وحدت نیوز(ڈی آئی خان) عرصہ دراز سے محکمہ اوقاف اور ڈیر ہ انتظامیہ کوٹلی کی زمین پر نظریں گاڑی ہوئی ہیں ۔لیکن ان کو کوٹلی امام حسین کی زمین ہتھیانے نہیں دیں گے ۔کوٹلی امام حسین پر محکمہ اوقاف کے غلط انتقال سے قوم کے اندر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔اگر یہ انتقال اور ناجائز تعمیرات کو نہ روکا گیا تو ہر نقصان کا ذمہ دار سیکرٹری اوقاف اور موجودہ انتظامیہ ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ غضنفر نقوی نے احتجاجی کیمپ سے کیا، انہوں نے مزیدکہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پر مکمل طور پر عمل نہ کیا گیا تو ہم اس وقت تک احتجا ج کرتے رہیں گے۔

وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بار پھر سے محکمہ اوقاف نے کوٹلی امام حسینؑ کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنیوالوں کو کھلے عام مارکیٹ بنانے کی اجازت دے دی، اس کے ساتھ ہی کوٹلی امام حسینؑ کی زمین کے کچھ حصے کا انتقال بھی کر دیا۔ آج بعد از نماز جمعہ کوٹلی امام حسینؑ میں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، انجمن تھلہ متولیان اور شیعہ ینگ مین نے مل کر محکمہ اوقاف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پر امن مظاہرین نے محکمہ اوقاف کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کوٹلی امام حسینؑ کے ناجائز قبضے کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے شرکاء سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ غضنفر عباس شاہ نے کہا ہے کہ کوٹلی امام حسینؑ پر محکمہ اوقاف ناجائز قابض ہے، ہم نے ڈپٹی کمشنر سے کئی بار گذارشات کیں کہ اس معاملے کو احسن طریقے سے حل کریں، مگر انہوں نے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا، کوٹلی امام حسین کا مسئلہ ہم نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے سامنے بھی پیش کیا، لیکن انہوں نے بھی کوئی تعاون نہیں کیا اور صرف زبانی دعووں تک محدود رہے۔ علامہ غضنفر عباس کا مزید کہنا تھا کہ کوٹلی امام حسینؑ کی 327 کنال اراضی ایک ہندو شخص نے پاک و ہند کی تقسیم سے پہلے عزاداری کیلئے وقف کی تھی اور یہ کیسے مسلمان ہیں، جو امام حسینؑ کی جاگیر اونے پونے داموں بیچ رہے ہیں۔ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ پرامن رہتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکال لیں، شاید ڈی آئی خان کی انتظامیہ بھول گئی ہے کہ 10 ستمبر 1988ء کو ہم نے اپنے خون سے تاریخ لکھی اور امام حسینؑ کی عزاداری پر آنچ تک نہیں آنے دی، لہٰذا حکومت کو چاہیئے کہ ہمیں مجبور نہ کرے کہ پھر سے ڈیرہ اسماعیل خان کا امن خراب ہو۔

وحدت نیوز (گلگت) عوامی آواز کو جبر کے ذریعے دبانا جمہوری روایات کے منافی اقدام ہے،صوبائی حکومت جمہوری روایات کو فروغ دینے کی بجائے جبر کے ذریعے اپنے حقوق کیلئے اٹھنے والی عوامی آواز کو دبانے پر گامزن ہے۔

مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت فی الفور اخبار مالکان کے واجب الادا بقایا جات کو ریلیز کرے اور صحافت کے پیشے سے منسلک سینکڑوں افراد کا معاشی قتل سے باز آجائے۔حکومت اپنے شاہانہ اخراجات کو کم کرلیں تو سینکڑوں افراد کے گھر کے چولہے جل سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کے وزراء کی جانب سے اشتہارات پہ اشتہارات دیئے جاتے ہیں ،اگر ان کے پاس اشتہارات کی مد میں پیسے نہیں تو کیوں اشتہارات چھپواتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اشتہارات کی مد میں بقایا جات کو روک کر بلیک میلنگ پر اتر آئی ہے جس کی مثال مارشل لاء کے بد ترین دور میں بھی نہیں ملتی۔جو اخبارات حکومت کے چہرے سے نقاب اٹھاتے ہیں ان کو اشتہارات بند کردینا کہاں کا انصاف ہے۔ایک طرف حکومت کی جانب سے آزادی صحافت کے چرچے کیے جاتے ہیں تو دوسری طرف درپردہ بلیک میلنگ کا بازار گرم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دھونس دھمکیوں کی بجائے اخبار مالکان کے جائز مطالبے کو تسلیم کریںاور صحافتی برادری کی تشویش کو فوری دور کرے۔انہوں نے کہا کہ قلم کاروں کے ساتھ روز اول سے آمرانہ حکومتوں کا رویہ نامناسب رہا ہے لیکن مردان حق کی آواز کو دبا نہیں سکے ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ حکومتی زور زبردستی کو یکسر ٹھکراتے ہوئے عوامی حقوق کی آواز بلند کرتے رہینگے۔مجلس وحدت مسلمین اخبار مالکان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی رہنماء و رکن جی بی اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہا ہے کہ حکومتی رویے کے خلاف اخبار مالکانان کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اخبار مالکان کے مطالبات جائز اور مبنی بر حق ہیںسالہا سال سے ان کے بقایا ادا نہ کرنا سنگین زیادتی ہے۔ انہوں نے حکومتی رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اخبار مالکان کے بقایا جات ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں کہا کہ اخبارات کے واجبات کو روک کر حکومت اپنی حمایت لینا چاہتی ہے، جو کہ ان کی آمرانہ سوچ کی عکاس ہے۔ پرنٹ میڈیا سے وابستہ قلمکار حضرات اپنا حق ادا کر رہے ہیں، جو کسی حکومتی جبر کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گے۔ صحافتی برادری اپنے حقوق کے حصول کیلئے جو بھی قدم اٹھائیں گے مجلس وحدت مسلمین بھرپور حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو پیسہ اشتہارات پر خرچ کرتی ہے اگر اس کا نصف بھی عوام پر خرچ کرتی تو گلگت شہر کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل نہ ہوتی۔ عوام ترقی چاہتے ہیں اور یہ ترقی محض ادھار پر اشتہارات اور جھوٹی خبریں چلانے سے کوئی قوم ترقی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ اخبار مالکان سے حکومت کا رویہ افسوسناک ہے، حکومت اصول پسند ہوتی تو آج یہ نوبت نہ آتی۔ بقایا جات کی عدم ادائیگی اور اخبارات کی بندش نے حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے وحدت ہاؤس کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہر کراچی میں ایک بار پھر بڑھتی ہوئی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفاک تکفیری دہشتگردوں نے دو روز قبل قصبہ کالونی میں ذوالفقار عابدی اور گزشتہ شب ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ محمد حسین کریمی کے داماد قاری قرآن محمد کاظم کو گلستان جوہر میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے، دہشت گردی کے دونوں واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، چوپیس گھنٹوں کے اندر تکفیری دہشتگردوں دو شیعہ وجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جانا حکومتی و ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومت پْرامن ملت جعفریہ کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام جبکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کا حکومتی دعویٰ محض طفل تسلیاں ثابت ہو رہی ہیں۔

علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور و میر تقی ظفر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں پے در پے بے گناہوں بالخصوص ملت جعفریہ کے جوانوں کا قتل عام جاری ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے تکفیری دہشت گردوں کو آزاد چھوڑ رکھا ہے، کالعدم دہشتگرد جماعتیں کراچی سمیت ملک بھر میں کھلے عام اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، کالعدم جماعتوں کے دفاتر کھلے ہوئے ہیں، جلسے جلوس و اجتماعات کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ کراچی کے در و دیوار کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کے جلسے، جلوس، اجتماعات کے اشتہارات و بینرز سے بھرے پڑے ہیں، حیرت کی بات ہے کہ حکومرانوں و ریاستی اداروں کو کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں کیوں نظر نہیں آتیں۔ریاست کو اب اچھے اور برے دہشت گردوں کی تمیز ختم کرنا ہو گی، ملک دشمن عناصر کے ساتھ حکومت کی بے جا لچک نے آج ملک کے ہر شہری کو غیر محفوظ کر رکھا ہے، حکومت کی طرف سے بلند و بانگ دعووں کے کچھ ہی دیر بعدکوئی نیا سانحہ رونما ہو جاتا ہے، جب تک نیشنل ایکشن پلان پراس کی روح کے مطابق عمل نہیں کیا جائیگا، تب تک بے گناہ لاشیں یونہی گرتی رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  عوام کے سامنے واضح کیا جائے کہ آخر قانون و آئین سے بالا وہ کون سی قوت ہے، جو کالعدم دہشتگرد جماعتوں کے خلاف کارروائیوں میں رکاوٹ کا باعث ہے، دہشت گردی کا خاتمہ کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے، لہٰذا حکومت و ریاستی ادارے قاتلوں سمیت تکفیری دہشتگردوں، کالعدم جماعتوں کے سیاسی و مذہبی سہولت کاروں اور بالخصوص وہ نام نہاد مدارس جو ان تکفیری دہشتگردوں و کالعدم جماعتوں کے سہولت کار ہیں، ان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، ، دہشتگردوں کو کچلنے کے لیے ضرب عضب کو پوری قوت سے اہداف کی طرف بڑھنا ہو گا۔ملک دشمن عناصر کے ساتھ معمولی سی لچک نہ صرف ان کے حوصلوں کو تقویت دے گی بلکہ ملک کی سالمیت و بقا کے لیے بھی خطرہ بن جائے گی، نیشنل ایکشن پلان جس مقصد کے لیے تشکیل دیا گیا تھا اسے اس مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا۔دہشت گردی کا خاتمہ تبھی ممکن ہے، جب عسکری و سیاسی قوتیں ایک پیج پر ہوں گی۔ ضرب عضب کی مکمل کامیابی کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل انتہائی ضروری ہے۔

اس سے قبل گزشتہ شب گلستان جوہر میں شہید کئے گئے قاری قرآن محمد کاظم کی نماز جنازہ نمائش چورنگی پر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر اقتدا ادا کی گئی، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال،علامہ مرزا یوسف، علامہ علی انور، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ اصغر شہیدی، علامہ شبیرمیثمی سمیت دیگر علمائے  کرام، رہنماؤں سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک تھے، نماز جنازہ کے بعد ایم ڈبلیو ایم کے تحت بڑھتی ہوئی شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا، احتجاجی مظاہرین نے شیعہ کلنگ میں ملوث تکفیری دہشتگردوں کی گرفتاری، کالعدم جماعتوں، انکے رہنماؤں، کارکنان وسرگرمیوں پر فی الفور پابندی کا مطالبہ کیا، جبکہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے جمعہ کو کراچی سمیت سندھ  بھر میں احتجاجی مظاہرے کا بھی اعلان کیا گیا۔ بعد ازاں شہید محمد کاظم کی تدفین وادی حسین قبرستان سپر ہائی وے میں آہوں و سسکیوں کے ساتھ ادا کی گئی۔

وحدت نیوز(مظفر آباد) بھارت ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے پھر سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ مختلف سیکٹرز پر فائرنگ اور گولہ باری سے بھاری نقصان ہو رہا ہے ۔ اب تو حد ہو گئی ہمارے سات جوان شہید ہو گئے ۔بھمبر سیکٹر پر شہید ہونے والے جوانوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارت کے اس بزدلانہ فعل کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔ مسئلہ کشمیر کو ایسے ہتھکنڈوں سے نہیں دبایا جا سکتا ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموںو کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی نے اپنے دفتر میںکابینہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ جبکہ نام نہاد جمہوریہ بھارت کی کھلے الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ایسے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کو ہر گز نہیں دبایا جا سکتا۔ منزل کے حصول تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ عالمی سطح پر اسے بے نقاب کیا جانا از حد ضروری ہے۔ انصاف کی عالمی عدالت کو از خود نوٹس لینا چاہیے ۔بھارت جس طرح مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے نا قابل قبول ہے پاک فوج منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔عالمی برادری دہرا معیار اپنائے ہوئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ مسئلہ کشمیرانسانیت کا مسئلہ ہے ۔ اس کے حل اور پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے۔

 علامہ تصور نقوی نے مزید کہا کہ وفاقی و ریاستی حکومتیں بنکرز کی تعمیر اور دیگر حفاظتی امور کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ کنٹرول لائن پر بسنے والے بلا تنخواہ سپاہیوںکا خیال رکھے ۔سردیوں میں بارڈرپر رہنے والے دیگر علاقوں سے کٹ کر رہ جاتے ہیں خوراک اور میڈیکل کے لیے عملی اقدامات نا گزیر ہیں۔

Page 12 of 43

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree