Print this page

ملتان، تحفظ مزارات اولیاء اللہ کانفرنس کی تیاریاں، دعوت نامے اور ملاقاتیں جاری

23 مارچ 2017

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام 26 مارچ کو ملتان میں ہونے والی ''تحفظ مزارات اولیاء اللہ کانفرنس'' کی تیاریاں جاری ہیں، کانفرنس کی دعوت کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کے وفود مختلف سجادہ نشین اور گدی نشینوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے کبیروالا، عبدالحکیم، تلمبہ، قتالپور، چک نورنگ شاہ، شہر سلطان، اوچ شریف، شاہ جمال کا دورہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفود میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، ثقلین نقوی، وسیم عباس زیدی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی اور دیگر شریک تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما محمد عباس صدیقی نے دربار عبدالحکیم کے سجادہ نشین میاں عبدالخالق سے ملاقات کی اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، بعدازاں بغداد شریف میں سجادہ نشین مخدوم سید حسن جواد گیلانی سے ملاقات کی اور دربار شاہ شمس پر منعقد ہونے والی کانفرنس کی دعوت دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں اولیاء اللہ کے مزارات دشمن کی آنکھ کا کانٹا ہیں، اسلام دشمن قوتوں نے پہلے شام اور عراق میں صحابہ کرام کے مزارات پر حملے کئے اور اب پاکستان میں اولیاء اللہ کے مزارات اُن کے نشانے پر ہیں، اُنہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد موجودہ ملکی صورتحال میں اتحاد و وحدت کی فضاء کو ہموار کرنا ہے، مجلس وحدت مسلمین قومی اور ملی مفاد کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ اُنہوں نے بنوں کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شائع خاکروب کے اشتہار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بنوں میں جمعیت علمائے اسلام کی حکومت ہے، مولانا فضل الرحمان کو فوری اس پر ایکشن لینا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صرف مذمت ناقابل قبول ہے، اس حوالے سے عملی اقدام کی ضرورت ہے، اُنہوں نے کہا کہ حکومت ملکی تحفظ اور سلامتی کے لئے سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے، جنوبی پنجاب میں دہشتگردی کی بیخ کنی سے ملک مستحکم ہوگا۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree