۔پریس کانفرنس میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کے علاوہ امامیہ کونسل کے فدا حسین ، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری،اتحاد علما کونسل کے مولانا غلام رسول ناصر،تحریک انصاف کے ایڈووکیٹ معظم علی، تحریک اسلامی کے ولایت بلتی اور آل یوتھ آف گلگت بلتستان کے صدر حسنین کاظمی بھی شامل تھے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے رہنماء ڈاکٹر کاظم سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ نون اسکردو روڈ کا وزیراعظم سے جعلی افتتاح کروا کر بہت بڑے فراڈ کا مرتکب ہوئی ہے، ایک ایسا فرضی منصوبہ جس کی کوئی بنیاد نہ ہو، صرف انتخابات کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کے لئے لاکھوں عوام کی احساسات اور جذبات سے کھیلنا بہت بڑا جرم ہے۔ ملک کا چیف ایگزیکٹیو اس بڑے جرم کا مرتکب ہوا ہے، لہٰذا وزیراعظم سمیت نون لیگ کے صوبائی پالیسی سازوں پر آرٹیکل 63،62 کے تحت مقدمہ قائم ہونا چاہئے۔ یہ بات ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ڈاکٹر کاظم سلیم نے اسلام آباد میں’’ ویژن 2020‘‘ کے زیر اہتمام ’’ گلگت بلتستان کا آئینی مستقبل، عوام اور حکومت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ متمدن معاشروں میں ایسے فراڈ کام سامنے آنے کے بعد حکومتیں مستعفی ہوجاتی ہیں لیکن یہاں جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہا ہیں۔ ہم چاہتے ہیں علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے حکومت کو کام کرنے دیا جائے، لیکن حکومت کے رویے سے ایسا لگتا ہے کہ ان کا کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، بلکہ عوام دشمن اقدامات کے ذریعے اقتصادی راہ داری کیلئے موجود سازگار فضاء کو بھی خراب کرنا چاہتی ہے۔ عوامی ملکیتی زمینوں کو خالصہ سرکار قرار دیکر عوام سے چھیننا، گلگت بلتستان کی قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کے لئے علاقے کو تقسیم کرنے کے فارمولے اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ موجودہ حکومت ہر حال میں علاقے میں کشیدگی بڑھانا چاہتی ہے، جو ہمارے ملی اور قومی مفاد کی منافی ہے۔

Page 1 of 6

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree