وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کراچی میں عالمی شہرت یافتہ قوال امجد فرید صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری حقیقی عاشق رسول و اہلبیت تھے جس کے جُرم میں اُنہیں شہید کیا گیا۔ ملتان سے جاری بیان کے مطابق علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں جاری آپریشن کی کامیابیوں کے دعوے، رینجرز کی موجودگی، دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے دعوے اور حالیہ واقعات سیکیورٹی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ دو روز قبل کراچی سے چیف جسٹس کے بیٹے کا اغواء، ایک ڈاکٹر کا قتل اور دن دیہاڑے امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کراچی آپریشن پر سوالیہ نشان ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے رسمی اعلانات اور بیانات آنا شروع ہوجاتے ہیں لیکن عملی طور پر کوئی کردار ادا نہیں کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں ڈاکٹر، انجینیئرز، وکلاء اور پروفیسر ز کا قتل عام معمول بن چکا ہے۔ اگر سیکیورٹی اداروں نے اپنی نااہلی دور نہ کی تو عوام آپریشن ضرب عضب پر سوال اُٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں امن کی خواہاں ہے لیکن کسی پر بھی ظلم برداشت نہیں کرے گی۔ پاکستان میں ملت جعفریہ سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار رہی ہے لیکن ہماری حکومتوں کی ترجیحات دہشت گردی کے خاتمے کی بجائے پیسہ بنانا ہے۔