وحدت نیوز(اصفہان) ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان، حالیہ دورے پر ایران تشریف لے گئے ہیں۔ اس موقع پر 30 ممالک کی نمایاں علمی، سیاسی اور ثقافتی شخصیات، بشمول مسلم و غیر مسلم دانشوروں، نے مختلف کانفرنسوں میں مشرقی تمدن، ثقافت اور عالمی سیاسی صورت حال پر اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے۔ ڈاکٹر ناصر عباس شیرازی نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خطہ مشرق وسطیٰ کے موجودہ چیلنجز اور امکانات پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔
دورے کے دوران مجلس وحدت مسلمین ایران کے شعبہ اصفہان کے صدر حجت الاسلام سید محسن نقوی اور نائب صدر سید اسرار عباس نقوی نے ڈاکٹر ناصر عباس شیرازی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر مہمان کی اصفہان آمد پر خیرمقدم کیا گیا اور تنظیمی امور کے حوالے سے گہرا تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے اختتام پر مہمان کو اصفہان کی ثقافتی سوغات بطور یادگار پیش کی گئی۔