وحدت نیوز (کراچی) گذشتہ ایک ہفتے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف جاری سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال سے اظہار یکجہتی کیلئے ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر کے تحت اسٹارگیٹ کراچی پر امن احتجاجی مظاہرہ اور اور شہداء کی یاد میں چراغاں کیا گیا، اس موقع خواتین ،مرد اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر شیعہ نسل کشی کے خلاف اور علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حق میں نعرے درج تھے، مقررین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما سید علی حسین نقوی ،مولانا نشان حیدر ،آصف صفوی اور سید احسن عباس رضوی نے کہا کہ حکمرانوں کے کیلئے شرم کامقام ہے کہ پاکستان کی ایک بڑی سیاسی ومذہبی جماعت کا سربراہ اپنی قوم کے اکابرین کے قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کاروائی اور اہل خانہ کو انصاف دلوانے کیلئے ایک ہفتے سے بھوک ہڑتال پر بیٹھا ہوا ہے، ریاستی اداروں کی نااہلی کا عالم یہ ہے کہ وہ کسی بڑے حادثے یا ملک گیر احتجاجی تحریک کے انتظار میں بیٹھے ہیں اور علامہ راجہ ناصرعباس کے 10جائز مطالبات کی منظوری میں لیت ولعل کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔

مقررین نے کہا کہ ملت تشیع نے ہمیشہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا 23ہزار سے زائد پیاروں کے جنازے اٹھانے کے باوجود کسی ملک دشمن قوت کے آلۂ کار نہیں بنے اس کے باوجود ریاستی ادارے ہمیں انصاف فراہم کرنے سے قاصر ہیں ، وفاقی ، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کی حکومت مسلسل ہماری نسل کشی پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، پاراچنار میں ایف سی اہلکاروں نے نہتے شہریوں پر گالیاں چلائیں جو کہ نواسہ رسول ﷺ کی ولادت کے جشن میں مصروف تھے، ڈیرہ اسماعیل خان ملت تشیع کی مقتل گاہ بنا ہوا ہے لیکن میاں نواز شریف اور عمران خان صاحب کو اقتدار کی رسہ کشی کی فرصت نہیں ،ایم ڈبلیوایم رہنماؤں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ ملت جعفریہ کاحکمرانوں سے اعتبار اٹھ چکا ہے اور وہ شیعہ قتل عام پرانصاف کے حصول کیلئے ان کی جانب دیکھ رہی ہے ، ہمارے قائد ضعیفی، ناتوانی اور بیماری کی حالت میں انصاف کے حصول کیلئے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں لیکن کسی ریاستی ادارے کو یہ توفیق نہیں کہ وہ ان کی شکایت سن سکے ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر مرکزی نماز جمعہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ والی جگہ پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اقتدا میں ادا کی جائے گی۔ ملت تشیع کی نسل کشی اور ریاستی جبر کےخلاف اس احتجاج کی حمایت میں امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو اور جامع الصادق کراچی کمپنی کے منتظمین نے بھی پریس کلب کے سامنے نماز جمعہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس میں راولپنڈی اسلام آباد سے ملت تشیع کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔ نماز میں شرکت کرنے کے لیے راولپنڈی کی بیشتر شیعہ تنظیمیں ریلی کی شکل میں احتجاجی کیمپ میں پہنچے گی۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں حکمرانوں کی بےحسی کے خلاف ’’یوم احتجاج‘‘ منایا جائے گا جس میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ شیعہ قوم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کی راہ اختیار کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ایک باشعور اور محب وطن قوم ہیں۔

مرکزی سیکریٹریٹ میں میڈیا سے خصوصی گفتگو میں علامہ حسن ظفرنقوی کا کہنا تھا کہ حکومت کی روایتی بےحسی اس امر کی بین دلیل ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ ملت تشیع کی نمائندہ سیاسی و مذہبی جماعت کے مرکزی قائد سات روز سے بھوک ہرتال پر ہیں لیکن حکومت کے کسی ذمہ دار میں یہ اخلاقی جرات نہیں کہ وہ آ کر علامہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی نماز کا اجتماع شیعہ قوت کا عملی مظاہرہ ثابت ہو گا۔ وہ دشمن طاقتیں جو قوم کو منتشر دیکھنا چاہتی ہیں آج ان کے خواب چکنا چور ہو جائیں گے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے شیعہ قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام تنظیمی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر جمعہ کی نماز میں شرکت کے لیے احتجاجی کیمپ پہنچے۔ یہ موجودہ حالات کا تقاضہ بھی ہے اور شرعی فریضہ بھی۔ وحدت و اخوت کے ہتھیار سے حکومتی سازشوں کو ناکام بنانے کا وقت آ پہنچا ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں سے جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف آج ملک کے ہر فرد کو آواز بلند کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا جس شخص کے دل میں قوم کا درد موجود ہے آج وہ گھر نہیں بیٹھے گا۔

وحدت نیوز (لاہور) لاہور ہائی کورٹ کے وکلاء برادری نے مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات اور موقف کی مکمل حمایت کر دی،پریس کلب لاہور کے سامنے لگائے مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں اظہار یکجہتی کے لئے سید سجاد حیدر ایڈوکیٹ،سعید قادری ایڈوکیٹ،کی قیادت میں تفسیر حیدر کاظمی ایڈوکیٹ،زاہد عباس شیرازی ایڈوکیٹ،میاں شاہد ایڈوکیٹ،سید زاہد حسن ہمدانی ایدوکیٹ،سید افتخار حیدر کاظمی نے کیمپ کا دورہ کیا،سید سجاد حیدر ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ مظلومین کی حمایت اور ان کو انصاف دلانے کے لئے وکلاء برادری مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ہیں،ملک میں جاری ایک مکتب فکر کی نسل کشی میں حکمرانوں اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی المیہ سے کم نہیں،ہم وکلاء برادری انصاف کے حصول کے لئے اس جدوجہد میں آپ کیساتھ ہیں،مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں علامہ مبارک موسوی ،علامہ حسن ہمدانی و رائے ناصر علی نے وکلاء برادری کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے انصاف کے حصول کے بغیر ہم گھروں کو نہیں جائیں گے،علامہ مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ظالم کیخلاف کھبی سر خم نہیں کیا اور انشاللہ ہم اپنے ہزاروں شہداء کے وارثوں کو انصاف ملنے اور مطالبات کی منظوری تک سڑکوں پر رہیں گے،انہوں نے کہا کہ ہمارے احتجاج کا دائرہ وسیع ہوتا جارہاہے پنجاب بھر کے اضلاع میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگنا شروع ہوگئے ہیں اسی طرح سندھ،بلوچستان،گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بھی یہ سلسلہ شروع ہوچکا ہے ،ہم اپنے قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم کے انتظار میں ہیں بعید نہیں کہ مطالبات کی عدم منظوری میں یہ احتجاجی تحریک دنیا بھر میں پھیل جائے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے زیراہتمام ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ دوسرے روز سے جاری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وفد کی شرکت، مسیحی برادری کی جانب سے بشپ آف ملتان کے نمائندے پادری نعیم کی شرکت، مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کی حمایت، بھوک ہڑتالی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سید دلاور عباس زیدی،جام اطہرحیات،سید علی رضا بخاری اور دیگر رہنما موجود۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ملک کے حکمران بے حس ہو چکے ہیں۔انہیں عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں رہا۔ نوازشریف اپنی وزارت عظمی بچانے جبکہ عمران خان وزارت عظمی کے حصول کے لیے بے قرار و بے چین ہیں۔ ملت تشیع کے چیدہ چیدہ افراد کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے لیکن کسی طرف سے ہمدردی کا ایک بول سننے کا نہیں بولتا۔ ہماری ملت کا ایک ایک فرد ہمارا قیمتی سرمایہ ہے۔ ہم اس سرمایے کی یوں بے توقیری نہیں ہونے دیں گے۔ہمارا خون اتنا ارزاں نہیں ہے کہ جو چاہے جب چاہے بہا کر چلا جائے۔علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ چار دن سے ہمارے علمائے کرام بھوک ہڑتال کر کے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کسی وفد نے جانا گوارا نہیں کیا۔ اگر حکومت نے اسی طرح ہٹ دھرمی کا اظہار جاری رکھا تو ہم پاکستان سمیت دنیابھر میں بھوک ہڑتال کی کال دیں گے۔ اس موقع پر اُنہوں نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ ہمارے خلاف ہونے والے نسل کشی کا نوٹس لیں، ہمیں ملک میں پاک فوج کی حمایت کی سزا دی جارہی ہے۔ آرمی چیف سے قوم کی توقعات وابستہ ہیں اگر آرمی چیف نے بھی ملک میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف کوئی کردار ادا نہ کیا تو پوری دنیا میں پاک فوج کا کردار متاثر ہوگا۔جس طرح کراچی میں ایف سی حراست میں جاں بحق ایم کیو ایم کے رہنما کی موت کی تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا ہے اسی طرح پاراچنا رمیں بھی ایف سی کی کاروائیوں میں شہید ہونے والے شیعہ مسلمانوں کی قتل کی تحقیقات کا حکم جاری کیا جائے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ ن لیگ کی سرپرستی میں دہشتگردوں کو ہمارے خلاف کاروائیوں کا فری ہینڈ دیا گیا ہے۔ ہم پنجاب حکومت کو بھی متنبہ کرتے ہیں کہ ہمارے کارکنوں کے خلاف پنجاب میں بے بنیاد مقدمے بنائے جارہے ہیں اور اُنہیں شیعہ ہونے کی سزاء دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری 4دن سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھوک ہڑتال کررکھی ہے اور ملتان میں بھی دو روز سے علامتی بھوک ہڑتال کی جارہی ہے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ملک بھر میں مختلف دہشتگردانہ کاروائیوں سے شیعہ مومنین کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ وطن عزیز میں نسل کشی کے اس سلسلے کو آگے بڑھنے سے روکنا ہوگا، ہم متحد ہیں اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہیں۔ ہم ایک شخص کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل عام سمجھتے ہیں اور جو افراد اس قتل عام میں ملوث ہیں انہیں بخشنا یا ان کے سامنے خاموشی اختیار کرنا، ملک و آئین کے توہین کے مترادف سمجھتے ہیں۔عوام مزید ظلم و ستم برداشت نہیں کرنے والے حکومت کو اقدامات اٹھانے ہونگے۔ بیان میں کہا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قیادت نے ملک کے اندر جاری ظلم و ستم، بربریت، لاقانونیت اور قتل و غارت گری کے خلاف احتجاج شروع کردی ہے، وہ گزشتہ کئی دنوں سے بھوک ہڑتال کے ذریعے قومی پلیٹ فارم پر اپنا احتجاج رکارڈ کروا رہے ہیں اور پورے پاکستان سے مجلس وحدت مسلمین کے مختلف علاقائی نمائندوں نے بھی مرکزی قیادت کی حمایت ظاہر کرنے کیلئے بھوک ہڑتال کیمپیں لگوائے ہیں، ٹھیک اسی طرح کوئٹہ میں بھی علامتی بھوک ہڑتال کمپ لگایا گیا اور پارٹی کے ضلعی نمائندوں نے حکومت وقت کی خاموشی اور نااہلی کے خلاف اپنا احتجاج رکارڈ کروایا۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں شرکاء سے خطاب کے دوران کوئٹہ ڈویژن کے نمائندوں نے کہا کہ اس بات سے سب واقف ہیں کہ ہماری جماعت انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین مظلومین کی جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ مظلومین کے حق کیلئے آواز بلند کی ہے اور انہیں انکے حقوق دلانے کی کوششیں کی ہیں، قوم کو ہر میدان میں ہماری حاضری نظر آئے گی۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے رکن شوریٰ اعلی و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی ، صوبائی رکن اسمبلی (ایم پی اے) آغا رضا اور کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل عباس علی، ڈپٹی سیکریٹری شیخ ولایت حسین جعفری، سیکریٹری سیاسیات کامران حسین ہزارہ،سیکریٹری مالیات رشید طوری، سیکریٹری اسپورٹس ضیاء الدین، سیکریٹری روابط غلام حسین،سیکریٹری فلاح و بہبود امان اللہ اور سیکریٹری تعلیم حاجی عمران سمیت دیگر پارٹی ارکان نے شرکت کی اور انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں اور مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہمیشہ میدان میں رہے ہیں قوم کیلئے کام کیا ہے، اور ہم ان کے اقدامات میں انکا ساتھ دیں گے۔

وحدت نیوز (لندن/واشنگٹن /پرتگال/ مشیگن) شیعہ نسل کشی پر ریاستی وعسکری اداروں کی مجرمانہ خاموشی کےخلاف ایک ہفتے سے اسلام آبادمیں جاری مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں لندن اور واشنگٹن میں بھی احتجاجی اجتماعات کاآغاز ہو چکا ہے، گذشتہ روز لوٹن برطانیہ میں مجلس علمائے شیعہ یورپ کے سربراہ علامہ سید علی رضا رضوی نے سیکنٹروں پاکستانیوں کے ہمراہ پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، جبکہ واشنگٹن ڈائون ٹائون سیٹل میں علامہ سید عباس ایلیاءکی زیر قیادت سینکڑوں پاکستانی مرد، خواتین اور بچوں نے شہداء کی یاد اور علامہ راجہ ناصرعباس کی شیعہ نسل کشی کے خلاف جاری بھوک ہڑتال کی حمایت میں چراغاں کیا ۔اس موقع پر معروف انقلابی نوحہ خواں سید علی صفدررضوی بھی موجود تھے، لوٹن میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید علی رضا رضوی نے کہا کہ پاکستان اہل تشیع کی مقتل گاہ بنا ہوا ہے، ریاستی ادارے شیعہ نسل کشی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، انصاف کے حصول کیلئے بزرگ علماءکو بھوک ہڑتال کا سہارا لینا پڑرہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ فل فورایک ہفتے سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ راجہ ناصرعباس سے ملاقات کریں اور ان کے مطالبات کی منظوری کا اعلان کریں، وگرنہ لندن میں مقیم اہل تشیع پاکستانی سفارت خانے کے سامنے غیر معینہ مدت تک کے لئے دھرنادینے پر مجبور ہونگے۔ علاوہ ازیں پرتگال میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستانی ایمبیسٹر سے ملاقات کی اور پاکستان میں جاری بے گناہ شیعہ پاکستانیوں کی ٹارگٹ کلنگز اور موجودہ حکومت کی بے حسی پر شدید غم و غصہ اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا وفد نے پاکستانی سفیر کےذریعے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ہفتےسے پر امن بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کرکے تمام مطالبات کو فی الفور منظور کرے وگرنہ دنیا بھر میں موجود محب وطن پاکستانی کمیونٹی پاکستانی ایمبیسز کے باہر دھرنا دے گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree