وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور بابصیرت حکمت عملی سے ایک خود مختار اسلامی ریاست وجود میں آئی جہاں بسنے والے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اپنے اپنے عقائد کے مطابق زندگی کر سکیں۔ پاکستان قائداعظم کا ایک عظیم خواب تھا جس سے دنیا میں موجود تمام اسلامی ممالک کو پشت پناہی ملے اور پاکستان اسلام کا قلعہ بنے۔ اس خواب کی تعبیر کے لیے برصغیر کے پرعزم مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کر کے پاکستان کو آزاد کرایا لیکن سوئے قسمت سے آزادی کے بعد وطن عزیز کی مخالفت کرنے والے گروہ اقتدار کی دوڑ میں سب سے آگے چلے گئے اور ملکی وسائل دونوں ہاتھوں سے لوٹ لیے۔ قائداعظم اور پاکستان کے مخالفین نے وطن عزیز میں فرقہ واریت کو ہوا دی، بےگناہوں کے خون سے پاکستان کی سرزمین کو سرخ کر دیا اور حقیقی محب وطنوں کو دیوار سے لگا دیا۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری دہشتگردی اور انتہا پسندی در اصل اس سوچ کا تسلسل ہے جس سوچ کے تحت قائداعظم کو غیر مسلم قرار دیتے رہے اور پاکستان کی مخالفت کرتے رہے۔ آج بانی پاکستان کی روح یقیناً زخمی ہوگی۔ ملک میں جاری تمام دہشتگردوں کے حملے دراصل بانی پاکستان کی روح پر حملہ ہے۔ پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لیے دہشتگردوں کا خاتمہ کرنا ہوگا اور امن، محبت، ترقی و استحکام کے لیے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کو تختہ دار پر لٹکا کر ہی قائداعظم کے پاکستان کو تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے شاہراہ ریشم پر ہونے والے ٹارگٹڈ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے گلگت بلتستان میں اتحاد مسلمین پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہراموش جانے والی گاڑی پر منظم حملہ اس بات کی دلیل ہے کہ گلگت بلتستان میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک موجود ہے اور سکیورٹی ادارے خواب غفلت میں مزے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ گلگت بلتستان میں موجود مذہبی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے جسے تمام مکاتب فکر مل کر ناکام بنا دیں گے۔ حکومت اپنی پوزیشن واضح کر دے کہ بار بار کے امکانات ظاہر کرنے کے باوجود شاہراہ قراقرم پر دہشت گردی کے کامیاب منصوبے کیوں ہوئے ہیں۔ ہم آپریشن ضرب عضب کے آغاز میں ہی گلگت بلتستان کی نام نہاد حکومت اور سکیورٹی اداروں کو تلقین دیتے رہے ہیں کہ دہشتگرد اپنا رخ گلگت بلتستان کی طرف کر سکتے ہیں اور یہاں پر کاروائی ہو سکتی ہے کیونکہ یہاں دہشتگردوں کو محفوظ اور مضبوط پناہ گاہیں مل سکتی ہیں لیکن حکومت کو اپنی بدعنوانیوں سے فرصت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعے میں ملوث افراد کا پیچھا کر کے انہیں سخت ترین سزا دی جائے اور صوبائی حکومت و وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی سے باز رہے۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام ڈویژنل سیکرٹریٹ میں ایک اہم میڈیا بریفنگ کا اہتمام ہوا جس میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی، شیخ زاہد حسین زاہدی اور دیگر رہنماء شریک تھے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماوں نے کہا کہ کئی روز سے پاکستان کی عوام سراپا احتجاج ہے اور اسلام آباد میں ظالم حکومت کو مستعفی ہونے، شفاف نظام کو نافذ کرنے اور ملک میں حقیقی جمہوریت کو نافذ کرنے کے لیے مختلف سیاسی و مذہبی پارٹیوں نے دھرنا دے رکھا ہے۔ جعلی مینڈیٹ سے برسراقتدار آئی ہوئی ظالم حکومت حق حکومت کھو چکی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن ملک بھر کی عوام کی طرح موجودہ ظالم اور جعلی حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے اور نظام کی تبدیلی کی خواہاں ہے۔

 

مجلس وحدت بلتستان ان تمام قومی پارٹیوں بالخصوص پاکستان عوامی تحریک اور سنی اتحاد کونسل کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ جنہوں نے گلگت بلتستان کی حقوق سے محروم عوام کو اور سرزمین بے آئین کے باسیوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور تشخص قائم کرنے کے لیے لانگ مارچ کے چارٹر میں گلگت بلتستان کو آئینی حق دینے کا مطالبہ بھی شامل کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے اپنے لانگ مارچ کے ایجنڈے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مشروط الحاق میں پانچ نکاتی ایجنڈے کو بھی شامل کیا اس میں گلگت بلتستان کو آئینی طور پر ملک کا حصہ بنانا شامل ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا آئینی حصہ بنانے کے لیے مخلصانہ اور قومی سطح پر کوشش کی جا رہی ہے یہ سب اتحاد بین المسلمین کا ثمر ہے۔ اگر معتدل، محبّ وطن، مخلص سیاسی و مذہبی بصیرت رکھنے والی پارٹیاں اپنے اندر اتحاد کو قائم رکھنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو جہاں بدمعاش، ظالم، فرقہ پرور، بدعنوان اور دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والی حکومت عبرت کا نشان بن سکتی ہے وہاں گلگت بلتستان جیسے 67 سالوں سے حقوق سے محروم عوام کو حقوق بھی مل سکتے ہیں اور پاکستان استحکام و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

 

میڈیا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہیں کہ جہاں ایک طرف وہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے قربانی کی باتیں کرتے ہیں لیکن دوسری طرف جب گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو وہ حواس باختہ ہو جاتے ہیں اور اسے مسئلہ کشمیر کے خلاف سازش قرار دیتے ہیں۔ ہم وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالحمید تک میڈیا کے توسط سے یہ پیغام دینا چاہیں گے کہ گلگت بلتستان کی عوامی امنگوں کے خلاف انہوں نے بیان دے کر یہاں کے لاکھوں عوام کا دل دکھایا اور امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے ہمسایہ خطے کی عوامی امنگوں کا پاس رکھتے ہوئے آئندہ ایسی گفتگو سے گریز کریں گے جس سے گلگت بلتستان کی عوام مزید محرومی میں رہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر صوبوں کے سربراہان گلگت بلتستان کے حقوق سے محروم غریب باسیوں کو انکے حقوق دلانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ میڈیا کے ذریعے میں ہم واضح کر دینا چاہیں گے کہ ہم تو وہ ہیں جنہوں نے سینکڑوں شہداء دے کر بغیر کسی پاکستان آرمی کی مدد کے اس خطے کو آزاد کرایا اور طشت میں سجا کر فخر کے کیساتھ بلامشروط پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے پیش کیا۔ پاکستان سے الحاق کا مقصد اسلامی نظریات کی بنیاد پر ہے اور ہم اقبال کا پاکستان دیکھنا چاہیں گے۔

 

پریس بریفنگ کے دوران انہوں  نے کہا کہ موجودہ حکومت دراصل ان نظریہ فکر رکھنے والوں کی سیاسی ونگ ہے اور انکی سرپرستی میں  مصروف ہے جنہوں  نے وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام کی راہ پر گامزن کیا، پاکستان آرمی کے اہم اور حساس اداروں  پر حملے کیے، دنیا میں  پاکستان کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچایا۔ اس حکومت کو جو طالبان اور دیگر دہشت گرد جماعتوں  کی پشت پناہی کو عبادت سمجھ کر انجام دیتی ہو اور نرم گوشہ رکھتی ہوں انہیں  کوئی حق نہیں  کہ مزید حکومت کریں۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی غیور فوج نے موجودہ وفاقی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر ملکی استحکام کی خاطر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ ہم پاکستان آرمی کی جانب سے جاری آپریشن کو ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر سمجھتے ہیں اور انکی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ملک بھر کی طرح  بلتستان میں بھی انقلابی مارچ کی کامیابی اور موجودہ ظالم، طالبان نواز، دہشت گردوں اور ملک دشمن طالبان کی پشت پناہ حکومت کو وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں اور انکی برطرفی کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی اور مرکزی قائدین کے احکامات کی روشنی میں پریس کانفرنسز، احتجاجی ریلیوں  اور دھرنوں  کا اعلان کرے گی۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں  کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت میں  کبھی یہ جرات نہیں  ہوئی ہے کہ بسوں  سے نہتے مسافرین کو اتار اتار کر گولیوں  سے چھلنی کرنے والے، پاکستان کی سکیورٹی اداروں  پر حملے کرنے والے اور مسلمانوں  کے درمیان تفرقہ پھیلانے والے دہشت گردوں  پر دہشت گردی ایکٹ نافذ کرے بلکہ اس کے برعکس مسجد اور علم پاک کو شہید کرنے سے روکنے والے بے گناہ جوانوں  پر اے ٹی اے نافذ کرکے اپنی پہچان دنیا کے سامنے واضح کر دی۔  یہ ریاست اسلام کی ریاست ہے کسی خالصہ سرکار، ہندو پنڈت یا سکھ یاتری کی نہیں، عوام اپنی زمینوں  پر جہاں  چاہیں مسجد بنا سکتے ہیں، چاہے اس مسجد کی تعمیر سے کسی کے ناجائز تجاوزات کی راہ میں  رکاوٹ ہو یا نہ ہو اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں  نہیں  روک سکتی۔ ہم نے روز اول سے کوشش کی کہ اسکردو مسجد کا معاملہ مذاکرات اور نرم انداز سے حل ہوجائے لیکن صوبائی شاہی حکومت اپنی گنتی کے چند روز اور اقتدار کے سہارے اپنے عزیزوں  کو نوازنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور مسجد کو منہدم کرکے دم لینے کی خواہاں  ہے، تاکہ وہاں  تجاوزات تعمیر کرسکے۔ اگر گلگت  بلتستان حکومت نے فوری طوری پر اس مسئلے کو حل نہیں  کیا اور گرفتار ہونیوالے بے گناہوں  کو رہا نہ کیا تو پاکستان کے کونے کونے اور دنیا کے مختلف مقامات میں  بھی اسکردو انتظامیہ اور گلگت  بلتستان حکومت کی اس شرمناک سیاہ کاری کو منظر عام پر لایا جائے گا، جس نے بابری مسجد کی یاد تازہ کی تھی۔ اگر گلگت بلتستان حکومت نے ہوش کے ناخون نہ لیے تو ہم پاکستان بھر میں اسے  ایسے ذلیل و رسواء کریں  گے کہ انہیں  منہ چھپانے کو جگہ نہیں  ملے گی۔

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردوں کا گوریلا حملہ نواز لیگ کی دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے، دوستانہ سلوک کا نتیجہ اور دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کا تخفہ ہے۔ کراچی میں سکیورٹی پر مامور جوانوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مردانہ وار مقابلہ کرکے درجنوں جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ کب دہشت گردوں، اسلام اور پاکستان دشمنوں کے ساتھ دوستانہ سلوک ترک کرکے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی اور انہیں تختہ دار پر لٹکائے گی۔ نواز حکومت کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے مزید کتنے شہریوں اور سکیورٹی اداروں کے جوانوں کی لاشوں کی ضرورت ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ آج کراچی کے ساحل سے گوادر کے کنارے تک بے گناہوں کے خون کا دریا بہایا جا رہا ہے۔ ملک میں قاتل اور دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ کراچی ائیر پورٹ حادثے میں شہید ہونے والے سکیورٹی کے جوانان، تفتان میں شہید ہونے والے تین درجن کے قریب شہداء اور کراچی میں بے جرم و خطا شہید ہونے والے اسکردو سے تعلق رکھنے والے عالم دین کے فرزندان کی موت ظالم حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، جنہوں نے دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ آغا علی رضوی کا کہنا تھا کہ حکمران شہداء کو خراج تحسین پیش کرکے، میڈیا پر بیانات داغ کر اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولت دے کر اپنے چہرے پر پڑے بے گناہوں کے خون کے دھبے نہیں دھو سکتے۔ اگر حکومت مخلص ہے تو ان عظیم شہداء کے قاتلوں اور ان سے مربوط افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون نے اپنے ایک ہی سال میں اپنی حقیقت واضح کر دی اور اپنی گڈگورننس کی قلعی کھول کے رکھ دی، اگر اس حکومت میں شہری محفوظ نہ رہے اور دہشت گردی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو شہریوں کے لیے کچھ اور ہی سوچنا ہوگا۔

وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان کے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں یوم شہداء پاکستان کی مناسبت سے ایک اہم تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں سانحہ گیاری، کرگل وار اور پاکستان آرمی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا مانگی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ اگر ہم آج آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں تو یہ شہداء کے خون کی برکات ہیں۔ روز اول سے ہی دنیا بھر کی شیطانی طاقتوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جسے اس ملک کے محافظین نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر کامیاب ہونے نہیں دیا۔ اسوقت وطن عزیز پاکستان کی سرحدوں کی محافظ، پاکستان آرمی کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے۔ پاکستان آرمی وطن عزیز کی آخری امید اور سہارا ہے اس پر حملہ گویا پاکستان پر حملے کے مترادف اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی ہی تو ہے جو اس سرزمین کی حفاظت کرتی رہی ہے اور اس سلسلے میں ہزاروں شہداء دیئے۔ آج بھی اگر ملک دشمن طاقتوں سے کوئی ادارہ برسر پیکار ہے تو وہ پاکستان آرمی ہے۔ پاکستان آرمی اسوقت اندرونی اور بیرونی مشکلات سے دوچار ہے۔ دہشت گردوں، لٹیروں، ملک دشمنوں اور غیر ملکی ایجنٹوں نے پاکستان آرمی کو کمزور کرنے، اسکے تشخص ختم کرنے کی ٹھانی ہے جس کے خلاف ہر محب وطن پاکستانی اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ ملک کے اندر سے ہی ان پر الزام تراشی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ گلگت بلتستان کی باشعور اور غیور عوام پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Page 3 of 4

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree