Print this page

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر بھارتی مظالم کے خلاف ایم ڈبلیوایم ملتان کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی کا انعقاد

27 مئی 2022

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان نےکشمیری حریت رہنما یاسین ملک سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی عدالت کے متصبانہ فیصلے کے خلاف جمعہ کے روز مرکزی امام بارگاہ ابو الفضل العباس سے چوک کمہاراں والا تک احتجاجی ریلی نکالی۔ شرکاء نے بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے یاسین ملک کی سزا کے خلاف سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرانے کا مطالبہ کیا۔

 احتجاج سے خطاب کرے ہوئے رہنما ایم ڈبلیو ایم رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے لیے بھارت کے ریاستی ادارے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔عدالت نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے یاسین ملک کو سزا سنا کر عدل و انصاف کے تقاضوں کی بدترین پامالی کی ہے۔ ریاستی جبر کشمیری قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتا۔

سلیم عباس صدیقی نے احتجاج سے خطاب میں کہا کہ یاسین ملک پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث اور معاونت کے بھارتی الزام کو سختی سےمسترد کرتے ہیں۔بھارت حریت پسندوں کے خلاف خودساختہ پروپیگنڈے کو بند کرے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خلاف آواز اٹھانے کی سزا دی جا رہی ہے۔ہندوستان کے ریاستی ادارے کشمیریوں کی تحریک جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے ظلم و بربریت کی روح فرسا داستانیں رقم کر رہے ہیں۔کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا سکوت افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا یاسین ملک ایک حریت رہنما ہیں ان کی رہائی کے لیے مسلم حکمرانوں کو بھارت پر زور دینا ہو گا۔کشمیر کی آزادی تحریک پاکستان کا حصہ ہے۔اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نظریہ پاکستان سے غداری تصور کیا جائے گا۔انہوں نے مسلم ممالک سے یاسین ملک کی رہائی کے لیے سفارتی کوششیں کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ریلی سے مولانا غلام جعفر انصاری،محمد رضا مومن، مظہر کات اور دیگر نے خطاب کیا۔ ریلی کے اختتام پر بھارتی پرچم نذر آتش کیا گیا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree